آصف علی زرداری کی نااہلی کیلئے دائر درخواست اسلام آباد ہائیکورٹ میں سماعت کیلئے منظور۔

0 0

اسلام آباد (ویب ڈیسک/ٹی این این)سابق صدر آصف علی زرداری کی نااہلی کیلئے دائر درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے رجسٹرار آفس کے اعتراضات ختم کرتے ہوئے کیس کو سماعت کے لئے مقرر کرنے کا حکم دے دیا ہے۔چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے دائر اپیل کی سماعت کی۔چیف جسٹس نے پی ٹی آئی کے وکیل سکندر بشیر مہمند سے کہا کہ آپ سیاسی مقدمات عدالت میں کیوں لے آتے ہیں؟ آپ کا متعلقہ فورم الیکشن کمیشن بنتا ہے اور آپ تفتیشی اداروں سے بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔
جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ آپ جانتے ہیں اس عدالت کے سامنے کتنے مقدمات زیر التوا ہیں اور یہ وقت ہے کہ پارلیمنٹ کو مضبوط ہونا چاہئے۔اُنہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ مقدم ہے یہ معاملات وہیں طے پانے چاہئیں۔ انہوں نے وکیل سے کہا کہ آپ کی درخواست کو ترجیح کیسے دیں جب کہ جیلوں میں بیٹھے لوگ انصاف کے منتظر ہیں۔ جسٹس اطہر من اللہ کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کو اس معاملے پر کمیٹی کیوں نہیں بنانے دیتے؟
پی ٹی آئی کے وکیل نے کہا کہ یہ درخواستیں آئین کے آرٹیکل باسٹھ ون ایف کے تحت دائر کی گئی ہیں۔ پی ٹی آئی کے وکیل نے بتایا کہ سندھ ہائیکورٹ کا فیصلہ ہے کہ آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت براہ راست الیکشن کمیشن سے رجوع نہیں کیا جاسکتا ۔جسٹس اطہر من اللہ کا کہنا تھا کہ آپ تفتیشی ایجنسی کے سامنے بھی یہ معاملہ رکھ سکتے تھے جس کے جواب میں درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ اس کیس میں اہم دستاویزی شواہد سامنے آچکے ہیں۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے درخواست قابل سماعت قرار دیتے ہوئے آئندہ سماعت پردلائل طلب کرلئے، چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ عدالت کو مطمئن کرنا ہو گا کہ یہ کیس عوامی نوعیت کا ہے، عدالت کواس پر بھی مطمئن کریں کہ اسےترجیحی بنیادوں پر کیوں سنیں۔

Happy
Happy
0 %
Sad
Sad
0 %
Excited
Excited
0 %
Sleepy
Sleepy
0 %
Angry
Angry
0 %
Surprise
Surprise
0 %
× News website