اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک/ٹی این این)وزیر مملکت برائے امور داخلہ شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ منشیات کے خلاف ان کی جانب سے مہم چلائے جانے کے بعد مجرمانہ ذہینیت کے لوگ ان کے ساتھ تصاویر بنا کر سوشل میڈیا پر ڈال رہے ہیں اور ان کی ساکھ کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔
انہوں نے یہ بات اتوار کو سامنے آنے والی ان اخباری رپورٹوں کے جواب میں کہی جن میں انکشاف ہوا ہے کہ اینٹی نارکوٹکس فورس(اے این ایف) نے اسلام آباد سے کوکین کے ایک بڑے اسمگلر قاسم کو گرفتار کیا ہے جس نے شہریار آفریدی کا ’’بیسٹ فرینڈ‘‘ ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔
شہریار آفریدی کے ساتھ قاسم کی ایک تصویر بھی سامنے آئی ہے جس میں یہ دونوں اور چند دیگر افراد ایک سڑک کے کنارے کھڑے کیمرے کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق قاسم کو اسلام آباد کے سیکٹر ایف 8 سے گرفتار کیا گیا اور اس کے قبضے سے جو منشیات برآمد ہوئی اس کی مالیت ایک ارب روپے بتائی جاتی ہے۔ اسے اے این ایف پولیس اسٹیشن منتقل کرکے تفتیش کی گئی۔قاسم کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں نہ صرف انفرادی گاہکوں کو منشیات فراہم کرتا تھا بلکہ مختلف پارٹیوں میں کوکین بھی پہنچتا تھا۔
ذرائع کے مطابق قاسم کے فون سے مختلف پیغامات برآمد ہوئے۔ ایک میں اس نے کسی کو دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ اس کا کوئی کچھ نہیں بگاڑ سکتا کیونکہ وہ شہریار آفریدی کا بیسٹ فرینڈ ہے۔انگریزی اخبار دی نیشن نے اپنی رپورٹ میں لکھا کہ اس حوالے سے وزیرمملکت کا مؤقف لینے کی کوشش کی گئی لیکن انہوں نے جواب نہیں دیا۔ اخبار نے اے این ایف حکام کے حوالے سے لکھا کہ قاسم کو ریمانڈ کے لیے عدالت کے سامنے پیش کیا جائے گا۔
صحافیوں نے اتوار کے روز وزیر مملکت داخلہ سے اس حوالے سے سوالات کیے جس پر شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ منشیات کے خلاف مہم چلانے پر چند مجرمانہ ذہنیت کے لوگ ان کے ساتھ تصاویر بناکر سوشل میڈیا پر ڈال رہے ہیں ، ان کی شہرت کو نقصان پہنچارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عام سیاسی ورکرہوں، کسی کو اپنے ساتھ تصاویر بنانے سے نہیں روک سکتا، منشیات کی روک تھام کے لیے سڑکوں ، بسوں ، مساجد میں جاکر آگاہی مہم چلارہاہوں، اس مہم کے دوران کوئی میرے ساتھ تصویر بناکر استعمال کررہاہے تواس سے میرا تعلق نہیں۔ مہم کے دوران کئی لوگوں نے میرے ساتھ تصاویر بنائی ہونگی، میں نے ان لوگوں پر ہاتھ ڈالا ہے اس لیے یہ لوگ میری شہرت کو نقصان پہنچارہے ہیں ، میرا اور عمران خان کا وژن ہے کہ ملک کو ڈرگ فری بناناہے۔شہریارآفریدی نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آبادسمیت ملک بھر میں منشیات کے خلاف مہم میں نے خود لانچ کی، منشیات کے خلاف مہم میں وزیراعظم عمران خان کی حمایت حاصل ہے۔
Gilgit-Baltistan’s first online premier news network
GilgitBaltistan
More Stories
1971 کی جنگ نے خطہ لداخ کی محبت سے کی ہوئی شادی شدہ جوڑے کو کس طرح جدا کردیا درد ناک کہانی
خطہ بلتستان لداخ بارڈر پر پاک بھارت کے فوجی ایک دوسرے سے سگریٹ ڈرائی فروٹ کا تبادلہ کرتے ہیں مگر بچھڑے ہوئے خاُندانوں کو ملنے کیلئے لداخ سکردو روڈ آخر کیوں نہیں کھول رہا؟
عوامی ایکشن کمیٹی دو گروپوں میں تقسیم کے بعد ایک گروپ نے غذر روڑ بند کرنے کا اعلان کردیا اور غذر کے عوام کا بڑا بیان سامنے اگیا