وزیر اعظم عمران خان تین روزہ سرمایہ کاری کانفرنس میں شریک ہونےکیلئے سعودی عرب پہنچ گئے۔

0 0

مدینہ منورہ ( آن لائن نیوز ڈیسک ) وزیراعظم عمران خان نے سعودی عرب پہنچنے کے بعد وفد کے ہمراہ روضہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم پر حاضری دی ہے۔وزیراعظم عمران خان گذشتہ روز رات سعودی عرب پہنچے۔ سعودی عرب میں ان کی پرواز مدینہ منورہ میں اتری جہاں ان کا استقبال مدینہ کےگورنرشہزادہ فیصل بن سلمان اور پاکستان میں سعودی سفیر نواف المالکی نے کیا۔وزیراعظم عمران خان نے مدینہ پہنچنے کے بعد روضہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم پر حاضری دی نماز عشاءاداکی اور نوافل ادا کئے۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی،وزیر خزانہ اسد عمر،وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین،مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد اور وزیر مملکت و چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ ہارون شریف بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔واضح رہے وزیراعظم سعودی عرب میں مستقبل میں سرمایہ کاری کے مواقع کے موضوع پر ہونیوالی بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔وزیراعظم آج سے شروع ہونے والی اس تین روزہ کانفرنس میں پاکستان میں سرمایہ کاری اور معاشی مواقع پر روشنی ڈالیں گے اور اپنے آئندہ 5 سالہ وژن سے دنیا کو آگاہ کریں گے۔وزیراعظم پاکستان میں سرمایہ کاری کی خواہشمند کاروباری شخصیات سے بھی ملاقات کریں گے۔اپنے دورے کے دوران وزیراعظم عمران خان شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔سعودی عرب روانگی سے قبل برطانوی نشریاتی ادارے کو اپنے انٹرویو میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ دوست ممالک سے مالی معاونت یا عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے قرض لیے بغیرملک کےپاس کوئی چارہ نہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستانی معیشت کی بہتری کیلئے سعودی عرب سے قرض لینے کے خواہش مند ہیں، ملک کو تاریخ کے سب سے بدترین معاشی بحران کا سامنا ہے، ہمارے پاس دو تین ماہ سے زیادہ کے زرمبادلہ ذخائر نہیں۔انہوں نے دورہ سعودی عرب کے حوالے سے کہا کہ کانفرنس میں ان کی شرکت کی ایک وجہ جو انھیں محسوس ہوتی ہے وہ یہ کہ وہ یہ موقع سعودی قیادت سے بات کرنے کیلئے استعمال کرنا چاہتے ہیں کیونکہ اس وقت 21 کروڑ عوام کا ملک تاریخ کے بدترین قرض بحران کا شکار ہے۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ دوست ممالک یا آئی ایم ایف سے قرض لیے بغیر کوئی چارہ نہیں، اگر قرض نہ لیا تو زرمبادلہ کے ذخائر اتنے بھی نہیں کہ ہم مزید دو تین ماہ اپنی درآمدات کی ادائیگی کرسکیں۔انھوں نے کہا کہ پاکستان کو اپنی ضروریات پوری کرنے کیلئے شاید آئی ایم ایف اور دوست ممالک دونوں سے قرض لینے کی ضرورت ہوگی۔

Happy
Happy
0 %
Sad
Sad
0 %
Excited
Excited
0 %
Sleepy
Sleepy
0 %
Angry
Angry
0 %
Surprise
Surprise
0 %