چیف سیکرٹری گلگت بلتستان نے اسکردو میں بلتستان ڈویژن کے سیاسی،سماجی اور مذہبی عمائدین سے ملاقات کی۔

0 0

سکردو ( پ ر) چیف سیکرٹری گلگت بلتستان بابر حیات تارڑ، نے عوام اور حکومت کے درمیان ہم آہنگی بڑھانے ، دوطرفہ روابط کو فروغ دینے اور عوامی مسائل کو سننے اور اُن کے دیرپا حل کے لیے بلتستان کے مختلف اضلاع جن میں اسکردو،شگر،خپلو اور کھرمنگ شامل ہیں کے مذہبی،سیاسی اور سماجی عمائدین کے وفد سے ملاقات کی۔معزز عمائدین کے وفد نے چیف سیکرٹری گلگت بلتستان کی بلتستان ڈویژن تشریف آوری پر شکریہ ادا کیا اور چیف سیکرٹری کو مفاد عامہ سے جڑے مختلف مسائل سے آگاہ کیا۔معززین محفل نے اسکردو شہر میں پینے کے صاف پانی کی کمی کا مسئلہ چیف سیکرٹری کے گوش گزار کیا جس پر چیف سیکرٹری نے بتایا کہ اسکردو میں صاف پانی کی کمی کو پورا کرنے کے لیے اُن کے حکم پر پہلے سے ہی شمسی توانائی سے چلنے والے واٹر پمپس کا بندوبست کرلیا گیا ہے اور اِس بابت ہر ایک وارڈ میں کم از کم ایک واٹر پمپ نصب کیا جائے گا۔ ترقیاتی اسکیموں کے سلسلے میں غیر متوقع تاخیر اور ناقص تعمیر پر جواب دیتے چیف سیکرٹری نے فرمایا کہ انہوں نے ناقص تعمیرات پر محکمہ تعمیرات کے متعدد ایکسینز کے خلاف کاروائی شروع کی ہے۔ اِس کے علاوہ آئندہ ترقیاتی اسکیموں کے سلسلے میں کوتاہی برتنے والے آفیسر اور ٹھیکیدار کے خلاف سخت تادیبی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ دریا سے متصل زمین کا دریائی پانی سے کٹاؤ بلتستان کا ایک درینہ مسئلہ ہے جس کے حل کے لیے حفاظتی بندتعمیر کیے جائیں گے۔ حفاظتی بند کی تعمیر کے لیے چیف سیکررٹری کی زاتی کاوشوں سے فیڈرل فلڈ کمیشن نے گلگت بلتستان کے بجٹ میں خاطر خوا اضافہ کیا ہے جس سے خصوصاََ بلتستان کی ہزاروں ایکڑ قیمتی اراضی کو بچایا جاسکے گا۔ نیز حکومت نے بلتستان میں پون بجلی گھر لگانے کا بھی فیصلہ کیا ہے جس کی فیزیبیلٹی رپورٹ مکمل ہونے کے بعد جلد کام شروع ہو جائے گا۔ اِس کے ساتھ ساتھ مقامی لوگوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے گلگت بلتستان حکومت صدپارہ ڈیم وفاق سے لے گلگت بلتستان کے زیر اہتمام دیا جارہا ہے جس سے شاتنگ نالہ کے مسئلے کو حل کرنے میں مدد ملے گی۔ اسکردو کی سڑکوں کی تعمیرِ نو پر جلد کام شروع کیا جائے گا۔ عمائدین کی تجویز پرفیصلہ کیا گیا کہ بلتستان کے وہ علاقے جن میں سردی کے مہینے میں بجلیکی ترسیل میں تعطل پیش آتا ہے اُن علاقوں میں تھرمل جنریٹر نصب کیے جائیں گے۔ چیف سیکرٹری صاحب نے مزید کہا کہ گلگت تا جگلوٹ روڈ کو دسمبر تک مکمل کر لیا جائے گا ۔نیز ڈی ایچ کیو ہسپتال اسکردو پر بوجھکم کرنے کے لیے ٹراما سنٹر بنایا جائے گا۔ چیف سیکرٹری نے مزید کہا کہ کھرمنگ کی سڑکوں کی تعمیر نو کی نگرانی میں خود کروں گا اور آج کھرمنگ کے ترقیاتی کاموں کی رفتار اور معیار جانچنے کے سلسلے میں ،میں خود ضلع کھرمنگ کا دورہ کر رہا ہوں۔ بلتستا ن میں بجلی کی کمی کو پورا کرنے کے لیے کھرمنگ اور خپلو کے پن بجلی کے منصوبے اپنے آخری مراحل میں ہیں جن کی میں خود نگرانی کر رہا ہوں۔ چیف سیکرٹری نے عمائدین کے پر زور مطالبے پر کمشنر بلتستان کو ہدایت کی کہ تعلیم و تربیت اور فنونِ لطیفہ کے فروغ کے لیے جلد اسکردو میں ادبی کانفرنس منعقد کروائی جائے۔ تمام معززین نے چیف سیکرٹری کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا اور درخواست کی کہ چیف سیکرٹری صاحب کو وقتافوقتا بلتستان کا دورہ کرنا چاہیے تاکہ بلتستان کے درینہ مسائل کا جلد اور دیر پا حل نکالا جاسکے۔ چیف سیکرٹری نے درخواست کو منظور کرتے ہوئے وعدہ کیا کہ وہ وقتافوقتا بلتستان کے تمام اضلاع کا دورہ کرتے رہیں گے۔

Happy
Happy
0 %
Sad
Sad
0 %
Excited
Excited
0 %
Sleepy
Sleepy
0 %
Angry
Angry
0 %
Surprise
Surprise
0 %
× News website