بلتستان یونیورسٹی کا مُس تَق بِل

0 0

اس نے پہلے “مُس” کہا پھر” تَق” کہا پھر “بِل” کہا
اس طرح ظالم نے مستقبل کے ٹکڑے کردیئے
میں جب بھی بلتستان یونیورسٹی کی قیادت اور بلتستان یونیورسٹی کے بارے میں سوچتا ہوں تو یہ مزاحیہ شعر میرے ذہن میں گونجنے لگتاہے کیونکہ موجودہ قیادت روز اول سے ہی بلتستان یونیورسٹی کے مستقبل کے ٹکرے ٹکرے کرنے کے درپے نظر آتی ہے لیکن اپنی مصنوعی مسکراہٹ اور ظاہری تقوی کے ذریعے بلوں میں گھسے ہوئے مستقبل بینی کے علمبرداروں کی نظر وں میں دیوی بنی ہوئی ہے۔
میرا یہ ماننا ہے کہ بلتستان یونیورسٹی تمام اہالیان بلتستان کی امیدوں کا مرکز اور ہماری نئی نسل کے مستقبل اور خوابوں کا محور ہے لہذا بلتستان یونیورسٹی کی اچھی کارکردگی پر خوش ہونا یا کسی ناخوشگوار اور غیر معیاری واقعے پر تشویش میں مبتلا ہونا ارض بلتستان اور جامعہ بلتستان سکردو سے محبت اور ہمدردی کی علامت ہے۔ بلتستان سے درد دل رکھنے والا ہر شخص یہ یقین رکھتا ہے کہ بلتستان یونیورسٹی کی نیک نامی اور شہرت و کامیابی سے علاقے میں بہتر اور معیاری اعلی کے دروازے کھل جائیں گے اور ہمارے نوجوانوں کو گھر کی دہلیز پر معیاری تعلیم و تحقیق کے مواقع دستیاب ہوں گے۔
ہم سب جانتے ہیں کہ گلگت بلتستان کی پہلی جامعہ گلگت میں قراقرم انٹر نیشنل یونیورسٹی کے نام سے 2002 میں قائم ہوئی ۔ اصولی طور پر قراقرم یونیورسٹی کے کئي کیمپس بننے تھے لیکن طویل عرصے تک صرف گلگت کا کیمپس فعال رہا اور دوسرے اضلاع میں اس کے کیمپس کا قیام عمل میں نہ آسکا۔ دوسرے اضلاع کے طلبا کو درپیش دشواریوں کے پیش نظر ديگر اضلاع بالخصوص بلتستان ڈویژن میں قراقرم یونیورسٹی کیمپس کے قیام کی جدو جہد شروع ہوئی۔ اس جدوجہد کے نتیجے میں سال 2011 میں سکردو میں قراقرم یونیورسٹی کیمپس تو قائم کر لیا گیا لیکن یہ شرط عائد کی گئی کہ جو تعلیمی شعبے مین کیمپس گلگت میں قائم ہیں وہ یہاں نہیں کھل سکیں گے ۔ اس عجیب پابندی کے سبب مقامی طلبا کو خاطر خواہ فائدہ نہیں ہوا اور اہل بلتستان نے اس بات کے پیش نظر بلتستان میں علیحدہ یونیورسٹی کے قیام کے مطالبہ شروع کیا۔چنانکہ مقامی طلبا اور سول سوسائٹی کے مطالبے پر 14 اپریل 2015 کو اُس وقت کے وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے گلگت کے جلسے میں بلتستان یونیورسٹی کے قیام کا باقاعدہ اعلان کیا اور 19 ستمبر 2017 کو صدر مملکت پاکستان نے بلتستان یونیورسٹی چارٹر کی منظوری دی اور یوں آئینی طور پر بلتستان یونیورسٹی کا قیام عمل میں آیا اور قراقرم یونیورسٹی بلتستان کیمپس کو بلتستان یونیورسٹی میں تبدیل کر دیا گیا اور کیمپس ڈائرکٹر ڈاکٹر ارشاد مرحوم کو یونیورسٹی کاانچار ج بنا دیا گیا اور شیخ الجامعہ کی تلاش شروع ہوئی۔ غالبا 29 مارچ 2018 کو وفاقی وزارت کشمیر و گلگت بلتستان نے بلتستان یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی پوسٹ کے لئے اشتہار شایع کیا اور اس سلسے میں بننے والی کمیٹی نے پروفیسر ڈاکٹر محمد نعیم خان کو بلتستان یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے لئے نامزد کیا اور انہوں نے 24 جون 2018 کو جامعہ بلتستان کے پہلے وائس چانسلر کی حیثیت سے عہدہ سنبھالا۔
ڈاکٹر محمد نعیم خان اپنی تعیناتی کے پہلے دن سے متنازعہ بنے ہوئے ہیں اور بلتستان کی سول سائٹی اور طلبا تنظیمیں ان کے غیر سنجیدہ اور شہرت پسندانہ اقدامات کی وجہ سے بہت نالان نظر آتے ہیں ۔ انہوں نے آتے ہی سب سے پہلے بلتستان کے قلمکاروں، ادیبوں، مورخوں، نامور صحافیوں میں اعزازی سفارت کے عہدے تقسیم کئے اور یہاں کی نام نہاد اشرافیہ کو مراعات کے ذریعے خاموش کر کے ان کی حمایت حاصل کی اور یہ حضرات بلتستان یونیورسٹی کے مستقبل سے بے خبر ان کی تعریف میں زمین و آسمان کے قلابے ملانے اور ان کی ہر بھونڈی حرکت کا دفاع کرنے میں مشغول ہیں۔
ابتدا میں مرحوم ڈاکٹر ارشاد کو یونیورسٹی کا رجسٹرار مقرر کیا گیا تھا جو تعلیمی ، تدریسی اور انتظامی لحاظ سے رجسٹرار کے عہدے کے لئے موزون تھے لیکن مارچ 2019 میں ان کی ناگہانی موت کے بعد یونیورسٹی اندرون خانہ سازشوں اور شیخ الجامعہ کی غیر مقبول فیصلوں اور سستی شہرت کے حصول کے لئے کئے گئے اقدامات کے سبب تنزلی اور بدنامی کا شکار ہے۔ ڈاکٹر ارشاد کی وفات کے بعد ایک مقامی سینئر استاد کو رجسٹرار کے عہدے کے لئے نامزد کیا گیا لیکن نامعلوم وجوہات کی بنا پر ایک غیر مقامی شخص کو جو رجسٹرار کی مطلوبہ شرایط پر بھی پورا نہیں اترتا رجسٹرار نامزد کیا گیا جس سے یونیورسٹی کی خودمختاری اور میرٹ کےحوالے سے کئی سوالات نے جنم لیا۔ ایک نااہل شخص کو رجسٹرار بنائے جانے کے بعد بہت سارے ایسے واقعات پیش آئے جس سے موجودہ شیخ الجامعہ کی بدنیتی اور درپردہ بلتستان دشمنی کھل کر سامنے آتی رہی لیکن کسی نے ان واقعات کا نوٹس نہیں لیا ۔ اخبارات کے مطابق یونیورسٹی کے پونے دو ارب کا فنڈ وقت پر استعمال میں لانےکے سبب واپس چلا گیا۔ چھومیک تھنگ پر اہالیان شگر اور اہالیان سکردو کو لڑانے کی سازش کی گئی۔ یونیورسٹی کے اہم عہدوں جیسے ٹریژرار اور پروجیکٹ ڈائرکٹر پر مقامی سطح پر تعیناتی کے بجائے اپنے منظور نظر افراد کو اپنے ساتھ در آمد کر کے لایا گیا تاکہ مالی معاملات کو رازداری کے ساتھ اپنی مرضی سے چلایا جاسکے۔ ایک بار تو اخبارات اور یونیورسٹی پیج پر یہ منظر بھی دیکھا گیا کہ اکیڈمیک سیشن کی صدارت بھی وی سی کے محبوب نظر ٹریژرار فرما رہے تھے۔شاید کوئی اندھا ہی ہوگا جس کی نگاہوں سے ان کی اقربا پروری اور من پسند نوازشیں پوشیدہ ہوں کیوں کہ تعلیمی اور انتظامی معاملات میں آج بھی ان افراد کو آگے آگے رکھا جاتا ہے اور سینیٹ کے اہم اجلاس میں خصوصی اجازت نامے کے ذریعے غیر مجاز محبوب بندوں کو بھی شریک کرایا جا رہا ہے۔
ان کے من پسند فیصلے یہیں تک محدود نہیں ہیں بلکہ یونیورسٹی میں اساتذہ کی تعیناتی، ایم فل پی ایچ ڈی اسکالرشپ کی تقسیم اور رجسٹرار سمیت دیگر پرنسپل افسران کی تعیناتی کے لئے دئے گئے اشتہارات میں بھی ان کی من مانیاں واضح طور پر نظر آتی ہیں۔ اساتذہ کسی بھی یونیورسٹی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں کیونکہ جامعہ کی اصل ذمہ داری یعنی تدریس و تحقیق کا بوجھ انہی کے کاندھوں پر ہوتا ہے جبکہ دیگر ملازمین تدریس و تحقیق کے امور کو انجام دینے میں تعاون فراہم کرتے ہیں۔ اساتذہ کی تعیناتی میں بھی مقامی تعلیم یافتہ اور اہل نوجوانوں کو نظر انداز کرنے اور زیادہ تر من پسند بندوں کو نوازے جانے پر ان پر الزامات بھی لگتے رہے ہیں اور احتجاج بھی کیا گیا ہے۔ اسی طرح ایم فل پی ایچ ڈی کے طلبا کے انتخاب میں بھی غیر شفاف طرز عمل کی شکایتیں سننے کو ملی ہیں۔
یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ اساتذہ کے تعیناتی اور اسکالر شپ ایوارڈ کے لئے تمام ٹیسٹ انٹرویوز اسلام آباد میں رکھے گئے۔ جس لئے وی سی، اوررجسٹرار سمیت تمام متعلقہ ملازمین اسلام آتے جاتے رہیں اور اس چکر میں لاکھوں روپے ٹی اے ڈی اے کی مد میں دئے گئے جو ایک نئی بننے والی یونیورسٹی کے ساتھ بہت بڑی ناانصافی ہے۔ ان انٹرویوز میں شرکت کے لئے سینکڑوں بے روزگاروں نوجوانوں پر اسلام آباد آنے جانے اور وہاں رہائش اختیار کرنے کےلئے لاکھوں روپے کا بوجھ ڈالا گیا جو بذات خود ناانصافی اور زیادتی کی بہت بڑی مثال ہے۔ ہونا تو یہی چاہئے کہ جب یہ یونیورسٹی بلتستان میں بنی ہے تو تمام تر امور بھی یہیں انجام پائیں لہذا وی سی کے گھر کے قریب اسلام آباد کو مرکز بنانے کا کوئی جواز نہیں ہے۔
اسی طرح رجسٹرار ، ناظم امتحانات اور ڈائرکٹر اکیڈمیک کی اسامیوں کو بھی تین بار مشتہر کیا گیا ہے۔ پہلے دو اشتہار میں شرایط بہت سخت رکھی گئی تھیں کہ امیدوار کسی بھی مضمون میں پی ایچ ڈی کی ڈگری کے حامل ہو اور کسی بھی یونیورسٹی میں درس وتدریس یا انتظامی امور کاکم ازکم 10 سالہ تجربہ رکھتا ہو لیکن اپنے من پسند امیدواروں کو نوازنے کے لئے اپریل 2020 میں ان اسامیوں کے لئے دوبارہ اشتہار دیا گیا جس میں شرایط کو نرم کر کے ماسٹر ڈگری کو بھی اہل قرار دیا گیا نیز بعض مضامین کو اہمیت دی گئی ۔ بہ ظاہر تو کہا جا رہا ہے کہ ایسا یونیورسٹی سینیٹ کی ہدایت پر کیا گیا ہے لیکن اصل مقصد وائس چانسلر کے من پسند افراد کو نوازنے کی سازش کی گئی ہے۔ ستم بالائے ستم یہ کہ اس دفعہ بھی انٹرویوز اسلام آباد کے ایک پنج ستارہ ہوٹل میں رکھا گیا جس کے لئے یونیورسٹی کے فنڈ کو بے دریغ استعمال کیا گیا اور بلتستان سے شریک ہونے والے درجنوں امیدواروں پر اسلام آباد آنے جانے اور رہایش کی مد لاکھوں روپے کا بوجھ ڈالا گیا۔
کسی بھی یونیورسٹی میں اہل اور موزون اساتذہ اور افسران کے انتخابی عمل اور تعیناتی میں ایک آزاد اور خودمختار سلیکشن بورڈ کا کردار بہت اہم ہوتا ہے لیکن نہایت افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ بلتستان یونیورسٹی کے سلیکشن بورڈ میں نہ صرف بلتستان بلکہ گلگت سے بھی کسی کی نمائندگی نہیں ہے البتہ صرف جناب یوسف حسین آبادی صاحب کو مبصر کے طور پر جگہ دی گئی ہے۔ ادارہ جاتی نمایندوں کے علاوہ سلیکش بورڈ کے باقی تمام ممبران بلتستان کے جغرافیائي اور سیاسی پس منظر سے نابلد اور ڈاکٹر نعیم کے متعلقہ مضمون سے وابستگی رکھنے والے دوست احباب ہیں جو وی سی کی مرضی کے بغیر کبھی بھی آزادانہ طور پر فیصلے نہیں کر سکتےجس کی مثال اساتذہ کے انتخاب کے لئے منقعدہ سلیکشن بورڈ میں لگنے والے الزامات اور بے قاعدگیوں اور من پسند تعیناتیوں سے لگایا جا سکتا ہے۔ حالیہ دنوں میں رجسٹرار، کنٹرولر اکزامنیشن اور ڈائرکٹر اکیڈمکس کے لئے منعقد شدہ سلیکش بورڈ میں بھی کی جانے والی میرٹ کی پامالیاں اور من مانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں۔رجسٹرار سمیت دیگر عہدوں کے لئے اہل اور موزون امیدواروں کو شارٹ لسٹ کرنے کی بجائے سبھی امیدواروں کو انٹرویو کے لئے بلایا گیا ہے۔ انٹرویوکے دوران کسی بھی قابل قبول ترتیب کا خیال نہیں رکھا گیا تھایعنی نہ حروف تہجی کے اعتبار سے امیدواروں کو انٹرویو کے لئے بلایا گیا اور نہ ہی تعلیمی یا تجرباتی بنیاد پر ،بلکہ وی سی صاحب کے محبوب نظر بندوں کو پہلے بلایا گیا اور باقی امیدواروں کو انتظار کرا کر خوار کیا گیا ۔رجسٹرار کے انٹرویو کے دوران اپنے من پسند امیدواروں کے انٹرویو مکمل ہونے کے بعد وی سی صاحب بیماری کا بہانہ کر کے سلیکشن بورڈ سے ہی چلے گئے تھے لہذا اس دوران سلیکشن بورڈ کی صدارت کون کر رہا تھا اور اس کی کیا قانونی حیثیت ہے اس کے بارے میں یونیورسٹی انتظامیہ ہی بہتر بتا سکتی ہے۔ راقم نے وہاں موجود ذمہ داروں سے سوال کیا کہ کس اعتبار سے امیدواروں کو انٹرویو کے لئے بلایا جا رہا ہے تو ان کے پاس تسلی بخش جواب نہیں تھا۔ انٹرویو کے دوران بلتستان سے تعلق رکھنے والے اہل اور قابل امیدواروں کو جان بوجھ غیر متعلقہ سوالات میں الجھا کر اور پی ایچ ڈی ڈگری کے حامل امیدواروں کو انتظامی عہدوں کی بجائے تحقیقی عہدوں پر کام کرنے کی ہدایات دے کر امتیازی سلوک روا رکھا گیا اور میرا مشاہدہ یہی ہے کہ 15 اور 16 اگست کو منعقدہ سلیکشن بورڈ کے ذریعے وی سی کے محبوب نظر افراد کو ہی اہم انتظامی عہدوں پر منتخب کر لیا گیا ہے جس میں بلتستان کی کوئی نمائندگی نہیں ہوگی۔
حالیہ دنوں میں کواردو میں ملنے والی کراس کو لے کر موصوف اتنے زیادہ جذباتی تھے کہ بغیر تحقیق اور بغیر کسی سائنسی جانچ پڑتال کے اسے بیک جنبش قلم آسمانوں سے اتری ہوئی مقدس صلیب قرار دیا جس سے جہاں ایک طرف ایک اعلی تعلیمی اور تحقیقی مرکز کی ساکھ متاثر ہوئی وہیں بلتستان کی تاریخ اور تہذیبی و تمدنی آثار کو ناقابل جبران نقصان پہنچا ۔ راقم سمیت بعض دیگر فاضل محققین جیسے جناب عباس کاظمی جیسے بلتی زبان و ادب اور تاریخ کے امین لکھاریوں نے اس امکان کو رد کیا اور یونیورسٹی سے غیر جانبدار تحقیق کا مطالبہ کیا لیکن موصوف پر کسی بات کا کوئی اثر نہیں ہوا اور وہ صلیب کی تائید میں بعض مسیحی برادری کے اسکالرز کو بلا کر ایک سمینار بلتستان میں اور دوسرا سمینار اسلام آباد میں منعقد کراچکے ہیں جس میں کواردو کراس کو صلیب بنا کر پیش کیا گیا۔ کسی بھی موضوع پر علمی کانفرنسوں اور سمیناروں کا انعقاد کرنا کسی بھی یونیورسٹی کا استحقاق ہے۔ مجھ سمیت کسی بھی شخص کو اس بات پر اعتراض نہیں ہو سکتا۔ لیکن کواردو سکردو میں نو دریافت کراس کے بارے میں ماہرین آثار قدیمہ کی حتمی رائے سامنے آنے سے قبل قائد اعظم کے وژن اور بین المذاہب ہم آہنگی کے نام پر اس کراس کو کرسچین کراس قرار دے کر سستی شہرت کے حصول کے لئے بلتستان کی تاریخ کو مسخ کرنا کیسی تحقیق اور کہاں کی عقلمندی ہے؟ سمینار ضرور کرائیں لیکن سمینار کے پوسٹرز اوربینرز اور کو نمایاں طور پر کواردو کراس کو صلیب قرار دئے گئے اخباری تراشوں سے مزین کر کے غلط بات کی تشہیر کرنا بلتستان کی تاریخ اور تہذیب و تمدن کے ساتھ سراسر نا انصافی ہے اور یہ مذموم عمل بلتستان یونیورسٹی کی انتظامیہ کی بدنیتی کو آشکار کرنے کے لئے کافی ہے۔
8 اگست 2020 کو صدر پاکستان کی ذاتی سیر و سیاحت کے دورے سے فائدہ اٹھانے کے لئے ہنگامی حالات میں بلتستان یونیورسٹی کے تیسرے کانووکیشن کا انعقاد کیا گیا جو بلا شبہ ایک قابل تحسین عمل ہے لیکن فیس بک پر ان کی پوسٹ سے پتہ چلا کہ ان کی اپنی صاحبزادیوں نے بھی اس اہم اجلاس سے خطاب کیا ہے۔ جس کے منظر عام پر آنے کے بعد ان کو بلتستان کی سول سائٹی اور طلبا تنظیموں کی تنقید کا سامنا کرنا پڑا اور بعد میں پوسٹ میں ترمیم کر کے یہ لکھ دیا گیا کہ یہ خطاب اجلاس کے بعد غیر رسمی نشست میں کیا گیا ہے جس کے بعد لوگوں کا غصہ کچھ کم ہوا ہے۔ لیکن 20 اگست 2020 کو میریٹ ہوٹل اسلام آباد میں منعقدہ سمینار میں نظامت کے لئے بلتستان یونیورسٹی کے کسی ہونہار طالب علم کو موقع دینے کی بجائے شیخ الجامعہ صاحب نے دوبارہ اپنی صاحبزادیوں کو ہی انتخاب کیا تھاجو اقربا پروری اور بلتستان دشمنی کی ایک بدترین مثال ہے۔ وی سی صاحب یا تو بلتستان یونیورسٹی کو اپنی ذاتی ملکیت سمجھتے ہوں گے یا اس غلط فہمی کے شکار ہوں گےکہ بلتستان میں سب غلام رہتے ہیں۔
ان تمام قابل اعتراض اور تشویشناک واقعات و حالات کے پیش نظر ہم یہ سمجھنے میں حق بجانب ہیں کہ ڈاکٹر نعیم خان بلتستان یونیورسٹی کے انتہائی اہم عہدے کے لئے ناموزون ہیں۔ یہ بات واضح ہے کہ مزید کچھ عرصہ یونیورسٹی کی بھاگ دوڑ اس بندے کے ہاتھ میں رہی تو یونیورسٹی اور بلتستان دونوں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے لہذا فوری طور پر ان کو ہٹا کر کسی اہل ، بابصیرت اور یونیورسٹی کو چارٹر کےمطابق کے چلانے کا تجربہ رکھنے والے کسی قابل پروفیسر کو یہ اہم ذمہ داری سونپی جائے کیونکہ اپنی جانبدارانہ اور غیر سنجیدہ رویےکے سبب موصوف قابل اعتبار اور لایق اعتماد نہیں ہیں لہذا ان کو مزید ڈھیل دینا بلتستان کے حق میں ہرگز نہیں ہے ۔ بلتستان کی سول سوسائٹی اور طلبا تنظیموں کو جاگنے کی ضرورت ہے کیونکہ موجودہ شیخ الجامعہ خطرناک حد تک بلتستان اور بلتستان یونیورسٹی کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کا باعث بن رہے ہیں۔
تحریر: ڈاکٹر نذیر بیسپا

Happy
Happy
0 %
Sad
Sad
0 %
Excited
Excited
0 %
Sleepy
Sleepy
0 %
Angry
Angry
0 %
Surprise
Surprise
0 %