سوشل میڈیا سے مراد انٹرنیٹ بلاگز، سماجی روابط کی ویب سائٹس، موبائل ایس ایم ایس و دیگر ہیں جن کے ذریعے خبریں اور معلوماتی مواد کو فروغ دیا جاتا ہے۔ آج کے دور میں سوشل میڈیا کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔ جس کی اہمیت میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے دنیا آج گلوبل ویلیج کی شکل اختیار کر چکی ہے۔ جدید ٹیکنالوجی نے جس تیز رفتاری کے ساتھ ترقی کی ہے ماضی میں اس کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا تھا۔ پچھلی چند دہائیوں میں جدید ٹیکنالوجی کی بدولت دنیا بھرکے لوگ ایک دوسرے کے نزدیک آ گئے، اب ہزاروں میل کی دوری کوئی اہمیت نہیں رکھتی۔ دور دراز ممالک میں مقیم ہوکر لوگ بیک وقت اپنے عزیزوں کی آواز کانوں سے سن سکتے ہیں لب ولہجہ، صورت اپنی آنکھوں سے دیکھ سکتے ہیں۔ جدید ٹیکنالوجی کی ترقی نے انسانی تعلقات کی نت نئی شکلیں پیدا کرکے ان کا دائرہ وسیع تر کر دیا ہے۔ گلگت بلتستان کی اہمیت اجاگر کرنے اور اسکی خوبصورتی دنیا کے کونے کونے تک پہنچانے میں سوشل میڈیا نے بڑا کردار ادا کیا ہے۔ آج گلگت بلتستان دنیا کے خوبصورت ترین خطے کے طور جانا جاتا ہے، پاکستان کے سیاحتی شعبے کو فروغ دینے میں گلگت بلتستان اہم رول ادا کرتا رہا ہے۔ یہ اور بات ہے کہ حکومت پاکستان اس علاقے کی تعمیرِ و ترقی میں ذرہ بھر دلچسپی نہیں رکھتی۔
گلگت بلتستان کو دنیا بھر میں متعارف کرانے میں سوشل میڈیا کا رول اہم ہے۔ گلگت بلتستان کے بہت سارے نوجوان نے سوشل میڈیا کا مثبت استعمال کرتے ہوئے اپنے علاقے کی خوبصورتی، کلچر، ٹورسٹ پوائنٹس کو اجاگر کرتے ہوئے دنیا کو بتایا کہ 28 ہزار مربع میل کے رقبے پر پھیلا ہوا یہ خطہ قدرتی حسن سے مالامال ہے۔دنیا کی دوسری بڑی چوٹی کے۔ٹو ہمارے خطے کی پہچان ہے۔ گلگت بلتستان کو ہوم آف ماؤنٹینز کہا جاتا ہے دنیا کی 5 بلند ترین چوٹیوں کا اعزاز بھی گلگت بلتستان کو ہی حاصل ہے۔ آج گلگت بلتستان کی جانب بڑی تعداد میں سیاحوں کے رخ کرنے کا کریڈٹ سوشل میڈیا کو جاتا ہے۔ ٹورسٹ یہاں وقت گزارنے کے بعد اپنا ایکسپیرنس سوشل میڈیا کے ذریعے دنیا بھر میں پھیلاتے ہیں جس کےگلگت بلتستان کی سیاحت پر مثبت اثرات مرتب ہورہے ہیں۔
یوتھ آف گلگت بلتستان سے گزارش ہے کہ سوشل میڈیا کو ہمیشہ مثبت استعمال کیا کریں۔ مثبت استعمال کرنے والوں کے لیے سوشل میڈیا بڑا منافع بخش ادارہ ہے، گھر بیٹھ کر آپ اپنا بزنس کر سکتےہیں اپنے ہی علاقے میں لوگوں کے لئے نوکریاں پیدا کر سکتے ہیں۔ سوشل میڈیا ایک مکمل پلیٹ فارم ہے فائدہ اٹھانا آپ پر منحصر ہے، وہ تمام حضرات قابلِ تحسین ہیں جو مختلف پیجز اور گروپس کے ذریعے اپنے علاقے کی ثقافت و خوبصورتی کے لئے اپنی مدد آپ کے تحت کام کرتے ہیں اور وہ تمام یوتھ جو سوشل میڈیا سے منسلک ہیں، سوشل میڈیا کو مثبت استعمال کر کے اپنے وقت کی قدر کریں، فیس بک پر تصویریں لائک یا کمنٹ تک محدود نہ رہیں۔
تحریر: صلاح الدین
More Stories
شاہراہ بلتستان ،شاہراہ قراقرم کی زبوں حالی اور سیاحت کا مستقبل۔
دیرینہ کارکنوں کی قربانیاں اور سیاسی جماعتیں
اقوام متحدہ میں گلگت بلتستان کا مقدمہ ہے یا نہیں ؟