کسی بھی ملک کی ہمہ جہت ترقی میں جامعات کا کردار بہت اہم ہوتا ہے کیونکہ جامعات ہی مستقبل کے رجحانات کا تعین کرتی ہیں۔ اس لئے آئینی نقطہ نظر سے جامعات خود مختار ہوتی ہیں اور کسی بھی بیرونی مداخلت کے بغیر قوانین کے مطابق چلانے سے ہی تحقیقی اور علمی پیشرفت اور دور رس نتائج حاصل ہوتے ہیں۔ جامعات عام طور پر صوبائی یا قومی اسمبلی کے ایکٹ کے تحت وجود میں آتی ہیں اور ان کے قوانین اور رہنما اصولوں کا تعین بھی ایکٹ کے ذریعے کیا جاتا ہے۔ ایکٹ کے تحت متعین رہنما اصولوں کو یونیورسٹی چارٹر یا کوڈ کہا جاتا ہے۔ اس ایکٹ کے تحت یونیورسٹی کو داخلی قانون سازی اور دیگر اختیارات تفویض کئے جاتے ہیں جس کے تحت یونیورسٹی وقتاً فوقتاً یونورسٹی کے مفاد میں قانون سازی کرتی رہتی ہے۔ ایکٹ کے تحت یونیورسٹی کے جس ادارے کے پاس قانون سازی کا اختیار ہوتا ہے اسے “سینڈیکیٹ” کہا جاتا ہے۔ یہ ادارہ کسی بھی یونیورسٹی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور یونیورسٹی کی خودمختاری اورقانونی بالادستی کا ضامن ہوتا ہے۔ سینڈیکیٹ ہی سب سے بااختیار انتظامی ادارہ یعنی ایکزیکٹیو باڈی ہے اور یونیورسٹی کے تمام امور کی نگرانی اور تمام اثاثہ جات کی حفاظت اسی ادارے کی ذمہ داری ہے۔ وائس چانسلر کے علاوہ دیگر تمام تعیناتیاں اور برخاستگیاں سینڈیکیٹ کا استحقاق ہے۔
چونکہ سینڈیکیٹ نہایت ہی اہم ادارہ ہے اس لئے اس ادارے کو سمجھے بغیر یونیورسٹی کے انتظامی اختیارات اور ان کی شفافیت کے بارے میں کوئی رائے قائم نہیں کی جا سکتی۔ جہاں تک بلتستان یونیورسٹی کا تعلق ہے یہ ایک نوزائیدہ یونیورسٹی ہے جو ابھی بھی تشکیلی مرحلے سے گزر رہی ہے۔ یہ یونیورسٹی ایکٹ آف پارلیمان کے بجائے صدارتی حکمنامے کے تحت وجود میں آئی ہے لہذا اس کا چارٹر بہت سارے نقایص پر مشتمل ہے ۔ اگر ہم صرف سینڈیکیٹ کی تشکیل اور ممبران کے سلیکشن کے طریقہ کار پر ہی غور کریں تو ایسا محسوس ہوتا ہے کہ یہ ادارہ ایک نگران ادارے کے بجائے وائس چانسلر کی زیر نگران ایک تائیدی ادارہ ہے جسے اکیڈمیا سے تعلق رکھنے والا کوئی شخص متوازن اور بااختیار قرار نہیں دے سکتا ۔
اس موضوع کو سمجھنے کے لئے ہم بلتستان یونیورسٹی کے چارٹر 2017 کو قائد اعظم یونیورسٹی ایکٹ 1973 اور کراچی یونیورسٹی ایکٹ 1972 کے ساتھ موازنہ کرتے ہیں اور دیکھتے ہیں کہ ان دو بڑی یونیورسٹیوں میں سینڈیکیٹ کی فارمیشن کس طرح ہوتی ہے اور کن اختیارات کے حامل ہیں اور بلتستان یونیورسٹی میں اس کی تشکیل کس طرح ہوتی ہے اور کس طرح کام کر رہی ہے۔
قائد اعظم یونیورسٹی اور کراچی یونیورسٹی سینڈیکیٹ درج ذیل افراد پر مشتمل ہوتی ہے:
1. وائس چانسلر (چئیر) (دونوں جامعات)
2. قومی اسمبلی کا نمائندہ جسے سپیکر قومی اسمبلی نامزد کرے گا۔ (قائد اعظم یونیورسٹی) سندھ اسمبلی کا نمایندہ جسے سپیکر سندھ اسمبلی نامزد کے گا۔ (کراچی یونیورسٹی)
3. یونیورسٹی سینیٹ کے دو نمائندے (الیکشن کی بنیاد پر) کراچی یونیورسٹی
4. چیف جسٹس آف پاکستان یا ان کا نمایندہ (قائد اعظم یونیورسٹی) چیف جسٹس ہائی کورٹ سندھ یا ان کا نمائندہ (کراچی یونیورسٹی)
5. سیکریٹری ایجوکیشن حکومت پاکستان (قائد اعظم یونیورسٹی)، سیکریٹری ایجوکیشن سندھ یا ان کا نمائندہ جو کم از کم ایڈیشنل سیکریٹری کی سطح کا ہو۔ (کراچی یونیورسٹی)
6. ہائیر ایجوکیشن کمیشن کا نمائندہ (دونوں جامعات)
7. ایک ڈین ، وائس چانسلر کی سفارش پر چانسلر نامزد کرے گا (دونوں جامعات)
8. ایک پروفیسر، ایک ایسوسی ایٹ پروفیسر، ایک اسسٹینٹ پروفیسر اور ایک لیکچرر الیکشن کے ذریعے یعنی اساتذہ کیڈر کے چار نمائندے (دونوں جامعات)
9. تین معروف شخصیات جن کو چانسلر نامزد کرے گا۔ (دونوں جامعات)
10. حکومت کی سفارش پر ملحقہ کالجوں کا ایک پرنسپل جسے چانسلر نامزد کرے گا۔ (دونوں جامعات)
11. ایک عالم دین جسے حکومت کی سفارش پر چانسلر نامزد کرے گا۔ (دونوں جامعات)
12. ایک معروف خاتون شخصیت جسے حکومت کی سفارش پر چانسلر نامزد کرے گا۔
اگر آپ غور سے ان ممبران اور ان کے طریقہ تعیناتی پر غور کریں گے تو واضح طور پر سمجھ سکتے ہیں کہ یہ ایک طاقت ور، خودمختار اور نگران ادارہ ہے کیونکہ اس میں وائس چانسلر کے اختیارات بہت محدود ہیں اور وہ ان ممبران پر اثر انداز نہیں ہو سکتے اور یہ ممبران آزادانہ طور پر فیصلے کر سکتے ہیں اور کسی بھی غیر قانونی اقدام کی مخالفت کر کے ان پر عمل در آمد روک سکتے ہیں۔
اب آتے ہیں بلتستان یونیورسٹی کی سینڈیکیٹ کا جائزہ لیتے ہیں اور دیکھتے ہیں کہ ان کے ممبران کون کون ہیں؟
1. وائس چانسلر (چئیر)
2. فیکلٹیز کے ڈینز
3. تین سینئیر پروفیسرز یا ایسوسی ایٹ پروفیسرز الیکشن کے ذریعے منتخب کیا جائے گا جو سینیٹ کا رکن نہ ہوں۔ جس کا طریقہ سینیٹ طے کرے گی (نوٹ: سینڈیکیٹ سے متعلق قوانین کی شق نمبر تین میں وضاحت دی گئی ہے کہ سینیٹ ان اساتذہ کی رکنیت کے لئے الیکشن کے علاوہ کسی دیگر طریقہ کار بھی وضع کر سکتی ہے۔ اور خود سینیٹ بھی وائس چانسلر کی سفارش پر ان تین ممبران کو نامزد کر سکتی ہے۔ )
4. متعلقہ (Constituent)کالجوں کے پرنسپلز (نوٹ: یونیورسٹی چارٹر کے چارٹر کے مطابق اس سے مراد وہ کالجز ہیں جن کا انتظام و انصرام مکمل طور پر یونیورسٹی کے ماتحت ہو ۔ چارٹر کی شق 2 کی ذیلی شق H میں اس کی وضاحت دی گئی ہے جبکہ ملحقہ کالجز (Affiliated) اس سے الگ ہیں جو ذیلی شق B میں ذکر ہیں۔ لہذاملحقہ کالجز کے پرنسپل یا ان کے نمائندوں کو ممبر کے طور پر شامل کرانا غیر قانونی ہے۔)
5. رجسٹرار
6. ٹریژرار
7. یونیورسٹی کے دو انتظامی آفیسرز
8. کنٹرولر آف اکزامنیشن
یہ ہیں وہ ممبران جن کو سینڈیکیٹ کا نام دیا گیا ہے جو سب کے سب یونیورسٹی کے ملازمین اور وائس چانسلر کا ماتحت عملہ ہیں۔ قائد اعظم یونیورسٹی اور کراچی یونیورسٹی میں وائس چانسلر کے علاوہ کوئي انتظامی افسر یا عہدیدار، رجسٹرار، ٹریژرار، کنٹرولر آف اکزامنیشن کوئی بھی رکن نہیں بن سکتا ۔ ان جامعات میں رجسٹرار شرکت کرتا ہے لیکن وہ وائس چانسلر کے سیکریٹری کے طور شرکت کرتے ہیں اور وہ قانون سازی یا فیصلہ سازی میں حصہ نہیں لے سکتے ۔ اس کے علاوہ باقی تمام ممبران مقتدر حلقوں اور اداروں سے حکومت کی سفارش پر گورنر یا صدر نامزد کرتے ہیں جس میں وی سی کی مرضی شامل ہونا ضروری نہیں ہے۔ اس کے بر عکس بلتستان یونیورسٹی میں سنڈیکیٹ کے نام ایک برائے نام ادارہ بنایا گیا ہے جو سب ویسی کے ہی ماتحت ملازمین ہیں اور ویسی ہی کے نامزد کردہ ہیں لہذا یہ قانونی روح کے منافی ہے۔ چنانچہ میری نظر یہ ایک متوازن اور بااختیار سینڈیکیٹ ہرگز نہیں ہے۔
بلتستان یونیورسٹی کے چارٹر میں موجود سقم کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موجودہ وائس چانسلر اپنے من پسند فیصلے کر رہے ہیں اور اعلی تعلیم یافتہ نوجوانوں کی حق تلفی کرتے ہوئے سفارشی افراد کو یونیورسٹی کے اعلی تدریسی اور انتظامی عہدوں پر فائز کر رہے ہیں۔ بلتستان کے عوام میں ان غیرقانونی معاملات کو لے کر بڑی تشویش پائی جاتی ہے اور ہر کوئی اپنے تحفظات کا اظہار کر رہے ہیں۔ اس تحریک کو دبانے کے لئے “تقسیم کرو اور حکومت کرو” کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے وائس چانسلر کے حواری شنا اور بلتی کے نام پر لسانی اور علاقائی اختلافات کو ہوا دینے کی کوشش کر رہے ہیں، جس سے ہوشیار رہنے کی سخت ضرورت ہے۔
میں کوئی قانون کا ماہر نہیں ہوں لہذا کوئی قانونی ماہر ہی اس سقم کو دور کرنے کے لئے راہ حل دے سکتا ہے۔
تحریر: ڈاکٹر نذیر بیسپا
More Stories
شاہراہ بلتستان ،شاہراہ قراقرم کی زبوں حالی اور سیاحت کا مستقبل۔
دیرینہ کارکنوں کی قربانیاں اور سیاسی جماعتیں
اقوام متحدہ میں گلگت بلتستان کا مقدمہ ہے یا نہیں ؟