کرونا وائرس کا شکار ہونے کے باوجود چئیرمین قائمہ کمیٹی گلگت بلتستان کونسل اشرف صدا نے پانچ اگست کے حوالے سے مودی سرکار کے خلاف اپنا بڑا بیان دے دیا

سکردو(پ ر)مسلم لیگ ن گلگت بلتستان کے صوبائی ترجمان و چئیرمین قائمہ کمیٹی گلگت بلتستان کونسل اشرف صدا نے پانچ اگست کے حوالے سے جاری کئے گئے اپنے اک خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ پانچ اگست بھارت کی چھاتی میں زہریلی کیل ثابت ہوگا۔
ہندوستان کی انتہا پسند حکومت دنیا کے امن کے لئے خطرناک ہے۔ کشمیر پر تیسری عالمی جنگ چھڑ سکتی ہے ۔ دنیا مودی کو روکے یا تباہی کے لئے تیار ہو جائے۔ ہندوستان نے تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات خراب کر کے خطے میں خود کو تنہا کر دیا ہے۔کشمیریوں کی جدوجہد، عزم و حوصلے اور پاکستان و آزادی کے ساتھ لازوال محبت و قربانی کو گلگت بلتستان کے عوام کی جانب سے سلام پیش کرتے ہیں ۔اشرف صدا نے کہا ہے کہ ہندوستان نے پانچ اگست 2019 کو آریکل 370 اور 35-A کا خاتمہ کر کے بظاہر اپنی مکاری کے زریعے وقتی کامیابی پر خوشی منائی مگر وقت ثابت کرے گا کہ ہندوستان کا یہ قدم خود کشی اور ہندوستان کی تقسیم کا نقطہ آغاز ہوگا۔مودی کچھ طاقتوں کا آلہ کار و سہولت کار بن چکا ہے اور بغیر سوچے طلوع ہوا ہے اب انشااللہ مودی کو غروب ہونے کے لئے بھی جگہ نصیب نہیں ہوگی۔خطے میں نہایت تیزی سے بدلتے ہوئے حالات بتا رہے ہیں کہ عالمی سطح پر نئی صف بندی یقینی ہے اور یہ صدی ایشیا کی صدی بننے جارہی ہے تاہم تاریخ اس بات کا بھی شاہد رہے گا کہ مشرق سے ابھرتے ہوئے سورج کے وقت ہندوستان مغرب کا آلہ کار بن کر اک سہولت کار کا کردار ادا کر رہا تھا۔پاکستان کو صبح شام دھمکی دینے والا مودی اور ہندوستان کی انتہاپسند حکومت اپنے بچھائے ہوئے جال میں خود بری طرح پھنس چکا ہے ۔اور آگے آگ اور پیچھے کھائی کے مصداق بے بسی کی مثال بن گیا ہے۔حریت پسند کشمیریوں نے اک سال مسلسل کرفیو و ظلم و استبعداد کا دلیری کے ساتھ سامنا کر کے یہ ثابت کیا ہے کہ خطہ کشمیر پر غاصبانہ قبضہ ممکن نہیں۔ ہندوستان کشمیر میں لاکھوں کی تعداد میں باہر سے لاکر ہندؤوں کو بسانے کے منصوبے پر عمل پیرا ہے اور اس بابت عالمی اقوام و اداروں کی مجرمانہ خاموشی حیران کن ہے۔اشرف صدا نے کہا ہے کہ پاکستان کی موجودہ حکومت سے کشمیر اور کشمیر کاز کے لئے کسی بھی قسم کی جرات مندانہ اقدام کی توقع رکھنا عبث ہے۔ تا ہم مودی سرکار کی پے درپے غلطیوں سے آزادی کشمیر کے لئے راستے کھل سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ بہتر سالوں میں پاکستان سمیت کسی ملک نے ہندوستان کو اتنا نقصان نہیں پہنچایا جتنا مودی اور اسکی انتہا پسند سوچ نے گزشتہ چند سالوں میں ہندوستان کا نقصان کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسوقت نہ صرف پاکستان بلکہ پورا خطہ حالت جنگ میں ہے اور گلگت بلتستان سی پیک اور اپنی جغرافیائی حساسیت و اہمیت کی وجہ سے نہایت ہی اہمیت و حساسیت کا حامل خطہ ہے اور اس خطے کے عظیم باسیوں نے تاریخ پاکستان کے ہر اہم موڑ پر حیران کن جذبہ قربانی کی مثالیں رقم کیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے غیور عوام اس خطے میں اپنی مسلح افواج کی جنگی صلاحیتوں اور حکمت عملیوں پر مکمل اعتماد کرتے ہوئے کسی بھی صورتحال میں اپنی فوج کی پشت پر کھڑی ہے۔ مسلح افواج ۂماری دفاع کی آخری لکیر ہے اور اس لکیر کی حفاظت ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔آج بھی گلگت بلتستان کے غیور و محب وطن عوام اپنی ازلی دشمن سے گلگت بلتستان کے اک اک انچ کی دفاع کے لئے آمادہ و تیار ہیں۔ اشرف صدا نے موجودہ حالات کے تناظر میں گلگت بلتستان کی نگراں حکومت ،سرکاری محکمہ جات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر زور دیا ہے کہ گلگت بلتستان میں امن وامان ،انصاف ،صحت، تعلیم، باہمی اخوت و مزہبی ہم آہنگی اور شہریوں کو خوراک و بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنائیں اور اس بابت سابقہ صوبائی حکومت کی مثالی حکمت عملی سے استفادہ کیا جائے۔

About TNN-ISB

اپنی رائے کا اظہار کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

*

apental calc