عوامی ایشوز اور کرونا وائرس کی وبا میں بلتستان کے عوام کو تنہا چھوڑنے پر پیپلزپارٹی بلتستان ڈویژن کا احتجاجی مظاہرہ

0 0

سکردو (پ۔ر) پیپلز پارٹی بلتستان ڈویژن کے زیر اہتمام یادگار چوک سکردو میں مختلف عوامی ایشوز پر علامتی احتجاج کیا گیا۔ احتجاجی مظاہرے سے پیپلز پارٹی بلتستان ڈویژن کے جنرل سکریٹری بشارت ظہیر،نائب صدر وزیر اقبال، سکریڑی اطلاعات نجف علی،ضلع کھرمنگ کے صدر غلام محمد پاروی اور ضلع سکردو کے سکریٹری اطلاعات طالب حسین نے خطاب کیا۔مقررین نے کہا کہ کرونا وائرس کی سنگین صورتحال کے پیش نظر فوری طور پر سکردو اور خپلو میں ٹیسٹنگ لیبارٹری کا قیام عمل میں لایا جائے۔سی ایم ایچ سکردو میں محدود پیمانے پر ٹیسٹ ہو رہے ہیں جسکی وجہ سے اس موذی بیماری کی تشخیص میں تاخیر ہو رہی ہے۔ گلگت بلتستان میں دس سالوں سے بلدیاتی انتخابات کا نہ ہونا انتہائی افسوناک بات ہے۔ بلدیاتی نظام جمہوریت کی نرسری ہے اور اسی نظام سے مستقبل کے رہنما نکلتے ہیں۔ اور گلی محلے کی سطح پر مسائل حل کرنے میں مدد ملتی ہے۔ الیکشن کمیشن سے مطالبہ کرتے ہیں کہ گلگت بلتستان اسمبلی کے ساتھ بلدیاتی انتخابات کا انعقاد یقینی بنانے۔ 250 بیڈ ہسپتال کو سازشوں کی نذر کرنا بلتستان اور عوام دشمنی کے مترادف ہے۔ پیپلز پارٹی اس بڑے عوامی منصوبے کی راہ میں رکاوٹ بننے والوں کے خلاف شدید مزاحمت کرے گی۔ سکردو شہر کے لئے پینے کے صاف پانی اور سٹریٹ لائٹ جیسے اہم منصوبوں میں تاخیر پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہیں۔سکردو شہر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قلت سے عوام ذلیل و خوار ہو رہے ہیں لہذا بلتستان ریجن میں پیٹرولیم مصنوعات کا بلک ڈپو تعمیر کرنا ناگزیر ہوچکا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جن ہوٹلوں میں قرنطینہ سینٹرز بنائے گئے ہیں انکی ادائیگی نہ ہونا معاشی قتل کے مترادف ہے کیونکہ ہوٹل انڈسٹری کرونا وائرس کے باعث پہلے ہی زبوں حالی کا شکار ہے۔بلتستان ریجن کے پولیس ملازمین کو غیر ضروری طور پر بار بار دیگر اضلاع میں بھیجنے کا سلسلہ بند کیا جائے۔شاہراہ بلتستان کی زد میں آنے والی روندو کے عوام کی زمینوں کا مارکیٹ ریٹ کے مطابق معاوضہ دیا جائے اور استک اور طورمک روڈ کی تکمیل یقینی بنائی جائے۔ ایس کام اور ٹیلی نار کمپنیوں نے فور جی کے نام پر عوام کو شدید ذہنی کوفت پہنچائی ہے۔ ان کمپنیوں کو سروس کا معیار بہتر بنانے کا پابند بنایا جائے۔مقررین نے کرونا وائرس کے خلاف فرنٹ لائن پر جنگ لڑنے والے ڈاکٹرں، پیرا میڈیکل اسٹاف، ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

Happy
Happy
0 %
Sad
Sad
0 %
Excited
Excited
0 %
Sleepy
Sleepy
0 %
Angry
Angry
0 %
Surprise
Surprise
0 %
× News website