بلتستان یونیورسٹی کے ممبران یونیورسٹی چارٹر کے تناظر میں.

0 0

راقم نے اپنے گزشتہ مقالے میں بلتستان یونیورسٹی کی سنڈیکیٹ کا ملک کی مایہ ناز اور مشہور جامعات قائد اعظم یونیورسٹی اور کراچی یونیورسٹی کی سنڈیکیٹ سے موازنہ کر کے بلتستان یونیورسٹی کی سنڈیکیٹ میں موجود سقم کی طرف اشارہ کیا تھا اور یہ نکتہ واضح کرنے کی کوشش کی تھی کہ سنڈیکیٹ کسی بھی یونیورسٹی کا سب سے بااختیار انتظامی ادارہ ہے جو انتظامی، تدریسی، مالی اور طلبا کے امور کی نظارت و نگرانی کرتا ہے لیکن بلتستان یونیورسٹی کی سنڈیکیٹ کے ممبران چونکہ سب کے سب یونیورسٹی کے ہی ملازمین ہیں اس لئے یہ ایک متوازن اور بااختیار ادارہ کا کردار ادا نہیں کر سکتی ۔
بہر حال جب تک چارٹر میں موجود سقم کو تبدیل نہیں کیا جاتا تب تک اسی چارٹر میں مندرج طریقہ کار پر عمل کرنا ضروری ہے۔ لہذا یونیورسٹی کے استحکام کے پیش نظر ہم اسی چارٹر کے تناظر میں سینڈیکیٹ کے ممبران کا جائزہ لیتے ہیں اور دیکھتے ہیں کہ اس میں شامل کتنے اراکین قانونی اور کتنے افراد غیر قانونی ہیں۔
مورخہ 3 دسمبر 2020 کو رجسٹرار بلتستان یونیورسٹی کی طرف سے جاری کردہ اعلامئے کے مطابق یونیورسٹی چارٹر 2016 کی شق 19 میں دئے گئے طریقہ کار کے مطابق 18 افراد پر مشتمل افراد کی سنڈیکیٹ تشکیل دی گئی ہے جس میں درج ذیل افسران و اساتذہ شامل ہیں۔
1. وائس چانسلر پروفیسر محمد نعیم خان بطور چئیرمین (چارٹر کی شق 19/1Aکے مطابق یہ درست اقدام ہے۔)
2. رجسٹرار (چارٹر کی شق 19/1E کے مطابق یہ درست اقدام ہے۔)
3. ٹریژرار (چارٹر کی شق 19/1F کے مطابق یہ درست اقدام ہے۔)
4. کنٹرولر آف اکزامنیشن (چارٹر کی شق 19/1H کے مطابق یہ درست اقدام ہے۔)
5. ڈائرکٹر اکیڈمکس، ڈائریکٹر اورک، ڈائرکٹر اکسٹرنل لنکیج اور ڈائرکٹر کیو ای سی یعنی چار افسران (چارٹر کی شق 19/1G کے مطابق مذکورہ بالا ایک سے چار تک کے افسران کے علاوہ زیادہ سے زیادہ دو سینئیر انتظامی افسران کو سیڈیکیٹ میں شامل کیا جا سکتا ہے۔ یہ افسران چارٹر کی شق 19/4 کے مطابق وی سی کی سفارش پر سینیٹ نامزد کرتی ہے لہذا پہلی بات تو یہ کہ یہاں دو کے بجائے چار افسران کو شامل کیا گیا ہے اور دوسری بات یہ کہ سینیٹ نے اس کی منظوری دی ہے یا نہیں اس کے بارے میں وضاحت ضروری ہے لہذا یہ تعیناتی اصولی طور پر غلط ہے۔)
6. ایک ایسوسی ایٹ پروفیسر اور سات اسسٹینٹ پروفیسرز یعنی کل آٹھ اساتذہ کو سنڈیکیٹ کا ممبر تعینات کیا گیا ہے۔ (چارٹر کی شق 19/1C کے مطابق تین ایسے سینئیر اساتذہ ممبر ہوسکتےہیں جو یونیورسٹی سینیٹ کے ممبر نہ ہوں اور اساتذہ کے مابین انتخابات کے ذریعے منتخب ہوئے ہوں۔ چارٹر کے مطابق یہ اساتذہ ترجیحا پروفیسر ہوں لیکن ایسوسی ایٹ یا اسسٹینٹ پروفیسر بھی ہو سکتے ہیں۔ چارٹر کی شق 19/3 کے مطابق سینیٹ الیکشن کے متبادل کوئی اور طریقہ یا رپریزینٹییوپینل تشکیل دے سکتی ہے جو تین اساتذہ کی سفارس سینیٹ بھیجے گی اور سینیٹ ہی ان کو بطور ممبر سنڈیکیٹ نامزد کرے گی۔ اس تناظر میں دیکھا جائے تو یہاں تین کے بجائے آٹھ ٹیچر کو تعینات کیا گیا ہے اور بظاہر ان کے طریقہ انتخاب پر بھی عمل نہیں کیا گیا لہذا یہ بھی غیر قانونی اقدام ہے۔ )
7. پرنسپل ڈگری کالج فار ویمن سکردو اور پرنسپل ڈگری کالج فار بوائز سکردو (چارٹر کی شق 19/1D کے مطابق متعلقہ (Constituent) کالجوں کے پرنسپلز صاحبان ممبر بن سکتے ہیں لیکن واضح رہے یونیورسٹی چارٹر کی شق 2/H کے مطابق متعلقہ (Constituent) سے مراد وہ کالجز ہیں جن کا انتظام و انصرام مکمل طور پر یونیورسٹی کے ماتحت ہو ۔ لہذا شق 2/B کے مطابق ملحقہ (Affiliated) کالجز کو زیر انتظام کالجز کا درجہ دے کر ان کالجز کے پرنسپلز کو سنڈیکیٹ میں شامل کرنا سراسر غلط اور غیر قانونی ہے کیونکہ چارٹر میں اس کا کوئي پروویژن شامل نہیں ہے۔
8. چارٹر کی شق 19/1B کے مطابق کلیہ جات کے ڈینز بھی رکن سنڈیکیٹ ہوتے ہیں لیکن بدقسمتی سے اس یونورسٹی میں کوئی ڈین ہی نہیں ہے۔
لہذا میری ناقص رائے میں بلتستان یونیورسٹی کی موجودہ سنڈیکیٹ کی قانونی حیثیت پر سوالیہ نشان ہے اور ایسے غیر قانونی ممبران پر مشتمل ادارے کے فیصلے بھی غیر قانونی متصور ہوں گے۔
ہم مقتدر اداروں سے اپیل کرتے ہیں کہ یونیورسٹی کے کوڈ آف کنڈکٹ کے مطابق چلایا جائے۔
تحریر: ڈاکٹر نذیر بیسپا

Happy
Happy
0 %
Sad
Sad
0 %
Excited
Excited
0 %
Sleepy
Sleepy
0 %
Angry
Angry
0 %
Surprise
Surprise
0 %