نواز شریف سیاسی کینسر بن چکے ہیں ملک اور جمہوریت کی بقا و استحکام کی خاطر انکو سیاسی منظر نامے سے ہٹا دینا ضروری ہوچکا ہے۔

گلگت(تحریر نیوز ) پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کی صوبائی سکریٹری اطلاعات سعدیہ دانش نے کہا ہے کہ نواز لیگ بد عنوانیت کی خاطر جمہوریت کو داو پر لگا رہی ہے۔جمہوریت کا سرچشمہ جاتی امرا نہیں بلکہ گھڑی خدا بخش ہے۔نواز شریف سیاسی کینسر بن چکے ہیں ملک اور جمہوریت کی بقا و استحکام کی خاطر انکو سیاسی منظر نامے سے ہٹا دینا ضروری ہوچکا ہے۔پیپلز پارٹی کے قائدین اور کارکنوں نے قربانیاں دے کر ملک اور جمہوریت کو بچایا جبکہ نواز لیگ ملک اور جمہوریت کی قیمت پر نواز شریف کی بقا کی جنگ لڑ رہی ہے۔صبح شام عدلیہ اور ملکی سلامتی کے ذمہ دار اداروں پر الزامات عائد کرنے والے ارض پاک کے وفادار نہیں ہوسکتے۔ایک کرپٹ ترین شخص کو ملک کا وزیر خزانہ بنا کر معیشت کا بیڑہ غرق کیا گیا ہے۔اور ایسے اشخاص کو پنجاب کا وزیر اعلی اور وزیر قانون بنایا ہوا ہے جن پر متعدد افراد کے قتل کے الزامات عائد ہیں اور ایف آئی آر درج ہیں۔بتایا جائے کہ ملک و قوم کو کس بات کی سزا دی جا رہی ہے۔نواز لیگ اپنے رویئے بدلنے کے بجائے قانون بدل رہی ہے۔اسطرح کے اقدامات جمہوری نہیں بلکہ جنگل کا قانون ہیں۔پانامہ اور اقامہ بہانہ نہیں بلکہ نواز شریف کا اعمال نامہ اور نااہلی کا پروانہ تھا۔پیپلزپارٹی نے اپنے قائدین اور ہزاروں کارکنوں کی شہادت کے باوجود کبھی ملک کے خلاف بات نہیں کی بلکہ پاکستان کھپے کا نعرہ لگا کر ملکی سلامتی اور استحکام کو یقینی بنایا۔مگر آج نواز شریف کی نااہلی پر نواز لیگی وزراء ملکی سلامتی کے خلاف برسرپیکار ہوچکے ہیں۔دراصل آمریت کے پروردہ جمہوریت کے مفہوم سے ناآشنا ہیں۔جمہوریت قربانیاں مانگتی ہے۔جمہوریت عوام میں رہ کر ملک و قوم پر جان نچھاور کرنے کا نام ہے نہ کہ ڈکٹیٹر سے دس سالہ معاہدہ کر کے ملک سے فرار ہونے کا۔جمہوریت عوام کی خدمت کا نام ہے نہ کہ محض حکومت کرنے کا۔جمہوریت میرٹ کا نام ہے نہ کہ کرپشن کا۔ جمہوریت نظام کی بقا کا نام ہے نہ کہ فرد واحد کا۔ جمہوریت سچائی اور اعتدال پسندی کا نام ہے نہ کہ جھوٹ اور ڈھٹائی کا۔جو لوگ مشکل وقت میں جان بچا کر بھاگ نکلے تھے انکو جمہوریت کی قدر و قیمت کا اندازہ نہیں ہو سکتا بلکہ جمہوریت کا چہرہ جن کے لہو کی سرخی سے روشن ہے وہ جمہوریت کے علمبردار اور محافظ ہیں۔اب یہ بات پوری قوم پر آشکار ہو چکی ہے کہ نواز لیگ جمہوریت کے ماتھے ہر آمریت کا بدنما داغ اور پیپلز پارٹی جمہوریت کے ماتھے کا حَسِین جھومر ہے۔

About admin

اپنی رائے کا اظہار کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

*

apental calc