تازہ ترین

ایک مہذب معاشرے کی تشکیل میں قانون کا عمل دخل۔۔

راولپنڈی سے اسلام آباد کیلئے ٹیکسی بک کریں اور ٹیکسی ڈرائیور پہ نظر رکھیں ۔ جوں ہی اسلام آباد کی حدود میں آپ داخل ہونے لگیں گے تو آپ نہ صرف ڈرائیور کو سیٹ بیلٹ باندھتے ہوئے دیکھیں گے بلکہ اس کے ڈرائیو کرنے کے انداز میں بھی خاصی تبدیلی محسوس کریں گے
چائنیز جب شروع شروع میں پاکستان آئے تھے تو ان کے بڑے چرچے تھے کہ وہ قانون کی کتنی پاسداری کرتے ہیں ، کرپشن اور کرپٹ پرکٹسز سے ان کا دور دور تک کوئی تعلق نظر نہیں آتا تھا ۔ کہتے ہیں خربوزے کو دیکھ کر خربوزہ رنگ پکڑتا ہے ، اب دو ہی راستے تھے یا تو ہم پاکستانی ان سے کچھ سیکھتے یا پھر چائنیز ہم پاکستانیوں سے۔ چنانچہ ہمارے مقابلے ان کی تعداد آٹے میں نمک کے برابر تھی اور پاکستانی قوانین میں موجود گنجائش بھی کسی حد تک اثر کر گئی تو مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے چائنیز ہمارے رنگ میں رنگ گئے یوں آہستہ آہستہ وہ بھی کرپشن اور کرپٹ پرکٹسز کے عادی ہوتے گئے ۔ میگا پراجکٹس میں ہمارے لوگوں کیساتھ مل کر کرپشن کرنا تو معمول کا حصہ تھا ہی مگر حالیہ دنوں نیوز چینلز اود اخبارات کے زریعے جو چیزیں دیکھنے اور سننے میں آرہی ہیں وہ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے ۔ اب کی بار چائنیز نے نہ صرف ہمارے ریاستی قوانین کا غلط فائدہ اٹھایا بلکہ اسلام قبول کرنے کا جھٹا ڈھونک رچا کر عزتوں کو بھی پامال کیا ۔
جب کوئی غیر ملکی ٹوریسٹ چلتے چلتے جوس پینے کے بعد خالی ڈبہ روڈ پہ پھینکنے کے بجائے اپنے بیگ میں ڈالتا ہے تو ہم صفائی کو نصف ایمان کہنے والوں اور جوس کے خالی ڈبے کو چلتی گاڑی کے ٹائیر کے نیچے پھینک کر ٹھاہ کی آواز سننے کے شوقین لوگوں کو یہ سب عجیب لگتا ہے اور ہم اندر ہی اندر شرمندگی بھی محسوس کرنے لگتے ہیں ۔
ایسا کیوں ہے کہ پنڈی سے اسلام آباد جانے والا ٹیکسی ڈرائیور بیک وقت دو روپ دکھاتا ہے اور ایک خاص مقام پہ وہ مہذب نظر آنے لگتا ہے ؟؟۔ وہ چائنیز جو پاکستان آنے کے بعد ایک عرصے تک مہذب نظر آتے تھے ، گزرتے وقت کے ساتھ ساتھ غیر مہذب کیسے ہوگئے ؟؟۔انگریز جوس کے ڈبے کو روڈ پہ پھینکنے کے بجائے اپنے بیگ میں ڈال کر اسے پھینکنے کیلیے موضوع جگہ کی تلاش کیوں کر کرتا ہے ؟ کیا یہ عادتیں اسے بائی برتھ ملی ہیں ؟؟
بعید نہیں کہ اگر جوس کا خالی ڈبہ ہاتھ میں لیکر ڈسٹ بین اور موضوع جگے کی تلاش کرنے والا انگریز اگر ہمارے ساتھ ایک لمبا عرصہ گزارے تو وہ بھی ڈسٹ بین کے بجائے چلتی گاڑی کے ٹائر کے نیچے ڈبہ کو پھینک کر ٹھاہ کی آواز سن کر لطف اندوز ہونے لگے ۔
کوئی معاشرہ از خود مہذب نہیں ہوتا ، نہ ہی مہذب ہونے کے پیچھے مزہب کا زیادہ عمل دخل ہوتا ہے اگر مہزب معاشرہ کا قیام مزہب سے ہوتا تو اسلام کے نام پہ قائم مملکتیں آج اخلاقی اقدار میں نمونہ عمل ہوتی مگر جس دور میں ہم جی رہے ہیں ہمارےحالات اسلامی اقدار سے یکسر مختلف ہیں۔
جھوٹ ،فریب، دھوکھہ دہی ، ناپ تول میں دو نمبری ، قتل و غارت گری ، اصولوں پہ سودے بازی اور معاملات میں دوغلا پنی میں بحیثیت قوم ہم نمبر ون ہیں اور کوئی غیر مسلم معاشرہ ان معاملات میں ہمارا مقابلہ کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتا مگر ہمیں یہ پڑھایا گیا ہے کہ کہ ہمارے اعمال جو مرضی ہوں ہمارا ایمان ہمیں جنت کی جانب کھینچ کر لے جاے گا اور غیر مسلموں کا ٹھکانہ جہنم ہی ہے چاہے ان کے اعمال اسلام کے عین مطابق ہی کیوں نہ ہوں ۔
انفرادی عادتیں ہوں یا اجتماعی ہمارے مُعاشرے کو تباہی کے کنارے کھڑا کرنے میں جو وجوہات سرِ فہرست ہیں،ان میں سے ایک بڑی وجہ سزا و جزا کے قوانین پہ عملدرآمد نہ ہونا ہے، لاقانونیت ہمارے مُعاشرے میں اپنی جڑیں اتنی مضبوط کر چکی ہے کہ اب یہ ایک قد آور درخت بن چکا ہے اور مُعاشرے کا تقریباً ہر طبقہ اس کی لپیٹ میں ہے۔ جھوٹ دھوکہ دہی ، چوری چگلی اور قتل و غارت گری کرتے ہوئے کوئی پکڑا جائے تو بڑے اطمینان سے کہنے لگتا ہے بھی پاکستان ہے، سب چلتا ہے!!!
اور جب تک سب چلتا ہے کو قانون کے زریعے لوگوں کے زہنوں سے نہ نکالا جائے گا تب تک ایک مہزب معاشرے کا خواب ، خواب ہی رہے گا

تحریر : ایڈوکیٹ حیدر سلطان

About TNN-GB

اپنی رائے کا اظہار کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

*