جسٹس آصف سعید کھوسہ نےچھبیسویں چیف جسٹس کی حیثیت سے حلف اٹھالیا۔

0 0

اسلام آباد(ویب ڈیسک/ٹی این این) جسٹس آ صف سعید خان کھوسہ نے چیف جسٹس کے عہدے کا حلف اٹھا لیا، جسٹس آصف سعید کھوسہ ملک کے 26 ویں چیف جسٹس ہیں۔تفصیلات کے مطابق جسٹس آ صف سعیدخان کھوسہ کی بطور چیف جسٹس حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں ہوئی، صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے جسٹس آصف سعید کھوسہ سے چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے کا حلف لیا۔
حلف برداری کی تقریب میں وزیراعظم عمران خان سمیت وفاقی وزرا، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، اسپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر، چاروں صوبوں کے گورنرز اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان نے شرکت کی۔
حلف برداری تقریب میں سپریم کورٹ کے موجودہ، سابق ججز ، مختلف ممالک کے عدالتی نظام میں اہم عہدوں پر فائز غیر ملکی اہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔ترک سپریم کورٹ کے صدر جسٹس نارین فردی، ناردرن سائپریس عدالت کے صدر جسٹس قاشم نائیجریا بورنو کے جسٹس بی مارولوکر اور بھارتی سپریم کورٹ کے سابق صدر اور سینئرجج بھی حلف برداری تقریب میں شریک تھے۔کامن ویلتھ کی گورننگ کمیٹی اورجوڈیشل تعلیم اور کامن ویلتھ جوڈیشل ایجوکیشن انسٹیٹیوٹ کینیڈا کے صدر بھی تقریب میں شرکت کریں گے۔یاد رہے صدر مملکت عارف علوی جسٹس آصف سعید کھوسہ کے بطور چیف جسٹس تقرر کی سمری پر دستخط کر چکے ہیں۔
جسٹس آصف سعید کھوسہ کون ہیں؟
خیال رہے جسٹس آصف سعید کھوسہ اکیس دسمبر 1954 کو ڈیرہ غازی خان میں پیدا ہوئے ، وہ اپنی تعلیمی قابلیت اور سب سے زیادہ فیصلے تحریر کرنے کے حوالے سے منفرد مقام رکھتے ہیں۔
جسٹس آصف سعید کھوسہ نے 1969میں میٹرک کے امتحان میں ملتان بورڈ سے پانچویں جبکہ 1971 میں انٹرمیڈیٹ میں لاہور بورڈ اور 1973 میں پنجاب یونیورسٹی سے پہلی پوزیشنز حاصل کیں اور اسی یونیورسٹی سے 1975 میں ماسٹر کی ڈگری حاصل کی، انہیں تین بار نیشنل ٹیلنٹ اسکالرشپ سے نوازا گیا۔
کیمبرج یونیورسٹی برطانیہ سے 1977 اور 1978 میں انہوں نے قانون کی دو ڈگریاں حاصل کیں، تعلیم حاصل کرنے کے بعد وہ 1979 میں ملک واپس آئے اور لاہور ہائی کورٹ سے وکالت کا آغاز کیا اور 1985 میں سپریم کورٹ کے وکیل کا درجہ ملا 1998 میں لاہور ہائی کورٹ جبکہ 2010 میں سپریم کورٹ کے جج منتخب ہوئے۔
جسٹس آصف سعید کھوسہ نے پی سی او کے تحت حلف اٹھانے سے انکار کیا تھا جبکہ وہ کئی اہم کیسز کی سماعت کرنے والے بینچز کاحصہ رہے، انہوں نے چارکتابیں بھی تصنیف کیں۔

Happy
Happy
0 %
Sad
Sad
0 %
Excited
Excited
0 %
Sleepy
Sleepy
0 %
Angry
Angry
0 %
Surprise
Surprise
0 %
× News website