گلگت(خصوصی رپورٹ )وزیر اعلیٰ حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان کی آئینی حیثیت کے حوالے سے سرتاج عزیز کمیٹی کی سفارشات پر عملدرآمد کرتی ہے کہ یا گلگت بلتستان آرڈر 2018کو مزید بااختیار بناتی ہے تو ہم حمایت کریںگے اور اگر ہمارے پہلے سے موجود اختیارات کو کم کرنے کی کوشش کی گئی تو ہم ہرگز قبول نہیں کریںگے۔انہوںنے ہفتہ کے روزوزیر قانون اورنگزیب ایڈووکیٹ اور مشیر اطلاعات شمس میر کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ گلگت بلتستان آرڈر 2018کے تحت ہم مکمل صوبائی نظام وہ بھی بغیر ذمہ داری کے حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں اور یہ ہمارا چیلنج ہے کہ اس سے زیادہ اختیارکوئی بھی وفاقی حکومت نہیں دے سکتی ہے جو اختیارات دوسرے صوبوں کو حاصل ہیں وہی تمام اختیارات ہمیں بھی حاصل ہیں مگر ہمارے اپوزیشن کے بعض ممبران گلگت بلتستان آرڈر 2018کو پڑھے بغیر اس پر تنقید کرتے ہیں انہوںنے بتایا کہ گلگت بلتستان کونسل سے ہمارے کچھ سنجیدہ معاملات تھے اس وقت ہم نے کہا تھا کہ یہ جی بی کونسل ہے یا خٹک کونسل ہے جی بی کونسل گلگت بلتستان ٹیکس وصول کرتا تھا ہم وفاق کے ٹیکس پرپل رہے تھے اورہمارے ٹیکس پر جی بی کونسل پل رہی تھی مگر اب گلگت بلتستان آرڈر 2018میں گلگت بلتستان کونسل کا کردارطے ہے جی بی کونسل صرف ایک مشاورتی ادارہ ہے اس کے پاس کسی بھی قسم کے مالی اور انتظامی اختیارات نہیں ہیں مگر کچھ قوتیں گلگت بلتستان کو ملنے والے ان اختیارات کو واپس لینے کیلئے سازش کررہی ہیں کچھ قوتیں نئی حکومت کویہ بتانے کی کوشش کررہی ہیں کہ وفاقی حکومت کے پاس گلگت بلتستان کے حوالے سے کچھ نہیں بچا ہے گلگت بلتستان آرڈر 2018کے تحت سیاحت،جنگلات اور معدنیات کے محکمے مکمل طورپر پر ہمارے پاس آئے ہیں اور اس حوالے سے صوبائی حکومت باقاعدہ پالیسی بھی بنارہی ہے مگر اب ان اختیارات کو واپس لینے کی کوشش ہورہی ہے انہوںنے بتایا کہ گورننس آرڈر 2009کے تحت گلگت بلتستان کی وفاقی حکومت وزارت امور کشمیر تھی اب وفاقی حکومت سے مراد وہی ہے جو دیگر صوبوں کی ہے گلگت بلتستان سے وزارت امورکشمیر کا عمل دخل ختم کیاگیا ہے مگر یہ بات ان لوگوں کوہضم نہیں ہورہی ہے جو وزارت امور کشمیر اور جی بی کونسل سے تین تین تنخواہیں لے رہے تھے انہوںنے کہا کہ گلگت بلتستان آرڈر 2018کے تحت گندم پر سبسڈی برقرار ہے گلگت بلتستان کو پانچ سال کیلئے ٹیکس فری کردیاگیا ہے این سی پی گاڑیوں کو تحفظ دیاگیا ہے گورننس آرڈر 2009میں گلگت بلتستان کو دیگر صوبوں کے برابر لانے کا کوئی ذکر نہیں تھا جبکہ گلگت بلتستان آرڈر2018میں جگہ جگہ گلگت بلتستان کو دیگر صوبوں کے برابر لانے کا ذکر کیا گیا ہے گورننس آرڈر2009میں گلگت بلتستان کے اداروں میں پالیسی بنانے کی کوئی گائیڈ لائن نہیں تھی جبکہ 2018میں پالیسی بنانے کا اختیار تسلیم کیاگیا ہے ۔گورننس آرڈر 2009کے تحت کسی بھی صوبے سے تعلق رکھنے والا شخص گلگت بلتستان کا گورنر بن سکتا تھا مگر 2018میں گلگت بلتستا ن کا ڈومیسائل رکھنے والا شخص ہی گلگت بلتستان کا گورنر بن سکتا ہے ۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ سپریم کورٹ گلگت بلتستان کو بے اختیار کرنے نہیں بلکہ بااختیار بنانے کیلئے کیس کی سماعت کررہاہے لیکن اگر سپریم کورٹ سے ایسا فیصلہ آجائے جس سے گلگت بلتستان کومزید بے اختیار کیا جاتا ہے یا گلگت بلتستان کونسل کو اصلی شکل میں بحال کرنے کی کوشش ہوئی تو ہم سپریم کورٹ میں نظرثانی کی اپیل دائرکریںگے۔وزیراعلیٰ حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی سابق وفاقی حکومت اور سابق وزیراعظم میاں محمد نوازشریف سرتاج عزیز کمیٹی کی سفارشات کو قومی اسمبلی اورسینٹ میں پیش کرکے منظوری حاصل کرنا چاہتے تھے مگر بعد میں حالات ایسے بنے کی وفاق کے تمام ادارے ایک صفحے پر نہیںتھے اور اپوزیشن نے تعاون سے انکارکردیا جس کی وجہ سے گلگت بلتستان آرڈر 2018جاری کرناپڑا۔انہوںنے ہفتہ کے روز پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ گلگت بلتستان کو حقوق دینے کے لئے سابق وفاقی حکومت اور مسلم لیگ (ن ) کے قائد میاں نواز شریف آئین پاکستان کے شق 258اور 257میں ترمیم کرنا چاہتے تھے مگر اس وقت وفاقی حکومت مختلف تنازعوں میں گری ہوئی تھی مگر اس کے باوجود وفاقی حکومت نے ہمیں کہا کہ آپ اپوزیشن سے بات کریں اگر وہ قومی اسمبلی میں گلگت بلتستان کو آئینی حقوق سے متعلق پیش کی جانے والی بل کی حمایت کرنے پر رضا مند ہیں تو ہم اس بل کو قومی اسمبلی اورسینٹ میں پیش کریں گے ورنہ ہم ایک اورتنازعے میں پڑنا نہیں چاہتے جس پر میں نے مسلم لیگ (ن) کے بعض دیگر اراکین کے ہمراہ خورشید شاہ اور دیگر اپوزیشن رہنمائوں سے ملاقات کی اور گلگت بلتستان کی آئینی حقوق پر تعاون مانگا مگر انہوںنے صاف بتادیا کہ اس صورتحال میں ہم اسمبلی میں گلگت بلتستان کی آئینی حیثیت کے بل کی حمایت کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں انہوںنے بتایا کہ اس وقت عمران خان کی حکومت ایک صفحے پر ہے یہ گلگت بلتستان کے آئینی حیثیت کے مسئلے کو قومی اسمبلی میں پیش کرسکتی ہے مگر سو دنوں میں موجودہ حکومت نے اسمبلی کا ماحول اتنا خراب کیا ہے کہ ابھی تک ایک ایکٹ بھی منظور نہیں ہوا ہے پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کو روزانہ گالیاں دی جارہی ہیں اپوزیشن کو موجودہ حکومت سے شدید تحفظات ہیں اس صورتحال میں اپوزیشن کی جانب سے کسی بل کی حمایت ممکن نظر نہیں آتی ہے اگر حکومت کسی بل کی اسمبلی سے منظوری حاصل کرناچاہتی ہے تو پھر اسے اپنے رویے پر نظر ثانی کرنا ہوگی۔
Gilgit-Baltistan’s first online premier news network
GilgitBaltistan
More Stories
1971 کی جنگ نے خطہ لداخ کی محبت سے کی ہوئی شادی شدہ جوڑے کو کس طرح جدا کردیا درد ناک کہانی
خطہ بلتستان لداخ بارڈر پر پاک بھارت کے فوجی ایک دوسرے سے سگریٹ ڈرائی فروٹ کا تبادلہ کرتے ہیں مگر بچھڑے ہوئے خاُندانوں کو ملنے کیلئے لداخ سکردو روڈ آخر کیوں نہیں کھول رہا؟
عوامی ایکشن کمیٹی دو گروپوں میں تقسیم کے بعد ایک گروپ نے غذر روڑ بند کرنے کا اعلان کردیا اور غذر کے عوام کا بڑا بیان سامنے اگیا