دور حاضر ٹیکنا لوجی کا دور ہے، اور ٹیکنالوجی کی اہمیت سے کوئی باشعور شخص انکار نہیں کرسکتا، انسانی زندگی کا کوئی شعبہ اس ٹیکنالوجی سے خالی نہیں رہا، چاہے وہ تعلیم کا شعبہ ہو یا کھیل کا ، زراعت ہو یا صنعت و تجارت ، طب کا شعبہ ہو یا میدان جنگ ہو،لباس، کھانا، سفر ، سواری،رہن سہن غرضیکہ صبح بستر سے اٹھنے سے لے کر دوبارہ بستر پر جانے تک انسان ٹیکنالوجی میں گھرا ہے ۔گلگت بلتستان ٹیکنالوجی کے مقابلے میں ملک کے دیگر حصوں سے بہت یچھے رہ گیا ہے جسکی بہت ساری وجوہات ہیں اور سب سے بڑی وجہ اسپیشل کمیونکیشن آرگنائزیشن (ایس سی او ) ہے جس نے نہ صرف پرائیویٹ کمپنیز کا راستہ روکے رکھا ہے بلکہ یہاں کے غریب اور پسماندہ عوام کو جدید دور کے سہولیات سے محروم کئے رکھا ہے ۔ جب کوئی پرائیویٹ کمپنی یہاں پہ تھری جی یا فور جی سروسز آفر کرنے لگتی ہے تو مزکوہ کمپنی اس کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرتی نظر آتی ہے ۔ اور اپنی تمام تر توانائی اس کمپنی کا راستہ روکنے کیلئے لگاتی ہے مگر جب بات سروسز دینے کی ہو تو اللہ کی پناہ۔ ۔۔ ایک گھنٹہ بارش ہوجائے تو دو دو دن ڈی ایس ایل بند ہوجاتا ۔ کمپلین کیلئے فون کریں تو کوئی کال نہ اٹھانا اور اگر خوش قسمتی سے کال اٹھا بھی لیں تو لہجہ ایسا کہ جیسے مفت میں ڈی ایس ایل سروس کیساتھ تین وقت کا کھانا بھی دے رہے ہوں ۔ لینڈ لائن خراب ہونے پہ لائن مین کو ایک ١٨ گریڈ کے آفیسر جتنا پروٹکول دینا لازم ہے، اور اگر جابے انجانے میں آپ کے منہ سے نکلا ہوا ایک لفظ صاحب کو برا لگے ۔۔ پھر تو سمجھو کہ آپ رل گئے ۔نہ صرف آپ کا نمبر روز روز خراب ہوگا بلکہ آپ کو خود ایس سی او آفس جاکر منتیں کرنا ہونگی تب جاکے آپ کے نمبر کے آگے سے لال کلر میں کیا گیا گول دائرہ ہٹایا جائیگا۔ موبائل فو رجی کی خستہ حالی نے بھی ہر طبقہ کو بدحال کئے رکھا ہے۔ فور جی کے نام پہ لوگوں کے جیبوں کو خالی کرنا معول بن گیا ہے مگر مجال ہے کہ فور جی کے نام پہ خریدی گئی سم دوسری کمپنیز کی ٹو جی کا مقابلہ کرسکے ۔ کال ملاو تو کال نہیں ملتی اور ڈیٹا آن کرو نیٹ نہیں چلتا ایسے میں آپ کے پاس صبر ایوب کے علاوہ کوئی اور راستہ اس لیے بھی میسر نہیں کہ آپ جس کمپنی کے یوزر ہیں وہ اپنی توانائی سروس کو بہتر کرنے میں استعمال کرنے کے بجائے دوسری کمپنیز کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کرنے میں لگا رہی۔ ہمیں یاد ہیں وہ دن جب گلگت بلتستان میں موبائل سروس کا آغاز ہوا تھا اور ایس کام نے اپنی خدمات پیش کی تھیں ۔ بھلے لائن میں گھنٹوں کھڑے رہ کر پانچ پانچ ہزار میں ایک سم حاصل کی جاتی تھی مگر یہ کریڈٹ بہرحال ایس کام کو ہی جاتا ہے کہ اس دور دراز پہاڑی علاقہ میں موبائل سروس متعارف کروایا مگر اس کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ اس احسان کا بدلہ غیر معیاری سروس ، اوور بلنگ ، نامناسب رویہ اور دیگر کمپنیز سے دور رکھ کر لے ۔ ایس کام موبائل سروز کے آغاز ہونے کے کچھ عرصے بعد دیگر کمپنیز نے بھی لائسنز کیلئے اپلائی کیا تو ایس کام نے کورٹ کا دروازہ کٹھکٹھاتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ جی بی ایک متنازعہ علاقہ ہے لہذا کسی پرائیوٹ کمپنی کو لائسنز جاری کرنے سے مسائل پیدا ہوسکتے ہیں مگر بعد ازں پرائيویٹ کمپنیز نے لائسنز حاصل کرکے سروسز بھی دئیے اور ایس سی او والوں کے خدشات کے برعکس نتائج دیکھنے کوملے اور دوسری کمپنیز کے آنے سے ایک کمپنی کی اجارہ داری ختم ہوئی، نوجوانوں کو روزگار ملا اور کمپنیز کے بیچ کمپٹیشن کا فائدہ بھی عوام کو معقول ریٹس کی صورت میں ملنے لگا ۔ اب کی بار مزکورہ کمپنی ضد کئے بیٹھی ہے کہ دیگر کمپنیز کو فور جی کا لائسنز نہ دیا جائے تاکہ ہم عوام سے اسلیے جی جی کراتے رہیں کہ سب سے پہلے یہ سروس ہم نے دی تھی تو کسی اور کمپنی کو حق نہیں پہنچتا کہ وہ یہاں پہ سروسز دے اور ہماری ناقص الحال سروس کا فائدہ اٹھا کر ہمارا بستر گول کروائے ۔
تحریر : ایڈوکیٹ حیدر سلطان
گلگت بلتستان میں ایس سی او کی اجارہ داری۔۔آخر کب تک؟
More Stories
شاہراہ بلتستان ،شاہراہ قراقرم کی زبوں حالی اور سیاحت کا مستقبل۔
دیرینہ کارکنوں کی قربانیاں اور سیاسی جماعتیں
اقوام متحدہ میں گلگت بلتستان کا مقدمہ ہے یا نہیں ؟