گلگت بلتستان کی بیٹی ثمینہ بیگ کو اقوام متحدہ میں اہم عہدہ مل گئی۔

اسلام آباد (این این آئی) اقوام متحدہ کے ترقیاتی ادارہ (یو این ڈی پی) نے معروف کوہ پیما ثمینہ بیگ کو پاکستان کیلئے اپنی خیرسگالی سفیر مقرر کر دیا ہے۔ ثمینہ بیگ ماؤنٹ ایورسٹ کو سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون ہیں جو پائیدار ترقی کے عالمی مقاصد بالخصوص تبدیلی آب وہوا، ماحول کے تحفظ اور خواتین کو بااختیار بنانے سے متعلق مقاصد کے حصول کی کوششوں میں قائدانہ کردار ادا کریں گی۔ ہفتہ کو پاکستان میں اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈنیٹر نیل بوہنے نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان کا شمار دنیا کے ان ممالک میں ہوتا ہے ۔ جنہیں تبدیلی آب وہوا کے ہاتھوں سب سے زیادہ خطرات درپیش ہیں، ان اثرات سے نمٹنے کی تیاری اور ماحولیاتی تحفظ کو باقاعدہ اداروں کی شکل دینے سے آئندہ نسلوں کے لئے معاشی ترقی کا تحفظ ممکن ہو گا۔ انہوں نے کہا پاکستان کی نصف آبادی خواتین پر مشتمل ہے جن کی نمائندگی تعلیم، افرادی قوت اور فیصلہ سازی کے عمل میں کم ہے، خواتین کو بااختیار بنانا نا صرف ایک اخلاقی تقاضا بلکہ پائیدار ترقی کیلئے بھی ناگزیر ہے۔یو این ڈی پی پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر اگنیشیو ارتذا کا کہنا تھا کہ پاکستان کی خیرسگالی سفیر کی حیثیت سے ثمینہ بیگ اپنے پروفائل کو استعمال میں لاتے ہوئے ان مسائل کو اجاگر کریں گی جن سے پاکستان کے مستقبل کی تشکیل ہو گی اور پھر ان کے ازالہ کے لئے پارٹنرشپس استوار کریں گی۔گلگت بلتستان میں پیدا ہونے والی ثمینہ بیگ بائیس سال کی عمر میں ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون بنیں۔ تئیس سال کی عمر میں وہ دنیا کے ساتوں براعظموں کی بلند ترین چوٹیوں کو سر کر چکی تھیں۔ انہیں حکومت پاکستان کی جانب سے پرائیڈ آف پرفارمنس بھی مل چکا ہے جبکہ وہ پاکستان یوتھ آؤٹ ریچ فاؤنڈیشن کی صدر بھی ہیں جو نوجوانوں بالخصوص خواتین کی آؤٹ ڈور سرگرمیوں میں حصہ لینے پر حوصلہ افزائی کیلئے سرگرم عمل ہے۔ثمینہ بیگ کا کہنا تھا کہ یو این ڈی پی کا حصہ بننا میرے لئے انتہائی اعزاز کی بات ہے۔ سات براعظموں کی سات بلند ترین چوٹیوں پر قدم رکھنے تک کوہ پیمائی کے سارے سفر کا مقصد اپنی ان مہمات کے ذریعے خواتین کو بااختیار بنانا اور صنفی مساوات کی حوصلہ افزائی کرنا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ اپنے بھائی کے ہمراہ میں نے کرہ ارض پر تبدیلی آب وہوا اور عالمی حدت سے مرتب ہونے والے شدید اثرات کا مشاہدہ کیا ہے۔ میرے لئے یہ اعزاز ہے کہ اقوام متحدہ کی قومی خیرسگالی سفیر کی حیثیت سے عالمی حدت کے تدارک پر سنجیدہ اقدامات کے لئے اٹھنے والی آوازوں میں میری آواز بھی شامل ہو گی ۔ خیرسگالی سفیر کے طور پر تعیناتی کے معاہدہ کے سلسلے میں منعقدہ تقریب میں آسٹریا کی سفیر محترمہ ڈاکٹر بریجیٹا بلاہا، اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر نیل بوہنے اور یو این ڈی پی پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر گنیشیو ارتذا نے شرکت کی۔

About TNN-GB

اپنی رائے کا اظہار کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

*

apental calc