قومیں آزمائش کے وقتوں میں پہچانی جاتیں ہیں

0 0

قدرتی آفات کا انا اور مشکلات و الائم کا سامنا ہونا ایک فطرتی امر ہے اور یہی قوموں کی آزمائش کا لمحہ ہوتا ہے کہ وہ کس طرح ان آفات اور مشکلات و الائم کا مقابلہ کرتی ہیں ۔ بلتستان ڈویژن(چاروں اضلاع کے لئے) کے گیٹ وے سب ڈیژن روندو گزشتہ ایک ہفتے سے مسلسل زلزلوں کی زد میں جس باعث جہاں روندوں کے کئی موضعات بری طرح متاثر ہیں وہیں شاہراہ بلتستان(جگلوٹ سکردو روڈ)بھی لگ بھگ ایک ہفتے سے بند ہے ۔ اس عرصے میں درجن بھر لوگ زخمی ہوئے اور ایک نوجوان موت کی آغوش میں جابسا ۔ یقینا کسی بھی مشکل وقت میں عوام الناس کو اِن مشکلات سے نکالنا اور مسائل حل کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے اور یہ ذمہ داری بلتستان انتظامیہ اپنی بساط کے مطابق ادا بھی کر رہی ہے ۔ کمشنر بلتستان شجاع عالم کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر حافظ کریم داد چغتائی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ شہریار شیرازی، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈیزاسٹرمنیجمنٹ اتھارٹی زبیر احمد اور دیگر ضلعی محکموں کے سربراہان سب ڈویژن روندوں میں تب تک رہیں گے جب تک متاثرین کے مسائل حل نہ ہوں ۔ راولپنڈی، گلگت اور سکردو میں پھنسے مسافروں کو بھی وزیر اعلیٰ اور گورنر گلگت بلتستان کی کوششوں سے خصوصی پروازں کے زریعے مقررہ مقامات تک پہنچایا جاچکا ہے جبکہ طبی امداد کے لئے بھی محکمہ صحت بلتستان کا عملہ فراءض کی انجام دہی کر رہاہے ۔ محکمہ پولیس گلگت بلتستان کے اہلکار بھی عالم برج سے کچورہ پُل تک عوام کی جان و مال اور مسافروں کی حفاظت اور امدادی کاروائیوں کے لئے دن رات چوکس ہیں جبکہ ریسکیو 1122کاعملہ بھی کسی بھی مشکل مرحلے میں ریسکیو کرنے کے لئے تیار ہے ۔ رہی بات ایک طویل عرصے سے تسلسل کے ساتھ زلزلوں کا شکار سب ڈویژن روندو خاص طور پر گنجی یونین، یلبو، سبسر، تلو اور دیگر مقامات کا جیالوجیکل سروے اور ان متاثرہ مقامات کے متاثرین کا مستقل حل تویقینا صوبائی حکومت اس سلسلے میں بھی ہنگامی طور پر کام کر رہی ہو گی اور کرنا بھی ہوگا ۔ یہاں پر لمحہ فکریہ ہے کہ جیسے ہی زلزلوں کے باعث جگلوٹ سکردو روڈ بلاک ہوا بلتستان میں مسلمان کاروباریوں نے ذخیرہ اندوزی اوراس کے نتیجے میں بُلند ترین مہنگائی شروع کردیا ۔ 80روپے کلو ملنے والا ٹماٹر اب 400 روپے کلو میں فروخت ہونے لگا وہ بھی کلا سڑا اسی طرح ہر چیز کی قیمت تین سے چار گُنا زیادہ کی جاچکی ہے حالانکہ یہی مءومن مسلمان کچھ دن قبل شب برات میں رات بھر زارو قطار روتے ہوئے اللہ پاک سے مغفرت مانگتے رہے اور یقینا کچھ ہی دن بعد شب قدر کی طاق راتوں میں بھی اللہ سے لو لگانے کی بھر پور تیاریاں کر رہے ہوں گے خاص بات یہیں مرد مءومن جمعہ اور جماعت میں بھی پہلی تین صفوں میں براجمان ہوتے ہیں ۔ ان مءومنوں کا یہ بھی ایمان ہے کہ جھوٹ،دغا بازی، بد عنوانی، چور بازاری، ذخیرہ اندوزی، مہنگائی جیسی برائیوں سے پاک اور مسلمانوں کے لئے رمضان المبارک کے دوران خصوصی پیکیج کے تحت ہر چیزکم قیمت پر مہیا کرنے والے غیر مسلم جہنم جائیں گے اور یہ تمام تر برائیوں اور اللہ کی نافرمانیوں کے باوجود فقط اس لئے جنت میں جائیں کے کہ یہ نام کے مسلمان ہیں ۔ یاد رکھیں اللہ کے احکامات پر عملداری کے بغیر کی جانے والی ساری عبادتیں فقط ورزش کے سو ا کچھ نہیں کیوں کہ اللہ اپنے بندوں پر ظلم ستم ڈھانے والوں کو کبھی معاف نہیں کرتا اُن پر عذاب نازل کرتا ہے نعوذ با اللہ ہماری موجودہ مجموعی حالت دیکھ کر لگتا ہے کہ ہم کسی بہت بڑے عذاب کودعوت دے رہے ہیں ۔ یاد رکھیں زندہ اور باشعور قو میں مشکل اوقات اور قدرتی آفات پر شکر اور صبر کے ساتھ خود کو اس مرحلے سے نکا ل لیتی ہیں جس کے لئے جذبہ ایمانی کا ہونا شرط ہے اس کی ایک مثال ایرانی قوم ہے ۔ ایرانی قوم ایک طویل عرصے سے عالمی طاقتوں کی طرف سے معاشی پابندیوں کا سامنا کر رہی ہیں مگر اُنہوں نے ذخیرہ اندوزی اور خود ساختہ مہنگائی کے ذریعے اپنی قوم کو مذید مشکلات سے دوچار نہیں کیا ۔ انتظامیہ کو بھی اس مشکل مرحلے میں ناجائزفائدہ اُٹھاتے ہوئے بد ترین مہنگائی کے زریعے عوام کی زندگی اجیرن کرنے والے ذخیرہ اندوزوں اور گراں فروشوں کے خلاف سخت کاروائی کی ضرورت ہے اس کے برعکس اِن کو کُھلی چھوٹ دی گئی تو متوسط طبقہ فاقوں سے مر جائے گا ۔ حال ہی میں مری میں سیاحوں کے بے تحاشا رش اوررہائشی مقامات کی قلت کے باعث جو افسوس ناک واقعہ پیش ایا اُس نے اہلیان مری کو ہمیشہ کے لئے قابل نفرت بنا دیا حالانکہ وہ ایک مجبوری بھی تھی مگر یہاں پر کچھ دنوں کے لئے روڈ کی بندش پر مقامی تاجروں کی خود ساختہ مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی کے باعث مقامی لوگوں کی زندگی اجیرن کر دینا اور خدا نخواستہ سیاحوں کے بے تحاشا رش کے دوران بھی ایسا ہو تا ہم تو پوری دُنیا کے لئے قابل نفرت بن جائیں گے ایسے میں انتہائی معذرت کے ساتھ ہ میں ’’کا ش ہم کربلا میں ہوتے‘‘ اور ’’ یا امام العجل ‘‘ کہنے کا کوئی حق نہیں کیونکہ نہ تو کل کربلا میں معرکہ حق و باطل کےلئے امام عالی مقام کو ایسوں کی ضرورت تھی اور نہ ہی آج دنیا کو ظلم و جور سے نجات دلوانے کےلئے امام زمانہ کو ایسوں کی ضرورت ہے ۔ ہمیں مجموعی طور پر اپنے کردار پر نظر ثانی کرنے اور اپنے گریباں میں جھانکنے کی اشد ضرورت ہے

 

 

تحریر جی ایم شجاع۔

Happy
Happy
0 %
Sad
Sad
0 %
Excited
Excited
0 %
Sleepy
Sleepy
0 %
Angry
Angry
0 %
Surprise
Surprise
0 %