گلگت اور چلاس میں حالات کشیدہ ہونے کا امکان، فوج کے دستے طلب.

0 0

گلگت (ٹی این این) گلگت بلتستان کے ضلع گلگت اور چلاس میں الیکشن میں مبینہ دھاندلی کے باعث پیدا ہونے والی کشیدگی کے پیش نظر گلگت بلتستان کی نگراں حکومت نے گلگت اور چلاس میں امن وامان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لئے فوجی دستے طلب کیے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق نگراں حکومت نے وزارت داخلہ کو خط لکھ کر کہا ہے کہ 480 فوجی جوان طلب کیے ہیں۔ ان میں 300 گلگت اور 180 چلاس میں تعینات کیے جائیں گے۔ یہ تعیناتی 18 سے 23 نومبر تک ہوگی اور فوجی دستے سول انتظامیہ کی مدد کریں گے۔
گلگت حلقہ نمبر 2 میں پیپلز پارٹی کے جمیل احمد اور تحریک انصاف کے فتح اللہ خان کے درمیان تنازع ہے۔ الیکش کی رات تک پیپلز پارٹی کا امیدوار 609 سے زائد ووٹوں کی برتری پر تھا مگر صبح اٹھے تو تحریک انصاف کا امیدوار 2 ووٹوں کی برتری سے جیت گیا تھا جس پر پیپلز پارٹی نے دھرنا دیا۔ یہاں دو دن سے ووٹوں کی گنتی جاری ہے کسی بھی وقت نتیجہ متوقع ہے۔ یہاں سے مسلم لیگ ن کے حافظ حفیظ الرحمان تیسرے نمبر پر ہیں۔
حلقہ نمبر 17 داریل میں جمعیت علمائے اسلام کے رحمت خالق کی جیت کا نوٹیفیکیشن ہوچکا ہے مگر تحریک انصاف کے امیدوار حاجی حیدر خان کی درخواست پر خواتین کے ایک پولنگ اسٹیشن میں دوبارہ انتخابات کا فیصلہ ہوا ہے۔ بلاول بھٹو اور پیپلز پارٹی کے دیگر رہنماؤں نے بھی کہا تھا کہ اس پولنگ اسٹیشن پر خواتین کو ووٹ نہیں ڈالنے دیا گیا۔ اسی طرح حلقہ 21 یاسین میں مسلم لیگ ن کے غلام محمد کی جیت کا نوٹیفیکیشن ہوچکا ہے مگر پیپلز پارٹی کے امیدوار ایوب شاہ کی درخواست پر ایک پولنگ سٹیشن میں دوبارہ پولنگ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق اس پولنگ اسٹیشن کے بیلٹ باکس کو غیرقانونی طریقے سے دوسرے مقام پر منتقل کیا گیا، جب پولیس نے برآمد کیے تو وہ ٹوٹے ہوئے تھے۔

 

Happy
Happy
0 %
Sad
Sad
0 %
Excited
Excited
0 %
Sleepy
Sleepy
0 %
Angry
Angry
0 %
Surprise
Surprise
0 %
× News website