بخدمت جناب راجہ شہباز خان صاحب ،چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان
جناب عالی !
بندہ احقر(عبدالجبارناصر)کی آپ سے 2 گزارشات توجہ کی طالب ہیں۔
محترم چیف الیکشن کمشنر صاحب!
گلگت بلتستان اسمبلی کے متوقع عام انتخابات 2020ء کے ضمن میں ووٹرز فہرستیں آپ نے نظرثانی کے لئے گلگت بلتستان میں آویزاں کردی ہیں۔ یہ عمل آپ نے یقیناً انتخابی اصلاحاتی ایکٹ 2017ء کے سیکشن 14 اور دیگر متعلقہ سیکشنز کے مطابق شروع کیا ہے ۔ آپ کا یہ عمل قابل تحسین ہے ، کیونکہ شفاف انتخاب کے لئے شفاف ووٹرز فہرست کی تیاری اولین شرط ہے ۔
محترم راجہ شہباز خان صاحب !
پہلی گزارش:جیساکہ آپ کو علم ہے کہ گلگت بلتستان کا ایک بڑا طبقہ پاکستان کے مختلف شہروں میں فکر معاش یا مستقل آباد ہے اور ایک اندازے کے مطابق مجموعی تعداد 3سے 4لاکھ افراد ہیں اور ان میں سے تقریباً ڈیڑھ لاکھ افراد ووٹرز ہیں ۔ ایک بڑی تعداد گلگت بلتستان کے متوقع انتخابی عمل میں بطور امیدوار یا ووٹر اپنا کردار ادا کرنا چاہتی ہے اور ایک بڑی تعداد کا ووٹ اپنے آبائی کی ووٹرز فہرست سے خارج کیا گیاہے یا اس میں تصحیح کی ضرورت ہے ۔ موجودہ صورتحال میں ان کے لئے یہ ممکن نہیں کہ وہ چند دوں میں اپنے آبائی علاقوں میں پہنچکر اپنے ووٹ کا اندراج یا تصحیح کرواسکیں ۔ جناب سے درخواست ہے کہ ان کے لئے آن لائن اندراج کا انتظام فرمائیں تاکہ ہزاروں افراد اپنے ووٹ کا حق استعمال کرسکیں ۔
دوسری گزارش: ووٹرز فہرست کی نظر ثانی کے دوران انتخابی اصلاحاتی ایکٹ 2017ء کے قاعدہ نمبر 31 کے مطابق تین فارم(فارم 15، فارم 16 اور فارم 17) استعمال ہونگے ۔
(1)فارم نمبر 15 انتخابی اصلاحاتی ایکٹ 2017ء کے سیکشن 27 کے مطابق ووٹر کا نام شامل کرنے کے لئے ہے ، جو تین صفحات پر مشتمل ہے۔
(2)فار م نمبر 16نام شامل کرنے پر اعتراض کے متعلق ہے اور فارم تین صفحات پر مشتمل ہے۔
(3) فارم نمبر 17 تصحیح کے لئے استعمال ہوگا ، یعنی فہرست میں ووٹرز کی معلومات سے متعلق کوئی بھی رد و بدل ۔ یہ فارم دو صفحات پر مشتمل ہے۔
ان تینوں فارموں کی قانونی کارروائی کے حوالے سے انتخابی اصلاحاتی ایکٹ 2017ء کے قاعدہ 34 کے مطابق فارموں میں مکمل معلومات درج ہیں۔ تینوں طرح کے درخواست کنندہ گان کے لئے ذاتی طور پر شریک ہونا ضروری ہے اور نظر ثانی کے لئے فہرستیں ووٹرز کی رسائی آسانی سے ممکن ہو، مگر اس بار جو فہرستیں آویزاں کی گئی ہیں ، ان مقامات تک عوام کی ایک بڑی تعداد کی رسائی انتہائی مشکل اور بعض کے لئے تو ناممکن ہے ۔ مثلاً میرا آبائی علاقہ ضلع استور کی تحصیل شونٹر نیابت منی مرگ ، علاقہ قمری گائوں ناصر آباد ہے ۔ بنیادی طور پر یہ تین وادیوں(قمری ، منی مرگ اور کلشئی ) کے 30 گائوں پر مشتمل ایک بڑی وادی ہے اور منی مرگ نیابت سے مختلف گائوں کا فاصلہ 4 سے 25 کلومیٹر تک ہے ۔ منی مرگ کے گائوں 8 کلومیٹر کے اندر، قمری کے گائوں 14 کلومیٹر کے اندر کلشئی کے گائوں 20 سے 25 کلومیٹر سے دور ہیں۔ اگر تینوں فارموں میں سے ایک بھی جمع کرنا ہو تو درخواست کنندہ کو کم سے کم ایک دن جمع اور ایک دن مزید کارروائی کے لئے منی مرگ اور قمری کے افراد کو درکار ہونگے اور کلشئی کے افراد کے لئے کم سے کم بھی چار دن چاہئے ۔ یہ ایک مثال ہے ۔ ملنے والی اطلاعات کے مطابق پورے گلگت بلتستان (سوائے شہری علاقوں )کی صورتحال اسی طرح کی ہے۔
آنجناب سے درخواست ہے کہ نظرثانی کے لئے ووٹرز فہرستیں کم سے کم بھی مقامی اسکولوں میں آویزاں کرنے کا انتظام فرمائیں۔ یہ اس لئے بھی ضروری ہے کہ انتخابی اصلاحاتی ایکٹ 2017ء کے مطابق ووٹرز فہرست میں ذرا سی غلطی پر ووٹرانتخابی عمل اور حق رائے دہی سے محروم ہوسکتاہے۔
والسلام علیکم ورحمتہ اللہ و برکاتہ
عبدالجبارناصر، حال کراچی
4ستمبر 2020ء
چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان کے نام کھلا خط!
More Stories
شاہراہ بلتستان ،شاہراہ قراقرم کی زبوں حالی اور سیاحت کا مستقبل۔
دیرینہ کارکنوں کی قربانیاں اور سیاسی جماعتیں
اقوام متحدہ میں گلگت بلتستان کا مقدمہ ہے یا نہیں ؟