تازہ ترین

بھارت گلگت بلتستان میں سی پیک منصوبوں کو نشانہ بنا سکتی ہے

اسلام آباد(زاہد حلیم)وزارت داخلہ نے گلگت بلتستان کی حکومت سے علاقے میں پاکستان چین اقتصادی راہداری کے حوالے سے جاری منصوبوں کی سکیورٹی کو مزید سخت کرنے کے لیے کہا ہے۔

اس ضمن میں وزارت داخلہ نے حکم نامہ جاری کرتے ہوئے گلگت بلتستان کی حکومت کو سکیورٹی سخت کرنے کی تاکید کی ہے۔ وزارت داخلہ کی تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ بعض ملک دشمن خفیہ اداروں جن میں انڈیا کی خفیہ ایجنسی را اور افغانستان کی این ڈی ایس شامل ہے نے گلگت بلتستان میں سی پیک کے حوالے سے جاری منصوبوں کو نقصان پہنچانے کی مبینہ منصوبہ بندی کر رکھی ہے لہذا اس خطرے کے پیش نظر سی پیک کے تمام منصوبوں کی حفاظت کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں۔

بھارت ماضی میں بھی سی پیک کا مخالف رہا ہے اور خصوصی طور پر گلگت بلتستان میں اس حوالے سے جاری منصوبوں پر اعتراضات اٹھائے تھے جنھیں چین نے مسترد کر دیا تھا۔ وزارت داخلہ کی جانب سے جاری حکم نامے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بھی کہا گیا ہے کہ وہ اس ضمن میں سکیورٹی انتظامات کو سخت کریں، گشت بڑھا دیں اور مشتبہ افراد پر گہری نظر رکھیں۔

واضح رہے کہ حکومت یہ الزام لگاتی رہی ہے کہ پاکستان میں ہونے والے شدت پسند حملوں میں انڈین خفیہ ایجنسی را اور افغان خفیہ ادارے این ڈی ایس کا ہاتھ ہے۔

About TNN-ISB

اپنی رائے کا اظہار کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

*