اسلام آباد ( ویب ڈیسک )پاکستان سمیت دنیا بھر میں78واں یوم پاکستان ملکی جوش و جذبے سے منایا گیا، اس مقصد کیلئے سرکاری و نیم سرکاری عمارتوں کو خوبصورتی سے سجایا گیا ، صبح کا آغاز مساجد میں نماز فجر کے بعد شکرانے کے نوافل سے ہوا، جس کے بعد وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی ۔ وفاقی و صوبائی دارالحکومتوں، تمام ڈویږنل و ضلعی ہیڈ کوارٹرز پر خصوصی پروگرام منعقد کیے گئے اور قومی پرچم لہرائے گئے۔ یوم پاکستان کے موقع پر شکرپڑیاں پریڈ گرائونڈ اسلام آباد میں مسلح افواج کی مشترکہ پریڈ کی تقریب میں سری لنکا کے صدر متھری پالا سری سینا سمیت برادر اسلامی ممالک ترکی، ملایشیا اور یو اے ای کے مہمانان گرامی بھی شریک ہوئے۔شکر پڑیاں گرائونڈ میں مسلح افواج کی پریڈ اور فضائیہ کا ایئرشو بھی ہوا ۔ پریڈ میں اماراتی فوج نے یوم پاکستان کی تقریب میں پہلی بارشرکت کی، باڈی گارڈز نے بگل بجا کر صدر مملکت ممنون حسین کے آنے کی اطلا ع دی۔صدر مملکت ممنون حسین گھڑ سوار دستے کے حصار میں پریڈ گراؤنڈ پہنچے۔ مسلح افواج کے سربراہان نے صدر مملکت کا استقبال کیا۔ اس موقع پر قومی ترانہ بجایا گیا اور انہیں سلامی دی گئی۔ سلامی کے بعد جیپ میں سوار صدر مملکت نے پریڈ میں حصہ لینے والے مسلح افواج کے دستوں کا معائنہ کیا۔سری لنکن صدر متھری پالا سری سینا، وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی، چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمرجاوید باجوہ، مسلح افواج کے سربراہان اور وزیر دفاع خرم دستگیر کے علاوہ برادر اسلامی ممالک بھی پریڈ میں شریک ہوئے۔پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے ایف 16 پر سلامی پیش کی جبکہ جے ایف 17 تھنڈر طیاروں نے فلائی پاسٹ کیا اور فضائی کرتب بھی دکھائے، پاک فوج کے ہیلی کاپٹرز فلائی پاسٹ کرتے ہوئے سلامی کے چبوترے کے اوپر سے گزرے اور کمانڈوز نے پیرا شوٹ کے ذریعے فضا سے زمین تک آنے کا مظاہرہ بھی کیا۔ناقابل تسخیر دفاع کی ضمانت جدید ترین میزائلوں نصر،بابر،شاہین ،میدان جنگ کے مضبوط ہتھیار،الخالد اور الضرار ٹینکوں،توپخانے ،ریڈار سسٹم سمیت دیگرفوجی سازوسامان کی نمائش بھی کی گئی۔ سپیشل سروسز گروپ، کوئن آف بیٹل فیلڈ انفنٹری، خواتین افسروں اور نرسنگ کور کے دستے نے بھی مشترکہ پریڈ میں معزز مہمانوں کو سلامی پیش کی۔ تقریب میں سندھ ،پنجاب ، خیبر پختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے ثقافتی فلوٹس اور روایتی رقص ، پریڈ میں توجہ کا مرکز بن گئے، پاکستان رینجرز کے کیمل بینڈ نے بھی خوبصورت انداز میں شرکت کی۔ یوم پاکستان کی تقریب میں پہلی بار متحدہ عرب امارات کے تینوں مسلح افواج کے دستے نے سلامی پیش کی ۔پاکستان کی طرح دنیا بھر میں پاکستانی یوم پاکستان منا رہے ہیں ۔ متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں پاکستانی سفیر معظم احمد خان کی جانب سے شکریہ پاکستان کے نام سے یوم پاکستان کے 4 روزہ جشن کا اہتمام کیا گیا ہے۔چین کے دارالحکومت بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانے میں یوم پاکستان قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ ترکی کے شہر انقرہ میں بھی یوم پاکستان کے موقع پر خصوصی تیاریاں کی گئیں۔استنبول میں برطانیہ اور ایشیا کوملانے والے پْل کو پاکستانی پرچم سےروشن کیا جائے گا۔ادھر مقبوضہ کشمیر کے علاقے سری نگر میں بھی دختران ملت کے زیر اہتمام یوم پاکستان کی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔تقریب میں تحریک کی رہنما آسیہ اندرابی اور دیگر خواتین نے پاکستانی قومی ترانہ بھی پڑھا۔ یوم پاکستان کے حوالہ سے 23 مارچ کی صبح پاکستانی ہائی کمیشن سری لنکا میں ایک رنگا رنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر پاکستان کے قائمقام ہائی کمشنر نے قومی پرچم لہرایا۔ بعد ازاں صدر پاکستان اور وزیراعظم پاکستان کے خصوصی پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔
Gilgit-Baltistan’s first online premier news network
GilgitBaltistan
More Stories
1971 کی جنگ نے خطہ لداخ کی محبت سے کی ہوئی شادی شدہ جوڑے کو کس طرح جدا کردیا درد ناک کہانی
خطہ بلتستان لداخ بارڈر پر پاک بھارت کے فوجی ایک دوسرے سے سگریٹ ڈرائی فروٹ کا تبادلہ کرتے ہیں مگر بچھڑے ہوئے خاُندانوں کو ملنے کیلئے لداخ سکردو روڈ آخر کیوں نہیں کھول رہا؟
عوامی ایکشن کمیٹی دو گروپوں میں تقسیم کے بعد ایک گروپ نے غذر روڑ بند کرنے کا اعلان کردیا اور غذر کے عوام کا بڑا بیان سامنے اگیا