قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس،گلگت بلتستان میں پانچ سال کیلئے ٹیکس کی چھوٹ جبکہ فاٹا کوخیبر پختونخوا میں ضم کرنیکی منظوری دےدی۔

0 0

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی سربراہی میں ہونے والے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں بھارت کی جانب سے کنٹرول لائن پر بلا اشتعال فائرنگ کی مذمت کی گئی۔ اجلاس میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی سمیت تینوں مسلح افواج کے سربراہان، ڈی جی آئی ایس آئی اور اہم وفاقی وزرا شریک ہوئے۔کمیٹی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق اجلاس میں فلسطین اور کشمیر پر پاکستانی موقف پر اظہار اطمینان کیا گیا۔ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کو انتظامی اور مالی خود مختاری دینے کا فیصلہ جبکہ فاٹا کو خیبر پختونخوا میں ضم کرنے کی منظوری دی گئی۔ آئندہ 10 سال میں فاٹا کے لیے خصوصی فنڈز جاری کرنے کی منظوری دی گئی۔ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ کمیٹی اجلاس میں گلگت بلتستان میں پانچ سال کی ٹیکس چھوٹ دینے کی منظوری دی گئی۔ اسی طرح وزارت داخلہ کی جانب سے ویزہ پالیسی پر بھی کمیٹی کو بریفنگ دی گئی۔ قومی سلامتی کمیٹی نے متعلقہ وزارتوں کو آئینی، قانونی اور انتظامی تبدیلیاں کرنے کی ہدایت کر دی۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں کرنل سہیل عابد اور دیگر اہلکاروں کی شہادت پر اظہار افسوس کیا گیا، ملک کی داخلی صورتحال اور سرحد پر سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں میں آپریشن رد الفساد کے نتائج کا بھی جائزہ لیا گیا، بھارت کی مسلسل سرحدی خلاف ورزیوں، خطے کی مجموعی سلامتی کی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے او آئی سی کے ہنگامی اجلاس میں شرکت کے حوالے سے قومی سلامتی کمیٹی کو آگاہ کیا۔ خیال رہے کہ قومی سلامتی کمیٹی کا اس ہفتے میں بلایا جانے والا دوسرا اجلاس تھا، اس سے قبل 14 مئی کو پاک فوج کی تجویز پر سابق وزیراعظم نواز شریف کے ممبئی حملوں سے متعلق ایک متنازع بیان کے معاملے پر قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب کیا گیا تھا۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت 2 گھنٹے جاری رہنے والے اجلاس کے بعد قومی سلامتی کمیٹی نے ممبئی حملوں سے متعلق سابق وزیراعظم نواز شریف کے متنازع بیان کو مکمل طور پر غلط اور گمراہ کن قرار دیتے ہوئے تمام الزامات کو متفقہ طور پر مسترد کر دیا تھا۔ تاہم نواز شریف نے قومی سلامتی کمیٹی کے ہنگامی اجلاس کے بعد جاری کیے گئے اعلامیے کو ‘غلط’ قرار دے کر مسترد کر دیا تھا۔ واضح رہے کہ حال ہی میں بھارتی میڈیا کی جانب سے سابق وزیراعظم نواز شریف کے ایک پاکستانی انگریزی اخبار کو دیئے گئے انٹرویو کو اچھالا گیا، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ‘کیا یہ اجازت دینی چاہیے کہ غیر ریاستی عناصر ممبئی جا کر 150 افراد کو ہلاک کر دیں، بتایا جائے ہم ممبئی حملہ کیس کا ٹرائل مکمل کیوں نہیں کر سکے؟

Happy
Happy
0 %
Sad
Sad
0 %
Excited
Excited
0 %
Sleepy
Sleepy
0 %
Angry
Angry
0 %
Surprise
Surprise
0 %