تازہ ترین

جو وزیر کارکردگی نہیں دکھائے گا اس کو بدل دوں گا۔ وزیر اعظم عمران خان

اورکزئی(مانیٹرنگ ڈیسک/ٹی این این)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اپنی ٹیم کا بیٹنگ آرڈر تبدیل کیا ہے اور آئندہ بھی کروں گا،جو وزیر کارکردگی نہیں دکھائے گا اس کو بدل دوں گا، میں نے اپنی ٹیم پر کڑی نظر رکھی ہے۔اورکزئی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ 27سال قبل اس علاقےمیں آیا تھا ،واحد پاکستانی سیاستدان ہوں جو ان علاقوں کو جانتا تھا اس لئے کہاتھا کہ پاک فوج کو قبائلی علاقے میں نہ بھیجا جائے، قبائلی علاقوں میں اس جنگ سے تباہی مچی،سارا قصورحکمرانوں کا تھا جس نے امریکہ کا کہنا مانااور فوج کو قبائلی علاقوں میں بھیجا۔
وزیراعظم نے کہا کہ جنگ کی وجہ سےلوگوں کو بڑی تعداد میں نقل مکانی کرنا پڑی جس سے مشکلات بڑھیں،یقین دلاتا ہوں قبائلی علاقوں میں ہونے والے نقصانات کو پورا کرنےکی کوشش کریں گے،ہم نے قبائلی علاقے کے لوگوں کو ترقی دینی ہے، جب جنگ ہوتی ہے تو بے قصورلوگ مارے جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پختون تحفظ موومنٹ والےٹھیک بات کرتے ہیں لیکن ان کا لہجہ پاکستان کیلئے ٹھیک نہیں ہے،لوگوں کو فوج کے خلاف کرنا پاکستان کے نقصان میں ہے، پی ٹی ایم پشتونوں کی تکلیف کی بات کرتی ہے، لوگوں کو واقعی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، یہی باتیں میں 15 سال سے کررہا ہوں۔عمران خان نے کہاکہ پی ٹی ایم لوگوں کو بھڑکانے کی بجائے مسئلے کا حل پیش کرے،ایسا نہیں ہوسکتا ہے کہ صرف لوگوں کو ظلم کے خلاف بھڑکایا جائےاور پھرکوئی حل پیش نہ کرے،لوگوں کو اپنی فوج کے خلاف کرنے سے ملک کو اور قبائلی علاقوں کو کیا فائدہ ہوگا، سوچنا چاہیے کہ آگے کیسے بڑھنا اور حالات کیسےبہتر کرنا ہے، حل یہ ہے کہ ظلم کا شکار لوگوں کے زخموں پر مرہم رکھنا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ مشرف نے شریف خاندان اور آصف زرداری کو این آر او دیا، جس کے بعد ملک غریب اور یہ خاندان امیرہوتے گئے،لندن میں بیٹھا نوازشریف کا بیٹا کہتا ہے وہ پاکستانی نہیں اورجوابدہ نہیں، اب شہباز شریف اوراس کے بچوں کی کرپشن اورمنی لانڈرنگ سامنے آ گئی ہے۔عمران خان نے کہا کہ جب سے حکومت آئی ہے یہ کہہ رہے ہیں کہ حکومت ناکام ہو گئی، آٹھ ماہ میں کیا جرم کیا ہے کہ حکومت گرادیں، نوجوانوں نے کرپٹ لوگوں کو آگے سے سیاست میں نہیں آنے دینا، اپوزیشن کو ڈر ہے کہ عمران خان دو سال بھی حکومت میں رہ گیا تو یہ سب جیل میں ہوں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ میرا صرف ایک مقصد ہے اپنی قوم کو اٹھاؤں، اس لئے اپنی ٹیم میں تبدیلی کی ہے اور آگے بھی کروں گا، اپنے وزیروں کو کہتا ہوں کہ جو میرے ملک کیلئے فائدہ مند نہیں ہو گا اس کو تبدیل کر دوں گا۔وزیراعظم نے پنجاب اور خیبرپختونخوا کے وزراء اعلیٰ کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اپنی ٹیم پرنظر رکھنا ہمارا کام ہے، کسی بھی کھلاڑی نے کارکردگی نہیں دکھائی تو اسے تبدیل کردوں گا، میں نے اپنی ٹیم میں بھی بیٹنگ آرڈر تبدیل کیا ہے۔

About TNN-GB

اپنی رائے کا اظہار کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

*