یہ مئی 2016 کی بات ہے کہ کچھ سوشل ورکرز پروفیسر حسن شاد کی سربراہی میں ایک چندہ مہم چلا رہے تھے اور خوش قسمتی سے مجھے بھی اس مہم میں بحیثیت ورکر شامل ہونے کا موقع ملا تھا۔ ہمیں ایک لاکھ روپے جمع کرنے تھے ،یہ رقم سندھ سے تعلق رکھنے والے ہمت علی چانڈیو کو دینی تھی جو اُن دنوں ڈسٹرکٹ جیل سکردو میں قید تھا اور ساتھ ہی ایک مہلک بیماری نے بھی اس پر حملہ کر دیا تھا ۔ ۔ ۔چانڈیو نے چندہ کی رقم ایک مقامی ہوٹل مالک کو دینی تھی جس سے اُس نے کچھ عرصہ قبل قرض لیا تھا۔ ۔ ۔ بروقت قرض نہ لوٹانے کی وجہ سے ہوٹل مالک نے چانڈیو کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی تھی جس پر عدالتی کاروائی جاری تھی اور حالات بتا رہے تھے کہ چانڈیو کو سزا ہو جائے گی کیونکہ وہ رقم لوٹانے کی پوزیشن میں نہیں تھا۔ ۔ ۔ عدالت میں مذکورہ کیس کی سماعت 24 مئی کو ہونی تھی ، ہماری کوشش تھی کہ سماعت سے ایک روز قبل مطلوبہ رقم ہوٹل مالک کو دیکر فریقین میں بیرون عدالت صلح کرا دی جائے تاکہ پردیس میں قید لاچار شخص اپنے گھر کی راہ لے سکے ۔ ۔ ۔ ہمارے پاس صرف 2 دن تھے چنانچہ ہم نے دن رات کر کے چندہ جمع کرنا شروع کیا مگر ۔ ۔ ۔ ۔ 23 مئی کو جب ہم سب اکھٹے ہوئے اور جمع شدہ پیسے گنے تو مایوسی ہوئی کہ ہم مطلوبہ رقم کا نصف ہی جمع کر سکے تھے یعنی 50 ہزار روپے اب بھی کم تھے ۔ ۔ ۔ ہم لاچاری میں ایک دوسرے کی طرف دیکھ رہے تھے اتنے میں میرا موبائل بجنے لگا ۔ ۔ ۔ میں نے کال اٹینڈ کی، ایک بارعب آواز گونجی “ذیشان ! لائن پہ رہیئے برگیڈیئر صاحب آپ سے بات کرینگے۔” ۔ ۔ ذرا دیر بعد نہایت نرم لہجے میں کوئی گویا ہوئے “چانڈیو کےلیے آپ کی چندہ مہم کہاں پہنچی ہے؟ ” میں نے تازہ صورت حال سے آگاہ کیا تو کہنے لگے “میں بھی اس مہم میں حصہ ڈالنا چاہتا ہوں، کیا آپ ابھی میرے دفتر آسکتے ہیں؟” میں نے اثبات میں جواب دیا ۔ ۔ فون بند کر کے دوستوں کو بتایا کہ برگیڈیئر صاحب مہم میں حصہ ڈالنا چاہتے ہیں ، آپ لوگ اجازت دیتے ہیں تو میں ابھی ان کی طرف جاؤنگا” ۔ ۔ سب کی طرف سے اجازت ملی اور میں اٹھ کھڑا ہوا ۔ ۔ ۔
میں برگیڈیئر احسان محمود خان صاحب سے پہلی بار مل رہا تھا ، اندازہ نہ تھا کہ کیسے آدمی ہیں تاہم ان کے لہجے میں موجود میٹھاس نے میرے ذہن پر اچھا اثر ڈالا تھا ۔ ۔ ۔ دفتر کے عملہ کو پہلے ہی میری آمد کا بتایا گیا تھا، مجھے عزت کے ساتھ صاحب کے دفتر تک پہنچایا گیا۔ ۔ ۔ حال احوال پوچھنے کے بعد کسی آفیسر کو بلایا اور کہا کہ “وہ تحفہ لیکر آؤ” ۔ ۔ چند لمحوں کے اندر آفیسر واپس آئے اور ایک لفافہ برگیڈیئر صاحب کو دیا ، انہوں نے میری بڑھاتے ہوئے کہا “آپ لوگ بہت نیک کام کر رہے ہیں، اس میں میری طرف سے یہ چھوٹا سا حصہ شامل کریں” ۔ ۔ اسی دوران چائے آگئی ۔ ۔ ۔ پھر میں شکریہ ادا کر کے نکل پڑا ۔ ۔ ۔ مجھے اندازہ نہ تھا کہ کتنی رقم دی گئی ہے ، واپس پہنچ کر لفافہ دوستوں کے سامنے رکھا، ایک دوست نے لفافہ کھولا اور رقم گننے لگا ۔ ۔ ۔ ۔ جب پوری رقم گن لی گئی تو اس کا چہرہ کھل اٹھا اور کہا “اس میں پورے 50 ہزار روپے ہیں، مطلب ہماری مہم کامیاب ہو گئی ، مبارک ہو ❤️” ۔ ۔ ۔ دیگر احباب کے چہروں پر بھی مسکراہٹ پھیل گئی ۔ ۔ اگلے روز ہم نے جیل کے گیٹ پر چانڈیو کا استقبال کیا اور پھر اسے سندھ روانہ کر دیا ۔ ۔ ۔ !
اس کے بعد ہر دفعہ کسی ضرورت مند کو دیکھتے تو برگیڈیئر صاحب کا جال ضرور آتا اور ہر دفعہ ان کی طرف سے بھرپور مدد ملتی ۔ ۔ ۔ پھر خدا نے ان کو ترقی دی وہ میجر جرنیل بن گئے ۔ ۔ اور پھر بڑے عہدے پر بھی فائز ہو گئے یعنی فورس کمانڈر ایف سی این اے تعینات کر دئیے گئے ۔ ۔ ۔ ان کی ذمہ داریاں بڑھ گئی تھیں لیکن رویہ میں ذرا بھی فرق نہ آیا بلکہ غریبوں کی اور زیادہ مدد کرنے لگے تھے ۔ ۔ ۔
پچھلے 4 سالوں کے دوران میرے جیسے عام آدمی کے علاؤہ دیگر سوشل ورکرز کی نشاہدہی پر جرنیل احسان محمود خان نے بے شمار ضرورت مندوں کی مدد کی ہے ۔ ۔ ۔
اب ان کا تبادلہ کسی اور شہر میں ہو گیا ہے ، چند دنوں میں وہ اس علاقے سے چلے جائیں گے مگر ۔ ۔ ۔ ہمیں یقین ہے کہ ہمارے دل سے کبھی نہ جا سکیں گے ۔ ۔ ❤️۔ احسان محمود خان صاحب آپ حقیقی سوشل ورکر ہیں ۔ ۔ ❤️خدا آپ کی توفیقات میں اضافہ کرے ۔ آمین
رہے گا ساتھ ترا پیار زندگی بن کر
یہ اور بات مری زندگی وفا نہ کرے (قتیل)
تحریر: ذیشان مہدی
More Stories
شاہراہ بلتستان ،شاہراہ قراقرم کی زبوں حالی اور سیاحت کا مستقبل۔
دیرینہ کارکنوں کی قربانیاں اور سیاسی جماعتیں
اقوام متحدہ میں گلگت بلتستان کا مقدمہ ہے یا نہیں ؟