نوجوت سنگھ سدھو نے کرتاپور راہداری کے حوالے سے پاک بھارت وزرائے اعظم کو خط لکھ دیا۔

0 0

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک/ٹی این این)سابق بھارتی کرکٹر اور سیاستدان نوجوت سنگھ سدھو نے کرتارپور راہداری کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان اور بھارتی وزیراعظم نریندر سنگھ مودی کو خط لکھ دیا، جس میں راہداری پر جاری کام کے حوالے سے تجاویز دی گئی ہیں۔اپنے خط میں سدھو کا کہنا تھا کہ اس علاقے اور مقام سے دنیا بھر کے سکھوں کے گہری جذباتی وابستگی ہے اور بابا گرو نانک کی ساڑھے 5 سو سالہ تقریبات کے موقع پر دنیا بھر سے سکھ یہاں آنا چاہیں گے، لہذا گوردوارہ کی تاریخی اور مذہبی اہمیت کے پیش نظر سہولیات کی فراہمی کے کام پر نظرثانی کی جائے۔
خط میں تجویز دی گئی ہے کہ بزرگوں اور معذوروں کے علاوہ دیگر عمومی آمد و رفت پیدل رکھی جائے۔
سدھو نے یہ تجویز بھی دی ہے کہ یاتریوں کی سہولت کے لیے وہاں کھانے پینے اور خریداری کے اسٹالز کی بجائے روایتی جگہیں بنائی جائیں۔
مزید کہا گیا کہ نئے تعمیراتی کام میں کرتارپور کی روایتی ثقافتی تاریخ کو محفوظ رکھنے پر توجہ دینے کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی نظام کو کم سے کم متاثر ہونے کو بھی یقینی بنایا جائے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے گذشتہ برس 28 نومبر کو کرتارپور راہداری کا سنگ بنیاد رکھا تھا۔
سنگ بنیاد رکھے جانے کی تقریب میں بھارت کی نمائندگی وزیر خوراک ہرسمرت کور اور وزیر تعمیرات ہردیپ سنگھ نے کی تھی، جبکہ سابق بھارتی کرکٹر و سیاستدان نوجوت سنگھ سدھو نے خصوصی طور پر شرکت کی تھی۔
کرتارپور راہداری منصوبہ پاکستان، گوردوارہ صاحب سے سرحد تک اپنی حدود میں کرتارپور کوریڈور فیز ون میں ساڑھے 4 کلو میٹر سڑک تعمیر کرے گا، اسی طرح بھارت بھی اپنی حدود میں سرحد تک راہداری بنائے گا۔
منصوبہ مکمل ہونے پر یاتریوں کو کرتارپور کے لیے ویزے کی ضرورت نہیں پڑے گی تاہم اس حوالے سے دونوں ممالک کے درمیان حتمی بات چیت ہونا باقی ہے۔
پہلے مرحلے میں دریائے راوی پر 800 میٹر پل، پارکنگ ایریا، سیلاب سے بچاؤ کے لیے فلڈ پروٹیکشن بند اور گوردوارہ کمپلیکس کی تعمیرنو کی جائے گی جب کہ گوردوارہ دربار صاحب میں بارڈر ٹرمینل کی تعمیر بھی منصوبے کا حصہ ہے۔
دوسرے مرحلے میں گوردوارہ دربار صاحب میں اضافی رہائش کی تعمیر ہوگی، یاتریوں کو ویزہ فری انٹری، بس سروس، میڈیکل کی سہولت، ٹک شاپ، فلاور شاپ، کیفے ٹیریا اور لائبریری کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

Happy
Happy
0 %
Sad
Sad
0 %
Excited
Excited
0 %
Sleepy
Sleepy
0 %
Angry
Angry
0 %
Surprise
Surprise
0 %
× News website