تازہ ترین

سیپ اساتذہ کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی حکومت کی نااہلی اور ان ملازمین کے ساتھ ظلم ہے۔ امجد ایڈوکیٹ

سکردو(پ۔ر) پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے صوبائی صدر امجد ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ سیپ اساتذہ کو آٹھ ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی صوبائی حکومت کی نااہلی اور ان ملازمین کے ساتھ ظلم ہے۔سکردو میں سیپ اساتذہ کے وفد نے پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے صدر امجد ایڈوکیٹ سے ملاقات کی اور صوبائی حکومت کی جانب سے کی جانے والی زیادتیوں کے خلاف آواز اٹھانے کی درخواست کی۔متاثرین کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے امجد ایڈوکیٹ نے کہا کہ ملازمین کی تنخواہیں روکنا انکے گھروں کے چولہے ٹھنڈے کرنے کے مترادف ہے۔حکومت کا بنیادی فرض ہے کہ وہ ملازمین کو تنخواہوں کی بروقت ادائیگی یقینی بنائے۔ان ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی نہ کی گئی تو آنے والے شدید سردی کے مہینوں میں انکی مشکلات میں اضافہ ہوگا۔حفیظ الرحمٰن گلگت بلتستان کے عوام سے جینے کا بنیادی حق چھین رہے ہیں۔پیپلز پارٹی نے ہر دور میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں خاطر خواہ اضافہ کیا ہے مگر حفیظ الرحمٰن کو بدترین کرپشن اور اقربا پروری سے فرصت ہی نہیں ہے۔پیپلز پارٹی گلگت بلتستان سرکاری ملازمین اور یہاں کے عوام کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کے خلاف شدید مزاحمت کرے گی اور انکے ساتھ کھڑی ہے۔صوبائی حکومت نے گلگت بلتستان کے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے اور ہر طرف بے یقینی اور اضطراب پایا جاتا ہے۔ہم محروم اور مظلوم طبقات کے لئے کمر کس کے میدان میں نکلے ہیں اور انکے حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں

  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  

About TNN-Gilgit

اپنی رائے کا اظہار کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

*