سکردو سے کشمیر جانے کا ایک قدیمی راستہ سدپارہ جھیل کے پہلو سے ہو کر گزرتا تھا۔ تھکے ہارے لوگ جھیل کی قدرتی خوبصورتی سے آنکھوں کو ٹھنڈک بہم پہنچاتے، چشمے کے آبِ حیات سے تازگی اور توانائی حاصل کرتے، درختوں کی چھاوں میں بیٹھ جاتے تو پرندے زمزمہ پرادازی کرتے جبکہ جھیل کی مچھلیاں وہ کرتب دکھاتیں کہ مسافر اپنی تھکن بھول جاتے۔
یہاں سے مسافر عازمِ سفر ہوتے تو سدپارہ گاوں ان کا استقبال کرتا۔ یہی راستہ دیوسائی کے ہَرے، کھلے اور بڑے میدان سے ہوتا ہوا استور اور وہاں سے کشمیر کی طرف چلا جاتا۔
وقت کے ساتھ ساتھ یہ راستہ خچر روڈ، جیب روڈ سے ترقی کرتا ہوا اب ٹرک ایبل روڈ بن چکا ہے۔ اب فراٹے بھرتی اور دھول اڑاتی گاڑیاں اس سڑک پہ دوڑتی ہیں۔
فی الوقت اس سڑک پہ مضمون مقصود نہیں البتہ سدپارہ گاوں ہمارا پڑاو ہے جو اسی سڑک کے دائیں بائیں واقع ہے اور دنیا بھر کے سیاحوں کے دل موہ لیتا ہے۔
یہاں کے لوگوں کا ذریعہ معاش کبھی گلہ بانی اور زراعت تھا۔ پھر وقت کے ساتھ ساتھ مزدوری، کاریگری اور کاروبار کا اضافہ ہوا۔
جب پہاڑوں کو سر کرنے اور خوبصورتی کو مسخر کرنے کے لیے کوہ پیماوں، سیاحوں نے بلتستان کا رخ کیا اور انہیں سخت جان، مشاق، باہمت اور ہشیار افرادی قوت کی ضرورت پڑی تو دیگر علاقوں کی طرح سدپارہ کے لوگوں نے بھی قسمت آزمائی اور اس میدان میں ایسے قدم جمائے کہ اب جوں ہی کوہ پیمائی کا تذکرہ آتا ہے سدپارہ کا نام ذہن میں آ جاتا ہے۔
بلتستان کے اولین کوہ پیماوں میں سرِ فہرست سدپارہ کے کوہ پیماء تھے۔ سدپارہ کو بے پناہ شہرت نثار سدپارہ، حسن سدپارہ اور محمد علی سدپارہ کی وجہ سے ملی۔ آج بھی سدپارہ کی گلیوں میں آپ کی ملاقات کسی شخص سے ہو جائے تو آپ کو یقین کرنا چاہیے کہ اس کا تعلق کبھی نہ کبھی کوہ پیمائی سے ضرور رہا ہے۔
میرے دوست چیئرمین محمد کی دعوت پر جب میں میلپین سے گڑوم (بڑا گاوں) کی طرف روانہ ہوا تو کھیت کنارے سرما کی دھوپ میں سستاتے ہوئے چند لوگوں سے ملاقات ہوئی۔ ان دس میں سے آٹھ لوگ کےٹو کے فاتح تھے۔
ہم نثار سدپارہ کے گھر کے پاس سے ہوتے ہوئے ، نالے پہ بنے عارضی چوبی پل کو عبور کرکے آگے بڑھے۔ “مٹنگ” کبھی بیل بوٹوں، درختوں اور لہراتی گھاس پہ مشتمل ایک وسیع رقبہ ہوا کرتا تھا لیکن اب سیلاب کی تباہ کاریوں کی مجسم تصویر ہے۔
گڑوم سدپارہ کا سب سے بڑا محلہ ہے۔ محمد علی سدپارہ کا تعلق اسی محلے سے ہے۔ ہم جب وہاں پہنچے تو کھلیانوں میں یاک، زو اور دیگر جانور آزادانہ گھوم پھر رہے تھے۔
ہم محلے کی پرانی گلیوں میں داخل ہوئے تو فردا کے نقوش جابجا نظر آئے۔ پتھروں کی چوڑی دیواروں پہ ایستادہ دو منزلہ کچے مگر مضبوط مکان اپنے مکینوں کو موسمی اثرات سے محفوظ رکھنے پہ اتراتے ہوئے دکھائی دیے۔
ایک مکان کے بارے میں چیئرمین نے بتایا کہ یہ کئی سو سال پرانا ہے۔ “ٹھٹیر” طرز کا یہ مکان اب بھی صیح و سالم ہے اور بتلا رہا ہے کہ یہی طرزِ تعمیر اس علاقے کے لیے موزوں ہے۔
چیئرمین محمد کے گھر چائے نوشِ جان کرنے کے بعد ہم خزاں رسیدہ بہار دیکھنے نکل پڑے۔ ہم کھیتوں، سبزہ زاروں اور جنگلوں سے ہوتے ہوئے اپنی منزلِ مقصود “ٹھوکو”(ٹیلے) تک پہنچے۔ اگرچہ سردی راستے میں مزاحم رہی لیکن چیئرمین صاحب کی دلچسپ باتوں نے مسافت اور سردی سے بےنیاز کردیا۔
ہم کچھ دیر وہاں بیٹھے قدرتی نظاروں کالطف اٹھاتے رہے۔ چند پرندے گیت گا کر ماحول میں رنگ جماتے رہے۔ نالا جم چکا تھا لیکن برف کے نیچے بہتے پانی کی آواز ہم تک پہنچ رہی تھی۔ سامنے بلندی پہ ایک گھنا جنگل تھا۔ اس کے دائیں بائیں سبزہ زار تھے جو برف کی سفید چادر تان کر سورہے تھے۔ انہی سبزہ زاروں کے کاندھے پہ سوار چوٹی دعوتِ تسخیر دے رہی تھی۔
قدرتی ماحول کی قربت سے دل کو یک گونہ سکون بہم پہنچا۔ کافی دیر بعد ہم اٹھے اور چیئرمین کے ہاں چلے آئے۔ دسترخوان کو انواع و اقسام کے مقامی کھانوں سے بھر دیا گیا تھا۔ اس شاہی دعوت کے بعد میں نے اجازت چاہی۔ یوں پیار، اخلاص اور محبت سمیٹ کر میں نے اپنے گھر کی راہ لی۔ اس طرح زندگی کے سفر میں ایک اور اچھے دن کا اضافہ ہوا۔
۔
تحریر اشرف حسین اشرف
More Stories
شاہراہ بلتستان ،شاہراہ قراقرم کی زبوں حالی اور سیاحت کا مستقبل۔
دیرینہ کارکنوں کی قربانیاں اور سیاسی جماعتیں
اقوام متحدہ میں گلگت بلتستان کا مقدمہ ہے یا نہیں ؟