کاش میں مر گئی ہوتی !

0 0

ارم اپنے بھائی شہزاد سے بہت پیار کرتی تھی کیونکہ اس دنیا میں اس کا کوئی اپنا نہ تھا سوائے اپنے بھائی کے ۔ وہ ابھی چھوٹی تھی کہ اس کے بابا اسے اس کی ماں کے سپر د کرتے ہوئے ہمیشہ کے لیے یہ دنیا چھوڑ چلے گئے ۔ماں کی ممتا بھی اسے زیادہ دیر نصیب نہ ہوئی ، ابھی بابا کو بچھڑے تھوڑا ہی عرصہ ہوا تھا کہ ماں بھی اسے بھائی کے سپرد کرتے ہوئے اس دنیا سے چلی گئیں ۔ پھر اس کا جو کچھ تھا تو وہ اس کا بھائی ہی تھا ۔ بھائی اس کا بہت خیال رکھتا ۔پھر وہ دونوں اپنے ماموں کے ہاں رہنے لگے ۔ بھائی کی عمر ابھی 12 برس تھی کہ کچھ کمانے کی غرض سے شہر کو نکلا ۔ وہ شہر میں آ کر کام کرنے لگا ۔ وہ محنت مزدوری کرتا اور کچھ پیسے کماتا اور وہ پیسے اپنی بہن کی خوشیوں کی نذ ر کر لیتا ۔ بھائی ہر ممکن کوشش کرتا کہ اسے کبھی ماں باپ کی کمی محسوس نہ ہو نے پائے ۔ غم تو اسے بھی بہت تھا ماں باپ کے بچھڑ جانے کا پر بہن کو خوش دیکھ کر اسے یہ غم بھول جاتا ۔شہزاد شہر میں ہی کام کرنے لگا اور ایک ماہ بعد گھر جاتا اور بہت سے تحفے اپنی بہن کے لیے لے جاتا ۔بہن کے چہرے پہ کھلکھلاہٹ دیکھتا تو اسے بہت تسکین ملتی ، وہ سب غم بھول جاتا ۔
کچھ وقت کے بعد ارم ماموں کے گھر خوش رہنے لگی ۔جو وقت شہزاد ارم سے دور شہر میں محنت مزدوری کرتا اس وقت ارم کے ماموں اس کی دیکھ بھال کرتے ۔ اسے کیا خبر تھی یہ تھوڑے سے پل جو خوشی کے آئے یہ جانے کو ہیں اور پھرسے غم آنے کو ہیں ۔جمعہ کا دن تھا اور ماموں بھی وہیں چلے گئے جہاں ارم کے ماں باپ اسے چھوڑ کے چلے گئے تھے ۔ ارم اور ارم کی مامی بے ہوش ہو گئیں ، جب ہوش آیا تو محلے والے ان کے گھر جمع تھے ۔ وہ خون کے آنسوں روئیں ، بہت چیخیں ،بہت چلائیں ۔ پر جو ہونا تھا وہ ہو چکاتھا ۔ اب تو ماموں واپس نہ آنے والے تھے ۔
آنکھوں میں آنسوں لیے ارم بھائی سے پوچھتی ہے ، بھیا یہ مجھے سبھی چھوڑ کے کیوں جا رہے ہیں ؟میں نے کیا ایسا غلط کر دیا جس کی سزا یوں مجھے مل رہی کہ پہلے میرے بابا چلے گئے پھر میری مامااور اب ماموں ۔ بھیا کیا آپ بھی مجھے چھوڑ کے چلے جاؤ گے ؟ شہزاد کا دل پھٹا جا رہا تھا ارم کی باتیں سنتے ہوئے ۔ نہیں نہیں ۔میں کبھی تمہیں اس طرح چھوڑ کے نہیں جاؤ گا ، میں وعدہ کرتا ہوں کہ میں تمہیں کبھی اکیلا نہیں چھوڑوں گا ۔ اس کے بعد وہ جی تو رہے تھے پر غم انہیں اندر ہی اندر کھائے جا رہا تھا ۔ کبھی نہ کبھی ،کہیں نہ کہیں انہیں یاد آتی اور بے اختیار رو پڑتے ۔ پتا نہیں خوشی ان سے چھنتی کیوں جا رہی تھی ۔
اس دردنا ک واقعہ کے کچھ عرصہ بعد شہزاد پھر شہر چلا آیا ارم اور ارم کی مامی ہر روز فون پہ شہزاد سے بات کرتے ، خیر و عافیت دریافت کرتے اور پوچھتے گھر کب آؤ گے ؟ شہزاد کہتا تنخواہ ملے گی تو آؤں گا چار دن کی چھٹی لے کر، مہینے بعد شہزاد گھر آتا جو کچھ پیسے کماتا ان میں سے مامی اور اپنی بہن کو دیتا اور واپس چلا جاتا ۔ یہ وہی تینوں اور خدا جانتا ہے کہ کس مشکل سے وہ زندگی کو جی رہے تھے ، زندگی نے تو گویا انہیں عذاب میں مبتلا کر رکھا تھا ۔ وہ کہتے خدا انسان کے لیے جو کچھ بھی کرتا ہے انسان کے لیے بہتر ہی کرتا ہے ۔
پھر ایک دن شہزاد کا مامی کو فون آتا ہے ، شہزاد صرف اتنا مامی کو کہتا ہے ۔ مامی میری بہن کا خیال رکھنا میں بہت مشکل میں ہوں ” مامی یہ سن کے بہت پریشان ہوئیں پر یہ پریشانی ارم کو نہ بتائی ۔ بس دعا کرتی رہیں کہ خدا بہتر کرے ۔ تین دن بعد خبر ملتی ہے کہ شہزاد اب نہیں رہا ، وہ درد بھری زندگی جیتے جیتے مر گیا ہے ۔ خدا جانتا ہے یہ سنتے اور جانتے ہوئے ارم اور ارم کی مامی پہ کیا گزری ہو گی ۔وہ تو بس ایک زندہ لاش بن کر رہ گئی۔ارم چلا چلا کہ کہتی ۔۔ بھیا آپ تو کہہ رہے تھے آپ مجھے کبھی چھوڑ کے نہیں جائیں گے ۔ بھیا آپ تو کہہ رہے تھے آپ مجھے کبھی اکیلا نہیں چھوڑیں گے ۔بھیا آپ نے تو مجھ سے وعدہ کیا تھا نا کہ آپ ہمیشہ میرے ساتھ رہیں گے ۔تو پھر آج میں کیوں اکیلی ہوں ؟ آج میں ہی کیوں ہوں ؟ بھیا آپ کے مرنے سے پہلے میں کیوں نہیں مری ۔ بھیا اب جینا بھی کیسا ،
بھیا کاش میں مر گئی ہوتی !

تحریر: محمد فیاض حسرت

Happy
Happy
0 %
Sad
Sad
0 %
Excited
Excited
0 %
Sleepy
Sleepy
0 %
Angry
Angry
0 %
Surprise
Surprise
0 %