گلگت بلتستان میں سٹیٹ سبجیکٹ کی خلاف ورزی اور لینڈ ریفارمز ایکٹ،فائدہ بھارت کو ہوگا۔

0 0

سٹیٹ سبجیکٹ رول کیا ہے؟
محترم قارئین سوشل میڈیا پر مسلم لیگ ن کی جانب سے گلگت بلتستان میں لینڈ ریفارمز ایکٹ کی منظوری اور اس کے منفی اور مثبت نتائج پر گرما گرم بحث جاری ہیں۔لہذا سٹیٹ سبجیکٹ رولز پر گفتگو کرنے سے قبل ہمیں باشندگان ریاست اور غیر باشندگان ریاست کے درمیان فرق کو سمجھنے کی ضرورت ہے تاکہ کسی بھی قسم کا ابہام نہ رہے۔ وہ تمام افراد جویکم نومبر 1947 ء سے قبل موجود ہ آٹھائیس ہزار مربع میل گلگت بلتستان میں مستقل رہائش رکھتے تھے اور رکھتے ہیں انہیں باشندگان ریاست کہا جاتا ہے۔ جبکہ وہ تمام افراد جو کہ یکم نومبر 947 1 ء کے بعد گلگت بلتستان میں مستقل یا عارضی طور پر رہائش رکھتے ہیں یا کاروبار کرتے ہیں یا ملازمت کرتے ہیں وہ غیر باشندگان ریاست کہلاتے ہیں۔ سٹیٹ سبجیکٹ رولز پر عمل در آمد کے لئے گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی میں چند ممبران اسمبلی کی طرف سے پیش کی جانے والی قرارداد کو حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ نواز اور مذہبی جماعت مجلس وحدت مسلمین کے اراکین کی سخت مخالفت کی وجہ سے مسترد کئے جانے کے بعد گلگت بلتستان کی سیاسی حلقوں میں ایک تازہ بحث چھڑ گئی ہے۔اس قانون کی مخالفت کرنے والوں کا خیال ہے کہ اس قانون کی اطلاق سے گلگت بلتستان میں بد امنی پھیل سکتی ہے کیونکہ گزشتہ ستر سالوں سے لاکھوں غیر مقامی اس قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے گلگت بلتستان میں عوامی املاک و ارضی پر قابض ہو چکے ہیں ان افراد کو گلگت بلتستان سے بے دخل کرنا ممکن نہیں ہے۔ دوسری طرف گلگت بلتستان کی اکثریتی عوام کا مطالبہ ہے کہ سٹیٹ سبجیکٹ رولز کا نفاذ گلگت بلتستان کی بقاء و سلامتی کا مسئلہ ہے۔ ان کا موقف ہے کہ گلگت بلتستان متنازعہ خطہ ہونے کی وجہ سے یہاں سٹیٹ سبجیکٹ رولز روز اول سے ہی نافذالعمل ہے ، حکومت پاکستان کی خواہشات کے مطابق کشمیر تنازعے پر استصواب رائے سٹیٹ سبجیکٹ رولز کی بنیادوں پر ہی ہونا ہے۔ بھارت نے جموں کشمیر میں 5 اگست 2019 کو اس قانون کو جسے 35A کہا جاتا ہے ختم کر دیا ہے جس کی حکومت پاکستان شدید الفاظ میں مذمت کر رہی ہے۔ گلگت بلتستان کے عوام نے بھی بھارتی اقدام کو نا پسندیدہ قرار دیتے ہوئے احتجاج ریکاڑد کی ہیں۔ اگر مودی کی نقش قدم پر چلتے ہوئے گلگت بلتستان میں بھی سٹیٹ سبجیکٹ رولز کو ختم کیا گیا اور لینڈ ریفام ایکٹ لائی گئی تو یہ عمل مودی کے اقدام پر حق مہر ثبت کرے گی اور حکومت پاکستان کا بھارتی اقدام پر رد عمل سبو تاژ ہوگی۔ بھارت لینڈ ریفام ایکٹ کو سفارتی سطح پر پاکستان کے خلاف ایک موثر ہتھیار کے طور پر استعمال کرے گی۔ حکومت پاکستان کا آج بھی موقف ہے کہ گلگت بلتستان میں سٹیٹ سبجیکٹ رولز نا فذالعمل ہے لیکن لینڈ ریفارم ایکٹ اس موقف کی نفی کرے گی۔حکومت،گلگت بلتستان میں اس قانون کی پاسداری کو یقینی بنا کر اخلاقی جواز کے ساتھ جموں کشمیر میں اس قانون کو ختم کرنے کی بھارتی منصوبہ پر تقریر کر سکتی ہے ۔ گلگت بلتستان میں لینڈ ریفارم ایکٹ کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہونا خارج از امکان نہیں ہے، یہ ایکٹ مودی کے ہاتھوں کو مضبوط کرتی ہے اور حکومت پاکستان کے جموں و کشمیر پر موقف کو زمین بوس کرتی ہے۔ گلگت بلتستان سے اس قانون کو ختم کرنے کے لئے پہلے گلگت بلتستان کو تنازعہ کشمیر سے الگ کرنا ہوگا، پاکستان کی آئین میں شامل کرنا ہوگا بصورت دیگر اس طرح کے اقدامات دشمن کو محفوظ راستہ دینے کے علاوہ کچھ نہیں۔
گلگت بلتستان میں سٹیٹ سبجیکٹ رولز پر عمل در آمد باشندگان ریاست اور غیر باشندگان ریاست دونوں کے مفاد میں ہیں جو کہ مختصرا درج ذیل ہیں۔
باشندگان ریاست کے لئے فوائد
۱۔ باشندگان ریاست کی جان و مال کو تحفظ حاصل ہوگا جو کہ اس وقت دن بہ دن غیر محفوظ ہوتا جا رہا ہے اور باشندگان ریاست پر زندگی تنگ ہوتی جا رہی ہے۔
۲۔ گلگت بلتستان کی عوام کی ملکیتی و اجتماعی اراضی، زیر کاشت،شاملات، داس،جنگلات اور چراگاہوں کو بچایا جا سکتا ہے جن پر باشندگان ریاست کی حق ملکیت تسلیم شدہ ہے
۳۔ گلگت بلتستان کی خالص مقامی آبادی کو اقلیت میں تبدیل نہیں کر سکے گی۔
۴۔ گلگت بلتستان میں غیر قانونی طور پر آباد ہونے والے تارکین وطن کو روکا جا سکتا ہے تاکہ باشندگان ریاستکو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔
۵۔ حکومت باشندگان ریاست کی ملکیتی زمینوں پر جبری قابض نہیں ہوگی، اگر قومی مقاصد کے لئے زمین مطلوب ہوتو عوام کو معاوضہ دے کر حاصل کرے گی۔
۶۔غیر باشندگان ریاست کو غیر قانونی ڈومیسائل کی اجراء کا راستہ رک جائے گا۔ جس سے مقامی آبادی کو ملازمتوں میں جگہ ملے گی۔
۷۔ باشندگان ریاست کو حاصل سبسڈیز کا پورا پورا حق ملے گا جوکہ اس وقت غیر باشندگان ریاست کے ساتھ تقسیم ہو رہا ہے ۔
غیر مقامیوں کے لئے فوائد
۱۔ غیر باشندگان ریاست کو گلگت بلتستان میں رہائش رکھنے اور کاروبار کرنے کے لئے قانونی اجازت نامہ حاصل ہوگا۔
۲۔ غیر باشندگان ریاست کی رجسٹریشن ہوگی اور کسی کو بھی گلگت بلتستان سے نہیں نکالا جا سکے گا سوائے قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے۔
۳۔غیر باشندگان ریاست گلگت بلتستان کے قانونی عارضی شہریت کے حامل ہونگے۔
۴۔ غیر باشندگان ریاست کی جان و مال کو قانونی تحفظ حاصل ہوگا۔ وہ کاروبار چلانے اوراپنی زندگی گزارنے میں آزاد ہونگے۔
۵۔ غیر باشندگان ریاست کو پسندیدگی حاصل ہوگی کیونکہ یہ لوگ ریاستی قوانین کی روشنی میں گلگت بلتستان کی ترقی میں حصہ دار ہونگے۔
۶۔ غیر باشندگان ریاست کی فہرست اور کاروباری اجازت نامے حکومتی اداروں کے ریکارڈ پر ہونگے۔ جس سے امن و امان کو بہتر بنایا جا سکے گا۔
۷۔ غیر باشندگان ریاست کی کاروباری اجازت ناموں کی اجراء پر خطیر رقم حاصل ہوگا جو کہ گورنمنٹ ریوینیو میں اضافے کا باعث بنے گا۔

تحریر: انجینئرمنظور حسین پروانہ
چیرمین گلگت بلتستان یونائٹڈ مومنٹ

Happy
Happy
0 %
Sad
Sad
0 %
Excited
Excited
0 %
Sleepy
Sleepy
0 %
Angry
Angry
0 %
Surprise
Surprise
0 %