اسلام آباد(مانیٹرنگ ) چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے ججوں سمیت سرکاری افسروں کی لگژری گاڑیوں کے خلاف از خود نوٹس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیئے ہیں کہ اگر میں نے اپنے ادارے کو صاف نہ کیا تو دوسروں کے متعلق کیسے اقدامات اٹھا سکتا ہوں؟ سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں عدالت عظمیٰ کے فاضل بنچ نے سرکاری افسروں اور ججوں کی لگژری گاڑیوں کیخلاف از خود نوٹس کی سماعت کی۔ دوران سماعت چیف جسٹس پاکستان نے چیف سیکرٹری پنجاب سے استفسار کیا کہ سرکاری ملازمین کو گاڑیاں دینے کا فیصلہ کون کرتا ہے، کیا چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو بھی کوئی گاڑی دی جا رہی ہے؟ ہائیکورٹ کے 2 سے 3 ججوں کو بلٹ پروف گاڑیاں دی گئی ہیں، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی گاڑی کو بلٹ پروف بھی کروایا جا رہا ہے؟ چیف جسٹس کے استفسار پر چیف سیکرٹری نے بتایاکہ مختلف اداروں کے پاس لگژری گاڑیاں موجود ہیں، سرکاری افسران کو گاڑیاں دینے کا فیصلہ متعلقہ بورڈ کرتا ہے، ہائیکورٹ کے 2 سے 3 ججوں کو بلٹ پروف گاڑیاں دی گئی ہیں، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی گاڑی کو بلٹ پروف بھی کروایا جا رہا ہے۔ جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے کہ اگر میں نے اپنے ادارے کو صاف نہ کیا تو دوسروں کے متعلق کیسے اقدامات اٹھا سکتا ہوں، پاکستان بھر میں کتنے سرکاری افسران کے پاس لینڈ کروزر ہیں تفصیلات پیش کی جائیں۔ قبل ازیں چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار لاہور میں مینٹل ہسپتال پہنچ گئے جہاں انہوں نے مریضوں کو فراہم کی جانےوالی سہولیات کا جائزہ لیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق چیف جسٹس پاکستانلاہور میں پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہسپتال کا دورہ کرنے پہنچ گئے، اپنے دورے کے دوران چیف جسٹس نے ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے مریضوں کو فراہم کی جانے والی ادویات و سہولیات کا جائزہ لیا اور مریضوں کی عیادت بھی کی۔ چیف جسٹس نے گزشتہ ہفتے مینٹل ہسپتال میں خالی اسامیوں اور بدانتظامی پر ازخود نوٹس لیا تھا، جسٹس ثاقب نثار نے ہسپتال انتظامیہ اور محکمہ صحت سے جواب طلب کر رکھا ہے۔ چیف جسٹس پاکستان نے اپنے دورے کے دوران ہسپتال انتظامیہ سے کہا مجھے اپنے وارڈز کا دورہ کروائیں اور میڈیکل سٹور بھی چیک کروائیں، اس کے علاوہ انہوں نے ہسپتال کے کچن کا بھی معائنہ کیا، ہسپتال میں موجود سہولیات کا جائزہ لینے اور ادویات کی عدم فراہمی پر چیف جسٹس نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ہسپتال کی صورتحال زیادہ اچھی نہیں ہے۔ انہوں نے ہسپتال میں سہولیات کے حوالے سے صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق سے بریفنگ بھی لی۔ چیف جسٹس نے کہا سلمان رفیق صاحب بتائیں مفت ادویات کیسے ملیں گی جہاں جاتاہوں یہی مسئلہ سن رہا ہوں۔ چیف جسٹس نے ہسپتال میں مردانہ وارڈ کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ اس وارڈ کی صورتحال انتہائی خراب ہے نہ چھتیں ٹھیک ہیں، نہ دیواریں۔ یہ کام کس نے کرنے ہیں کیا کوئی باہر سے آکر کرے گا، واش رومز کی حالت بھی اچھی نہیں ہے، مریضوں کے ساتھ کیا سلوک کیا جارہا ہے، جس پر سیکرٹری صحت نے کہا سر یہ عمارت دوبارہ بننے والی ہے۔ چیف جسٹس نے مینٹل ہسپتال میں کئی سال سے زیر علاج بھارتی خاتون اجمیرہ کی موجودگی کا نوٹس لیتے ہوئے کہا یہ خاتون یہاں کیا کر رہی ہے بھارتی ایمبیسی سے رابطہ کر کے اسے واپس بھجوائیں۔ چیف جسٹس نے ایم ایس سے گفتگو کرتے ہوئے نہایت برہمی کااظہار کرتے ہوئے کہا اب تک کے ہسپتال کے دوروں کے دوران سب سے بری حالت مینٹل ہسپتال کی ہے۔ انہوں نے ایم ایس اور مینٹل ہسپتال کے ڈاکٹرز کو ریکارڈ سمیت سپریم کورٹ رجسٹری پہنچنے کی ہدایت کردی۔
سرکاری افسران کی لگژری لائف ختم،سپریم کورٹ نے نوٹس لے لیا،حکم نامہ جاری۔
More Stories
1971 کی جنگ نے خطہ لداخ کی محبت سے کی ہوئی شادی شدہ جوڑے کو کس طرح جدا کردیا درد ناک کہانی
خطہ بلتستان لداخ بارڈر پر پاک بھارت کے فوجی ایک دوسرے سے سگریٹ ڈرائی فروٹ کا تبادلہ کرتے ہیں مگر بچھڑے ہوئے خاُندانوں کو ملنے کیلئے لداخ سکردو روڈ آخر کیوں نہیں کھول رہا؟
عوامی ایکشن کمیٹی دو گروپوں میں تقسیم کے بعد ایک گروپ نے غذر روڑ بند کرنے کا اعلان کردیا اور غذر کے عوام کا بڑا بیان سامنے اگیا