ایک نیااشقلہ حضرت سپیشل صوبہ۔ تحریر : میثم اینگوٹی

آزادی و خودمختاری کے خواب آنکھوں میں لئے میری کئی نسلیں آسودہ خاک ہوگئیں اور مجھ جیسے لوگوں کو ایک عمر یہ بھی معلوم نہیں تھا کہ ہم کون ہیں ؟ کیاہیں ؟ دادا مرحوم اپنا لڑکپن شملہ اور ڈلہوزی میں گزارچکےتھے اور باوجود ایک روایتی اور کٹر مسلمان ہونے کے ہندو مسلم اتحاد کے حامی نظر آتے تھے اور جب ہمارے سن شعورمیں 99 کی جنگ ہوئی تودادا مرحوم تقیسم کے عمل کو سخت کوستے تھے اورمسٹر جناح سے خفا دکھائی دیتے تھے۔ علم ،فن اورسیاست سے کوسوں دور اس دورافتادہ گاوں میں بچے بوڑھے مردوزن سب کی لبوں پر البتہ ذوالفقارعلی بھٹو کا نام احترام سےلیاجاتاتھا اور لیتے ہوئے ہمارے بزرگوں کے لبوں پر شکرکاذائقہ آجاتاتھاجو کہ یقینا چینی پر سبسڈی کاکمال تھا۔
ایف سی آر اور راجگی نظام کاخاتمہ کرکے بھٹو نے گلگت بلتستان کے عوام کادل جیت لیا اور وہ اس علاقے کے مہاتمابن گئے۔ لیکن گندم چینی اور نمک پر سبسڈی دے کر قوم کے ساتھ دھوکہ یہ ہوا کہ ان کو نہ مکمل آئینی حقوق دیے گئے نہ ہی ان کی متنازعہ حثیت بحال رہی۔ قانون باشندہ بھٹو صاحب نے ہی ختم کیاتھااور خالصہ سرکار کے نام سے جاری لوٹ ماریہی سے شروع ہوتی ہے ۔ اس کے بعد ضیاکادورظلمت شروع ہوا توان کی بھٹو دشمنی کی زد میں گلگت بلتستان بھی آیا کیونکہ ان کا پیر ذوالفقارعلی بھٹوتھااور یہ ان کے پکے مرید۔ اس دشمنی کی انتہا ایک بھیانک لشکرکشی پرہوئی۔
اس کے بعد لالی پاپ دے کر بہلانے اور ورغلانے کی ایک طویل تاریخ ہے۔ شوری کونسل میں بطور مبصرشمولیت سے لے کر زرداری کے آرڈیننس تک۔ اب گلگت بلتستان کی نئی نسل کومعلوم ہواہے کہ وہ کیاتھے اور کیاہے ؟سیاسی شعور اور اپنے حقوق کے لئے لڑنے کا جذبہ موجودہے۔ گذشتہ کئی سالوں سے نئی نسل اضطراب اور پریشان ہے وہ اس دھوکے سے مطمئن نہیں ہے خاص کر حالیہ ٹیکس ایشوپرمجھے ایک بدلاہوااور نیاگلگت بلتستان نظرآیا۔ اس بیداری اور استقامت کو ہائی جیک کرنے اور دوبارہ سے لالی پاپ دے کر بہلانے کے لئے سپیشل صوبے کا اشقلہ چھوڑدیاگیاہے۔این سی پی صوبے کے بعد سپیشل صوبہ قوم کودس سال مزید اندھیرے میں رکھنے اور دھوکہ دینے کامنصوبہ اور سی پیک حلال کرنے کا بہانہ ہے۔ قوم تاریخ کے ایک اہم موڑپرکھڑی ہے۔ آپ کامستقبل آپ کے ہاتھ میں ہے۔ مسئلہ کشمیر کاچورن پاکستانی قیادتوں میں آپ کے حقوق راہ میں اچھابکنے والا پروڈکٹ ہے لہذا اس مسئلے کے حل تک ایک آزادکشمیرطرزکاایک خودمختار گلگت بلتستان آپ کے عین مفاد میں ہے ۔ فیصلہ اپ کریں اور دیر نہ کریں کیونکہ وقت پہلے ہی بہت ضائع ہوچکاہے۔

About admin

اپنی رائے کا اظہار کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

*

apental calc