وکلاء ہڑتال اور موکلیں۔۔۔

0 0

ہر معاشرہ میں وکلاء اپنے معاشرہ کا زر گل ہوتے ہیں ۔ یعنی اعلیٰ تعلیم یافتہ ‘ سنجیدہ ‘ یعنی ایسا شخص ہوتا ہے جو ایک طویل عرصہ قوانین کو بطور ایک خاص اور اہم مضمون پڑھنے اور اس میں اعلیٰ سند حاصل کرنے کے لئے کئی سال بہت محنت اور عرق ریزی کرتا ہے ۔ تاکہ وہ اپنے معاشرہ اپنے وطن میں مظلوم اور محروم عوام کو انصاف مہیا کرے۔ایک طرح سے وکلاء قانون کے محافظ ‘ قانون نافذ کرانے والا اور جن لوگوں کے ساتھ معاشرہ میں اخلاقی ‘ معاشرتی اور ملکیتی معاملات میں زیادتی ہوتی ہے ان کی دادرسی کرانے والا ہوتا ہے ۔ بالفاظ دیگر ومعاشرہ میں عدل و انصاف کے لئے تگ و دو کرنے والا کار پیغمبری میں شریک ہوتا ہے ۔ لیکن ایک عرصہ سے ہمارے ملک میں ان کار پیغمبری کرنے والے طبقہ میں ایک ایسی غلط اور نہایت دل آزار روایت چل پڑی ہے کہ ہر مہنے ‘ ہر ہفتے اور بار بار ان کے موکلین کو ان کی طرف سے شدید ذہنی تکلیف پہنچتی ہے ۔ہمارے معزز وکلا نے یہ روایت پکڑی ہوی ہے کہ ملک میں کہیں بھی کسی وکیل کے ساتھ کسی نے نازیبا حرکت کی ہو یا اس کے ساتھ کوئی ظلم کیا ہو تو وکلا ء اس ظلم کے خلاف بظور احتجاج ایک یا زیادہ دنوں تک ہڑتال کرتے ہیں ‘ عدالتوں کا بائیکاٹ کرتے ہیں جس سے خود ہمارے گلگت بلتستان میں بھی ہزاروں موکلین شدید متاثرہوتے ہیں۔یہ موکلین جن میں سے کئی خود مظلوم ہوتے ہیں اور کئی تو دور دراز سے سفر کرکے تاریخ پیشی پر حاضر عدالت ہوجاتے ہیں لیکن وکلاء کے ہڑتال کی وجہ سے اسے پھر کوئی تاریخ دی جاتی ہے اور وہ موکل بے نیل و مرام شدید ذہنی خلفشار کے ساتھ واپس گھر چلا جاتا ہے ۔ اس ایک دن کی تاریخ سے سینکروں لوگوں کا وقت ضائع ‘ آنے جانے کے اخراجات ضائع۔ایسا لگتا ہے کہ اس موکل نے کوئی جرم کیا تھا جس کی اسے وکیلوں کے ذریعے سزا مل رہی ہے ۔ وکلاء کے ہڑتالوں کی وجہ سے جو مقدمہ سال میں اپنے منطقی انجام کو پہنچ جاتا تھا اس پر مزید سال بلکہ اس سے بھی زیادہ لگتا ہے ۔وکلا صاحبان کی ہڑتال در اصل ان کے کسی ممبر کے خلاف کوئی زیادتی یا ان کے عمومی مفادات کے خلاف کوئی احتجاجی اقدام ہوتا ہے ۔ اور ان کے خلاف احتجاج کرنا ان کا حق ہوتا ہے ۔کبھی کبھی ایسا بھی ہوتا ہے کہ کسی وکیل کا اپنے ذاتی معاملات میں کسی شخص سے کوئی جھگڑا یا مار پیٹ ہوتا ہے تو اسے تمام وکلاء کا مسئلہ بناکر ہڑتال کیا جاتا ہے جو افسوس کی بات ہے۔ کسی بھی ظلم وزیادتی یا توکسی معزز وکیل کی بے جا توہین ‘ یا ذاتی جھگڑے پر تمام وکلا کا ہڑتال کرنا ان کے موکل کے ساتھ بہت بڑی زیادتی ہے۔کسی بھی اہانت ‘ حق تلفی یا ظلم کے خلاف احتجاج کرنے اور دادرسی چاہنے کے لئے کئی طریقے ہوتے ہیں مثلا ً اس واقعہ یا شخصیت کے خلاف میڈیا میں احتجاجی بیان دینا اور مذمت کرنا اور کالی پٹیاں باندھنا ‘ یا اگر زیادتی اہانت آمیز ہو یا ان کی جان کو خطرہ ہو تو اس کے خلاف تھانہ میں رپورٹ کرنا یا کسی بھی مجاز عدالت سے رجوع کرنا صحیح اور قانونی طریقے ہیں۔ان طریقہ کار سے وکلاء کو انصاف بھی ملے گا اور ان کے ساتھ اہانت آمیز سلوک کا ازالہ بھی ہوگا ۔ہمارے وکلاء کے ہڑتالوں کا دائرہ کافی وسیع ہے جس میں سوائے ان کے موکلوں کے وقت اور پیسوں کے ضیاع ٗ نیز عدالتوں کا بھی وقت ضایع کرنے کے علاوہ کوئی چھوٹا سا بھی فائدہ نہیں ۔ مثلا بلوچستان میں کسی وکیل پر مار پڑتی ہے ‘ یا کراچی کوئٹہ میں عدالت پر حملہ ہوتا ہے تو یہاں گلگت بلتستان کے وکلاء ہڑتال کر دیتے ہیں اور وہ بھی کئی کئی دن۔اور گوادر و کراچی اور کوئٹہ میں کسی وکیل یا عدالت کے ساتھ جو زیادتی ہوتی ہے ان کی سزا ہمارے وکلاء حضرات یہاں کے مقدمات میں پھنسے ہوے موکلین کو دیتے ہیں۔ یہ کتنی احمقانہ اور ظالمانہ رویہ ہے ۔ ہمارے کلاء جو قانون کی اعلیٰ ڈگریاں رکھتے ہیں یہ کیوں نہیں سوچتے کہ ملک کے کسی دور دراز میں ہونے والی بربریت کا گلگت بلتستان کے باشندوں او موکلین سے کیا تعلق ؟ ان کا کیا قصور؟ اگر حکومت نے بھی وکلاء کے ساتھ کوئی زیادتی کی ہو تو اس کی سزا موکلین کو کیوں دی جائے۔یا کوئی وکیل کچھ زیادہ سیاسی ہوتا ہے اور انتظامیہ اسے کسی قانون کے تحت گرفتار کر لیتا ہے تو پھر ہڑتال اور موکلین کو سزا۔ جبکہ ہمارے ملک کے سارے وکلاء ان کے اپنے پڑھے ہوے قانون کی رو سے ‘ شریعت اسلامی کی رو سے اور اخلاقیات کے تحت ان پر لازم ہے کہ وہ مختلف بہانوں سے اپنے مقدمات کو طویل دینے کے بجائے جتنی جلدی ممکن ہو مقدمات کو اپنے منطقی انجام تک پہنچادیں اور اپنے موکلین کوجلد از جلد انصاف دلائیں اور نہ صرف اپنے موکلین سے جو فیس وہ لے چکے ہیں یا لینے والے ہیں اسے اپنے لئے حلال کریں ساتھ موکلین کو اپنامشکور و ممنون بھی کرکے ان کی دعائیں بھی لیں۔لیکن ایسا ہمارے ہاں بالکل بھی نہیں ہوتا جو کہ نہایت افسوسناک ہے ۔ میں گلگت بلتستان کے وکلاء سے یہ توقع رکھتا ہوں کہ اگر وہ یہ کالم پڑھیں تووہ اپنے موجودہ روایات پر نظر ثانی کریں اور اپنا طریق احتجاج کو اس طرح اپنائیں کہ ان کے موکلین جو پہلے ہی مقدمات میں پھنسے ہوے بہت پریشان ہوتے ہیں ان کی پریشانیوں میں مزید اضافہ نہ ہو۔یہ حقیقت اپنی جگہ اٹل ہے کہ ان وکلاء نے بھی کل اللہ کے حضور حساب دینا ہے۔

تحریر: سید محمدعباس کاظمی

Happy
Happy
0 %
Sad
Sad
0 %
Excited
Excited
0 %
Sleepy
Sleepy
0 %
Angry
Angry
0 %
Surprise
Surprise
0 %