سرتاج عزیز کمیٹی کی سفارشات پر عملدرآمد کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ حفیظ الرحمان ہیں،سعدیہ دانش

گلگت (ٹی این این ) پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کی صوبائی سکریٹری اطلاعات سعدیہ دانش نے کہا کہ سرتاج عزیز کمیٹی کی سفارشات پر عملدرآمد کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ وزیر اعلیٰ خود ہیں۔۔گورنر گلگت بلتستان کو بھی اپنے اختیارات اور گلگت بلتستان سے متعلق کوئی علم نہیں۔نواز لیگ کے پانچ سالہ دور اقتدار میں اس کمیٹی کی سفارشات پر عملدرآمد کی مخالفت کرنے والے حفیظ الرحمٰن کو آج سرتاج عزیز کمیٹی کی سفارشات یاد آنا سیاسی منافقت کے سوا کچھ نہیں۔وزیر اعلیٰ کے بیانات سانپ گزرنے کے بعد لکیر پیٹنے کے مترادف ہیں۔حفیظ الرحمٰن کو گلگت بلتستان کے عوام سے کوئی ہمدردی ہوتی تو اس وقت ڈی چوک پر اجلاس بلاتے جب وفاق میں انکی اپنی جماعت کی حکومت تھی لیکن اس وقت وزیر اعلیٰ اور وزراء کو بدترین کرپشن سے فرصت ہی نہیں تھی۔آج بھی جب گلگت بلتستان کے بہت سے اضلاع زلزلے،طوفانی برفباری اور شدید سردی سے متاثر ہیں اور عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں ایسے میں وزیر اعلیٰ اور وزراء سیر سپاٹوں میں مصروف ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ گورنر گلگت بلتستان محض مراعات اور پروٹوکول تک محدود ہے انہیں اپنے اختیارات اور گلگت بلتستان کے اہم ترین معاملات سے متعلق کوئی علم ہی نہیں ہے۔ وفاقی حکومت کے نمائیندے کے طور پر انہیں وفاق میں گلگت بلتستان کے آئینی معاملات اور ترقیاتی بجٹ کی کٹوتی سے متعلق گلگت بلتستان کی آواز بننا چاہئے تھا مگر بدقسمتی سے ان میں جرات اظہار ہی نہیں ہے اسی طرح تحریک انصاف کی صوبائی قیادت بھی نا اہل ثابت ہوئی ہے آئینی حقوق کے حوالے سے زمین اور آسمان کے قلابے ملانے والوں کو بھی سانپ سونگھ گیا ہے اور اپنی مرکزی قیادت کے سامنے گلگت بلتستان کے حوالے سے بات کرنے کی جرات نہ رکھنے والوں کو یہاں کے عوام کی نمائندگی کا کوئی حق نہیں ہے انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی نے گورننس امپاورمنٹ آرڈر کے تحت گلگت بلتستان کو جو آئینی اور انتظامی اختیارات دئے تھے اسکے بعد اب تک نواز لیگ اور تحریک انصاف کو ایک قدم بھی آگے بڑھنے کی توفیق نہیں ہوئی۔گلگت بلتستان کے عوام کو آئندہ بھی مزید بہتر آئینی اور انتظامی اختیارات پاکستان پیپلز پارٹی ہی دے گی اور اس حوالے سے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو اپنا موقف بار بار واضح کر چکے ہیں۔

About TNN-ISB

اپنی رائے کا اظہار کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

*

apental calc