مقبوضہ کشمیر کے حالات سے تو پوری دنیا واقف ہے ،کہ وہاں پر لگے ہوئے جمہوری ایمرجنسی کو78دن گزر گئے ،بچے خوارک کی قلت کا شکا ر ہیں ،نوجوان بھارتی فوج کے ہاتھوں اغوا ہورہے ہیں اور معلوم تک نہیں ہوتا کہ انہیں کہاں منتقل کیا جارہا ہے ،بوڑھے بھی گھروں میں محفوظ نہیں ہیں ،جو بھی ہمت کرکے گھر سے باہر قدم رکھتا ہے گولیوں سے ان کا استقبال کیا جاتا ہے ،خواتین اور بچیوں کی عزتین محفوظ نہیں ہیں ،اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے کمیشن کی رپورٹ کے مطابق کشمیر کے حالات نہایت ہی ناگفتہ ہیں ۔کشمیر میں حالات کی خرابی اور کشید گی کی وجہ کشمیریوں کی شناخت کو ختم کرنے کی مودی کی مذموم سازش ہے ،مودی حکومت جو دراصل آر ایس ایس نواز حکومت ہے نے کشمیر یوں کو حاصل مخصوص حقوق جنہیں ہم کشمیر اور انڈیا کے درمیان معاہد ہ کہ سکتے ہیں ،کو ختم کئے جانے کے بعد سے کشیدگی کی جانب گامزن ہیں ۔مودی جس کو اگر موذی حکومت یا نازی حکومت کہا جائے تو غلط ناہوگا نے انڈیا میں الیکشن جیتنے کیلئے ہر قسم کے حربے استعمال کیے وہی انڈیا کی خراب معاشی صورتحال ،بیڈ گورننس ،بے روزگاری اور محرومیوں سے دنیا کی نظروں کو ہٹانے کیلئے کشمیر کا شوشہ چھوڑدیا اور کشمیر پر سے آرٹیکل 370اور 35A کو ختم کیا ،کیونکہ مودی ،موذی یہ جانتا تھا کہ 35A اور آرٹیکل 370کے خاتمے کے بعد کشمیر میں کشید گی ہوگی اور پاکستان روز اول کی طرح واویلا کرے گا ،یوں دنیا کی نظریں صرف کشمیر تک محدود ہی ہوکر رہیں گی۔یقینا وہ اس سازش میں کامیاب بھی ہوگیا اور شر پسند وشدت پسند ہندووںاور آر ایس ایس نے مودی کی کھل کر حمایت کی اور آج بھی جاری ہے مگر اہل علم اور دانش وروں نے مودی کی سخت مخالفت کی ہے اور کشمیریوں کو ان کے حقوق سے محروم کرنے کی سازشوں کیخلاف آواز بلند کیا ہے ۔آرٹیکل 370اور 35A اقوام متحدہ کی مقبوضہ کشمیر کی قرارداد کے مطابق کشمیریو ں کو حاصل ہیں ۔35A اور آرٹیکل 370 تحت کشمیر کو ریاست کی حیثیت حاصل تھی ۔ان قوانین کے مطابق دفاع ،کرنسی ،خارجہ پالیسی اور مواصلات پر کنٹرول مرکزی حکومت کو حاصل تھا ۔اور 35A کشمیر میں غیر کشمیریوں کو اس بات کا پابند بناتا تھا کہ کوئی غیر کشمیری کشمیر میں نا ہی زمین خرید سکتا ہے اور ناہی ووٹ کاسٹ کرسکتا ہے اوراس کے ساتھ غیر کشمیری کو کشمیر میں ملازمت کا حق بھی حاصل نہیں تھا ،لیکن 35A اور آرٹیکل 370کے خاتمے کے بعد کشمیر کو حاصل ریاست کا درجہ زمین بوس ہوا اور کشمیر میں اب بھار ت کا کوئی بھی شہری ،زمین خرید سکتا ہے ،مکان بنا سکتا ہے اور ملازمت بھی کرسکتا ہے ،کیونکہ اب کشمیریوں کو وہی حقوق حاصل ہیں جو ایک عام بھارتی شہری کو حاصل ہیں ۔پاکستان سمیت عالمی دنیا میں بڑا شور شرابہ کیا گیا ،وزیر اعظم عمران خان نے اقوام متحدہ میں جاکر لہو گرمادینے والی تقاریر کی اور 35A اور آرٹیکل 370کے خاتمے کو غیر آئینی قراردیا،مگر حقائق کچھ یوں ہیں ،جس سے پاکستانی اور دنیا والے آگاہ نہیں ہیں ،ریاست کشمیر جس کا کل رقبہ 86ہزار مربع میل ہے ،اس ریاست میں انڈیا کے زیر انتظام مقبوضہ کشمیر ،پاکستان کے زیرانتظام کشمیر،گلگت بلتستان اورکرگل و لداخ شامل ہیں ۔ریاست کشمیر جو آج کل میڈیا میں اجاگر ہے ،یعنی جس کو آج کا ایک عام پاکستانی شہری سے لے کر اہل علم شہری بھی کشمیر ی ریاست سمجھتا ہے۔یعنی آج کی لڑائی آزاد کشمیر اور مقبوضہ کشمیر کے 8ہزار مربع میل رقبہ پر لڑائی ہے ،15سو کے قریب مربع میل پاکستان کے زیر انتظام کشمیر، جبکہ انڈیا کے زیر انتظام کشمیر کا رقبہ 6ہزار مربع کلو میٹر سے بھی زیادہ ہے ۔ انڈیا کے قبضے میں اس وقت کل 38ہزار مربع میل ہے ،جس میں مقبوضہ کشمیر اورکرگل و لداخ شامل ہیں۔ جس بات پر لڑائی جاری ہے وہ مقبوضہ کشمیر پر ہے ،پاکستان کے بقول انڈیاآرٹیکل 370کا خاتمہ کرکے کشمیری اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنا چاہتا ہے ،مگرا یسا ممکن نہیں ،کیونکہ 6ہزارمربع میل پر 80لاکھ سے زائد آبادی وہاں پہلے سے موجود ہے ۔انڈیا چاہے تو بھی اس میں باہر سے لوگوں کو لاکر بسانے میں دشواری ہوگی ،جبکہ 30ہزار مربع میل کرگل اور لداخ کا علاقہ ہے جو کہ انڈیا کے زیر انتظام ہے یہاں کی آبادی ناہونے کے برابر ہے ،اب اگر انڈیا 35A اور آرٹیکل 370 کے خاتمے کے بعد لداخ میں باہر سے لاکر ہندوں کو آباد کرنا چاہتا ہے ،کیونکہ لداخ کارقبہ بہت زیادہ ہے اور آبادی نا ہونے کے برابر اور وہاں کے لوگ معاشی اور تجارتی اعتبار سے مقبوضہ کشمیر سے پیچھے ہیں اور لداخ میں آبادی بساسنے میں انڈیا کو کوئی مشکل پیش نہیں آئے گی وہ اس لئے کہ پاکستان سمیت دنیا کو صرف مقبوضہ کشمیر ہی نظر آرہا ہے لداخ اور گلگت بلتستان نہیں ،اس لئے بھارت بغیر کسی دباو¿ اور مزاحمت کے لداخ کی ڈیموگرافی کو تبدیل کردے گااور کل کلاں اگر حق خود ارادیت دے بھی دیا جائے تو پھر پاکستان سمیت کشمیریوں کی شکست واضح ہوگی کیونکہ انڈیا لداخ میں ہندوں کی بڑی آبادی بسانے کی پلاننگ کررہا ہے ،اقوام متحدہ میں جس ڈھٹائی سے وزیر اعظم پاکستان عمران خان اپنی تقریر میں فرما رہے تھے کہ 35A اور آرٹیکل 370 کا خاتمہ اقوام متحدہ کے قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے اور اقوام متحدہ سمیت یورپی ممالک کو اس پر خاموشی توڑدینی چاہئے ،اس ڈھٹائی سے جھوٹ بولنے سے قبل وزیر اعظم پاکستان کو یہ بھی سوچنا چاہئے کہ انڈیا نے جن قوانین کو ابھی روند نے کیلئے لائحہ عمل تیار کیا ہے ان قوانین کی پاکستان دھجیاں بھی اڑ ا چکا ہے اور پاکستان نے ان قوانین کاقتل عام ایک عرصہ قبل کیا ہے ۔پاکستانی حکومت ،عدلیہ ،دفترخارجہ اور ہر کس وناکس گلگت بلتستان کے متعلق یہی کہتے ہوئے آرہے ہیں کہ گلگت بلتستان کشمیر کا حصہ ہے اس لئے آئینی حقوق نہیں دے سکتے ،یہی بات سمجھاتے ہوئے عرصہ گزرگیا کہ جب گلگت بلتستان کشمیر کاز کا فریق ہے تو پھر تمہیں کہاں سے اختیار ملا تھا کہ 35A اور آرٹیکل 370 کو ختم کرنے کا اور گلگت بلتستان کی 50ہزار زائد کنال زمین کو فوج کے حوالہ کرنے اور 2لاکھ کے قریب غیر گلگت بلتستانیوں کو گلگت بلتستان کی شہریت دینے کا اختیار تمہیں کس نے دیا تھا ،اس حساب سے انڈیا کو موقع کسی اور نے نہیں بلکہ آپ نے ہی فراہم کیا ہے ۔1962ءمیں 4000مربع میل زمین کو چائنہ کے حوالہ کرنے کا اختیار کس نے دیا ،گلگت بلتستان اور کشمیر کا فیصلہ ہونا باقی ہے تو کس قانون کے تحت گلگت بلتستان کی زمین کو چائنہ کے حوالہ کیا گیا ،کوئی بتا سکتا ہے کیا کہ جب 1952کشمیر آفیئرز کے قیام کے وقت دیامر کوہستان اور چترال کو کے پی کے کے حوالہ کس آئین کے تحت کیا گیا ،گلگت بلتستان کی جغرافیائی اور ڈیموگرافی پر حملہ پاکستان نے کیوں کیا ،یہ ایسے حقائق اور سوالات ہیں جن سے دنیا واقف نہیں ،ان تمام حقائق کو مد نظر رکھ کر 35A اور آرٹیکل 370 کے خاتمے سے جتنا نقصان گلگت بلتستانیوں اور لداخ والوں کا ہورہا ہے اتنا نقصان مقبوضہ کشمیریوں کا نہیں ہورہا۔کیونکہ مقبوضہ کشمیر اور آزاد کشمیر سے زیادہ رقبہ گلگت بلتستان کا پاک فوج کے پاس ہے ۔دوسری طرف گلگت بلتستان پر دنیا کی نظریں مرکوز ہیں جبکہ گلگت بلتستان کے مقابلے میں کشمیر کے پاس کچھ نہیں سوائے متنازعہ حیثیت کے۔
مقبوضہ کشمیر کا ایشو پاکستان اور انڈیا کا بنا یا ہوا ایشو ہے ،جس میں عالمی دنیا کی دلچسپی نہیں وہ اس لئے کہ کشمیر نا تو تجارتی حب ہے اور ناہی عالمی دنیا کیلئے اس کی اہمیت ہے ،چند سال بعد صیح کشمیر پر دنیا کی توجہ ختم ہوگی ،اب دنیا کی توجہ اور گریٹر گیم اور دنیا کے ترقی یافتہ سمیت ترقی پذیر ممالک کی نظریں گلگت بلتستان پر جمی ہوئی ہیں جو بیک وقت مختلف خصوصیات کا حامل علاقہ ہے ،گلگت بلتستان 28ہزار مربع میل پر مشتمل ایسا رقبہ ہے ،جس سے دنیا کی نصف سے بھی زیادہ آبادی جڑی ہوئی ہے ،ایک طرف دنیا کا سب سے بڑی آبادی والا ملک چائنہ ،دوسری طرف انڈیا ،پا کستان ،افغانستان اور تاجکستان کے راستے ،روس تک اس خطے کی رسائی بہت آسانی سے ممکن ہے ۔گلگت بلتستان کے لوگ اگر وقت پر اپنے حقوق کا دفاع نا کریں تو آنے والے دن ان کے لئے مشکل ترین دن ثابت ہونگے ۔گلگت بلتستانیوں کو چاہیے کہ وہ اسٹیٹ سبجیک رول کی بحال کیلئے بھر پور آواز بلند کریں اسی میں ہمارے حقوق محفوظ ہیں ،تاکہ ہماری جغرافیہ ،زمین ،وسائل سب محفوظ ہونگے۔پاکستان کے حکمرانوں ،سیاسی اور مذہبی جماعتوں کو چاہئے کہ وہ قبل اس کے کہ جہاد شروع کریں کشمیر کیلئے پہلے پارلیمنٹ میں گلگت بلتستان میں آرٹیکل 370اور 35A کی بحالی کرائیں اور پھرمقبوضہ کشمیر میں جہاد کیلئے ساتھ ہم بھی ہونگے ۔
تحریر :عبدالحسین آزاد
آرٹیکل 370، 35A اور گلگت بلتستان کا مقدمہ۔۔
More Stories
شاہراہ بلتستان ،شاہراہ قراقرم کی زبوں حالی اور سیاحت کا مستقبل۔
دیرینہ کارکنوں کی قربانیاں اور سیاسی جماعتیں
اقوام متحدہ میں گلگت بلتستان کا مقدمہ ہے یا نہیں ؟