نواز لیگ کی سیاست کرپشن کے ستونوں پر کھڑی ہے۔ سعدیہ دانش

اسلام آباد (پ۔ر) پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کی صوبائی سکریٹری اطلاعات سعدیہ دانش نے کہا ہے کہ نواز لیگ کی سیاست کرپشن کے ستونوں پر کھڑی ہے۔ جن کے قائد کرپشن کے بے تاج بادشاہ قرار پا کر نااہل ہو چکے ہیں انکی آصف علی زرداری پر تنقید خود کیچڑ میں رہ کر دوسروں پر چھینٹے اڑانے کے مترادف ہے۔تحریک عدم اعتماد اقتدار کے گھمنڈ میں مبتلا حکمرانوں کے ہوش ٹھکانے لگا دے گی۔حفیظ سرکار نے حکومت کو بادشاہت سمجھ لیا ہے اور گلگت بلتستان کے عوام سے اپنی رعایا کی طرح کا برتاو کیا جا رہا ہے۔ پیپلز پارٹی عوامی حقوق کی جنگ لڑ رہی ہے اور حکومتی کرپشن،اقربا پروری اور لاقانونیت کی راہ میں رکاوٹ بنی ہوئی ہے اس لئے صوبائی حکومت کی تمام توجہ پیپلز پارٹی پر تنقید کرنے پر مرکوز ہے ۔اگر پیپلز پارٹی کرپشن کے خلاف کمر بستہ نہ ہوتی حفیظ سرکار گلگت بلتستان کے تمام وسائل لوٹ لیتے پیپلز پارٹی کو بیماری قرار دینے والی جماعت خود سب سے بڑا سیاسی ناسور ہے۔ جس کا آغاز ضیاءالحق کے دور میں ہوا تاہم اب عدالت عظمیٰ نے کافی حد تک اسکی سرجری کی ہے اور باقی علاج انتخابات میں عوام کرینگے ۔نواز لیگ گلگت بلتستان کو جو سیٹ اپ دے رہی ہے وہ آسمان سے گرا کھجور میں اٹکا کے مترادف ہے۔قومی اسمبلی اور سینیٹ میں جاکر تماشائی کا کردار ادا کرنا ہمارے اجداد کے خوابوں کی تعبیر نہیں ہے۔وزیر اعلیٰ اور وزراء کو قومی اسمبلی اور سینیٹ میں جاکر کٹھ پتلیوں کی طرح تالیاں بجانے کا شوق ہوگا مگر گلگت بلتستان کے عوام اسے ہرگز قبول نہیں کرینگے۔ پیپلز پارٹی طاقت کا سرچشمہ عوام کو سمجھتی یے اسلئے عوامی ترقی و خوشحالی کا واضح ایجنڈا رکھتی ہے ۔جبکہ صوبائی حکومت کے نزدیک طاقت کا سرچشمہ تخت لاہور ہے اس لئے انہیں عوامی مفادات کے بجائے جاتی امراء کے مفادات عزیز ہیں ۔تاریخ گواہ ہے کہ آصف علی زرداری تمام مقدمات میں باعزت بری ہو چکے ہیں جبکہ نواز شریف کو عدليہ نے نااہل قرار دیا ہے اور عنقریب نیب سے مذید کرپشن ثابت ہونے پر اڈیالہ جیل بھیج دیا جائے گا ۔پاکستان کی عدلیہ نے چوروں کی دم پر پاوں رکھ دیا ہے اس لئے ان کی چیخ و پکار چور، مچائے شور سے زیادہ کچھ نہیں ۔گلگت بلتستان کے باشعور عوام صوبائی حکومت کے بیانات کو سنجیدہ نہیں لیتے کیونکہ اب ان پر یہ بات عیاں ہو چکی ہے کہ خالی برتن زیادہ بجتا ہے۔

About TNN-GB

اپنی رائے کا اظہار کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

*

apental calc