مسلمانوں سے اظہار ہمدردی ، نیوزی لینڈ کی پارلیمنٹ کا اجلاس تلاوت کلام پاک سے ہوا۔

0 0

ویلنگٹن(آن لائن/ٹی این این) کرائسٹ چرچ دہشت گردی کے تناظر میں نیوزی لینڈ کی پارلیمنٹ کا اجلاس تلاوت کلام پاک سے ہوا۔تفصیلات کے مطابق سانحہ کرائسٹ چرچ کے بعد نیوزی لینڈ کی پارلیمنٹ کے پہلے اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا۔ وزیراعظم نیوزی لینڈ جیسنڈا آرڈن نے اپنی تقریر کا آغاز السلام وعلیکم سے کیا۔ انہوں نے سانحہ کے متاثرین سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ جبکہ اپوزیشن اور حکومتی ارکان نے متاثرین کے سوگ میں ایک منٹ کی خاموشی اختیارکی۔
پارلیمنٹ کے خصوصی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے جیسنڈا آرڈن نے کہا کہ حملہ کرنے والے شخص کے خلاف قانون کے تحت کارروائی ہوگی۔ حملہ آور دہشت گرد، مجرم اورانتہا پسند ہے لیکن وہ بے نام ونشان رہے گا۔ آپ مجھے اس کا نام لیتے ہوئے نہیں سنیں گے۔ ان لوگوں کا نام لینا چاہئے جنہوں نے جان گنوا دی۔ نیوزی لینڈ میں اسے کچھ نہیں ملیں گا۔ یہاں تک کے ہم اسے نام بھی نہیں دیں گے۔
اجلاس کے دوران بہادر پاکستانی شہری نعیم رشید کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ وزیراعظم نیوزی لینڈ نے کہا کہ نعیم راشد جن کا تعلق پاکستان سے ہے۔ حملہ آور سے بندوق چھیننے کی دوڑ میں شہید ہوگئے۔ انہوں نے مسجد کے اندر عبادت کرنے والے لوگوں کو بچانے کے لیے اپنی جان گنوا دی۔ مرنے والوں کا تعلق اس مذہب سے تھا جو کشادہ دل کے ساتھ سب کا استقبال کرتے ہیں۔
وزیراعظم جسنڈا آرڈن نے کہا حاجی داد نبی 71 سال کا ایک شخص تھا۔ جس نے النور مسجد کا دروازہ ان الفاظ کے ساتھ کھولا “ہیلو برادر خوش آمدید”۔ یہ اس کے آخری الفاظ تھے۔ ان کا استقبال کا طریقہ بتاتا ہے کہ وہ ایسے مذہب کے رکن تھے جو تمام لوگوں کو کشادہ دل اور فکر کے ساتھ خوش آمدید کہتا ہے۔
نیوزی لینڈ کی وزیراعظم نے کہا کہ لواحقین جنازے جہاں بھی لے جانا چاہیں اخراجات حکومت ادا کرے گی۔ دہشت گرد حملے کی تہہ تک پہنچنے کی کوشش کریں گے جب کہ ملک میں ہائی الرٹ برقرار ہے۔ مساجد پر حملہ کرنے والے شخص کے خلاف قانون کے تحت کارروائی ہو گی۔
واضح رہے کہ 15مارچ کو نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی دومساجد میں سفید فارم عیسائی دہشت گرد نے نماز جمعہ کے دوران فائرنگ کرکے 50مسلمانوں کو شہید کردیا تھا، شہدا میں نو پاکستانی بھی شامل ہیں۔

Happy
Happy
0 %
Sad
Sad
0 %
Excited
Excited
0 %
Sleepy
Sleepy
0 %
Angry
Angry
0 %
Surprise
Surprise
0 %
× News website