کراچی(پریس ریلیز) گلگت بلتستان یوتھ الائینس کراچی اور گلگت بلتستان بچاو تحریک کے زیر اہتمام کراچی پریس کلب میں گلگت بلتستان کے سرحدی حدود پر خیبر پختونخواہ کی طرف سے مسلسل خلاف ورزیوں بالخصوص حالیہ ہندرپ نالے کے واقعے اور مختلف اضلاع میں زمینوں پر ہونے والے قبضوں کے خلاف بھر پور احتجاج کیا گیا جس میں گلگت بلتستان کی تقریبا تمام اضلاع کے نوجوانوں نے اور انسانی حقوق کے کارکنوں نے شرکت کی۔ مظاہرین نے سرحدی حدود کی خلاف ورزی نامنظور، زمینوں پہ قبضے نا منظور، جبری سرکاری قبضے نامنظور کے بینر اٹھائے ہوئے تھے۔ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے نوجوان رہنماوں نے کہا کہ واقعہ ہندرپ اس نوعیت کا نہ تو پہلا واقعہ ہے اور نہ تو یہ آخری واقعہ ہو سکتا ہے۔ یکم نومبر 1947 کو 84 ہزار مربع میل پر مشتمل آزاد رقبہ آج کی تاریخ میں 28 ہزار مربع میل رہ گیا ہے۔ کوہستان، چترال، اسکائی چن، شندور، لداخ، کرگل تو کاٹے جا چکے ہیں اور اب بلتستان کے متعدد علاقے، بسری چلاس، خنجراب، بابا غنڈی کی زیارت، شندور، پھنڈر، قرمبر، اور ہندرپ پر بھی دعوے اور جبری قبضے تیز ہونے لگے ہیں۔ گلگت بلتستان میں خالصہ سرکار کے نام پر عوامی ملکیتی زمینوں پر قبضے ہو رہے ہیں، کمرشل بنیادوں پر اور تجارت کے نام پر الگ قبضے جاری ہیں اور دوسری طرف سرحدی تنازعات کے نام پر ہماری دھرتی کو کاٹ کاٹ کر ہضم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ گلگت بلتستان یوتھ الاینس آج خطے میں جاری جبر کی مذمت اور عوامی جدوجہد کی حمایت اور یکجہتی کرنے کراچی پریس کلب میں سراپا احتجاج ہیں۔ ہم میڈیا کی وساطت سے پاکستان بھر کی عوام کو یہ بتانا چاہتے ہیں کہ کس طرح ریاست پاکستان آپ کے نام پر ہمارے خطے اور ہمارے وسائل کا بے دریغ لوٹ مار کر رہی ہے۔ ہم بین الاقوامی کمیونٹی سے بھی گزارش کرتے ہیں کہ ہمارے خطے میں جاری جبر و بربریت کا نوٹس لیں اور گلگت بلتستان کی عوام کو ایک پلانڈ ڈیموگرافک شفٹ سے بچایا جائے۔
حالیہ ہندرپ نالہ (ضلع غذر) کے واقعے پر گلگت بلتستان یوتھ الائنس اور گلگت بلتستان بچاو تحریک کا یہ موقف ہے کہ یہ اسی ریاستی پالیسی کا نتیجہ ہے جس کے تسلسل میں 84 ہزار مربع میل کا علاقہ کٹ کر 28 ہزار مربع میل رہ گیا ہے۔ اگر ملک آفرین نامی شخص کے قبضے سے 4 غریب چرواہوں کو بازیاب کرانے کے لئے پولیس کوہستان بارڈر کراس کرنے سے کترائے، ملک آفرین کو بچانے کے لئے کوہستان پولیس اور وہاں کی عدالتیں4 مغوی افراد کو مشکوک اسلحہ بردار قرار دے ، ان پر ایف آئی آر کرے اور اصل مجرمان کا کوئی پتہ نہیں ہو تو ہم یہ سمجھنے پر مجبور ہونگے کہ اس شخص کو بھی ریاستی سرپرستی حاصل ہے۔ ہندرپ اور مضافات کی عوام نے اپنے 4 نکاتی چارٹی آف ڈیمانڈز کے حق میں پھنڈر سے گوپس تک لانگ مارچ کیا ہے اور اس وقت بھی گوپس میں دھرنا جاری ہے۔ کل بروز پیر لانگ مارچ ہیڈ کوارٹر گاہکوچ کی طرف بڑھے گا اور پھر گلگت ۔ ہم عوام کے چارٹر آف ڈیمانڈز کی مکمل حمایت کرتے ہیں اور حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں 4 عوامی مطالبات کی فوری تعمیل کرے بصورت دیگر احتجاجی سلسلے کا دائرہ کار دیگر شہروں تک بڑھایا جائے گا اور یہ سلسلہ وار ہونگے۔
خیبر پختونخواہ کی طرف گلگت بلتستان کے سرحدی حدود کی خلاف ورزی کے خلاف کراچی میں احتجاج۔
More Stories
1971 کی جنگ نے خطہ لداخ کی محبت سے کی ہوئی شادی شدہ جوڑے کو کس طرح جدا کردیا درد ناک کہانی
خطہ بلتستان لداخ بارڈر پر پاک بھارت کے فوجی ایک دوسرے سے سگریٹ ڈرائی فروٹ کا تبادلہ کرتے ہیں مگر بچھڑے ہوئے خاُندانوں کو ملنے کیلئے لداخ سکردو روڈ آخر کیوں نہیں کھول رہا؟
عوامی ایکشن کمیٹی دو گروپوں میں تقسیم کے بعد ایک گروپ نے غذر روڑ بند کرنے کا اعلان کردیا اور غذر کے عوام کا بڑا بیان سامنے اگیا